اسلام آباد: احتجاجی مظاہرین نے سوہان پر درختوں کو آگ لگا دی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ترامڑی چوک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے لیکن سوہان کے مقام پر ٹریفک بلاک ہے کیونکہ احتجاجی مظاہرین نے درختوں کو آگ لگا دی ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ہر ممکن طریقے سے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہیں، مظاہرین بھی پر امن رہیں، خلاف قانون کام نہ کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے کچھ دیر قبل شہریوں سے اپیل کی تھی کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب برتیں۔ پولیس نے احتجاجی مظاہرین سے بھی اپیل کی تھی کہ وہ اسپتال کے راستے بھی کھلے رکھیں۔
پولیس کے مطابق ہر طرح کا پرامن احتجاج کرنا قانونی حق ہے لیکن راستے بند کرنا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا خلاف قانون عمل ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے توشہ خان کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت میں رکاوٹ پیش آرہی ہے، گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں