میرا وطن ڈوب رہا ہے۔۔زید محسن

وطن عزیز کے نقشے پر ذرا نگاہ ڈالی جائے تو ایک بڑا حصہ زیر آب نظر آتا ہے۔ہر جگہ عجیب حالات پیدا ہوگئے ہیں ہزاروں نفوس کی جان جوکھوں میں ہے ٬ بستیوں کی بستیاں٬ گاؤں کے گاؤں برباد ہو گئے ہیں ٬ کھیتیاں اور جانور بھی تباہی سے محفوظ نہیں ٬ لوگوں کے پاس نہ کھانے کو روٹی اور نہ سر ڈھانپنے کو چھت ہے ٬ بے سر و سامانی کے اس عذاب نے جہاں قوم کو جھنجھوڑا ہے وہیں قوم کے سامنے انکے لیڈروں کی حقیقت کا پردہ  بھی فاش کر دیا ہے ٬ جن میں سے کچھ قطر ٬ کچھ ترکی ٬ کچھ کینیڈا اور اکثر لندن و دبئئ کی سازگار فضاؤں میں سسکتی قوم کو چھوڑ کر گلچھڑے اڑا رہے ہیں۔
لیکن اب اس شکایت کا شاید کوئی فائدہ نہ ہو۔۔
شاید  ہی لوگوں کی آنکھوں پر پڑی لسانی ٬ علاقائی اور گروہی تعصب کی پٹی کو ہٹ سکے۔

Advertisements
julia rana solicitors

اس لئے انتظامات کی کمی سے صرفِِ نظر کر کے ٬ منتظمین کی عدم توجہی سے ذرا ہٹ کے اور وسائل کی کمی، مسائل کی زیادتی کی باتوں سے ذرا دور رہ کے “من حیث القوم” اس دور پُر آشوب   میں حسبِ استطاعت اپنا کردار ادا کیجئے۔
یاد رکھیے!
یہ سرخ رنگی علاقے سرخ خون کی طرف اشارہ کر رہے ہیں ٬ جہاں کے رہنے والوں میں روز کئی افراد اپنے خون کی سرخی سے حکمرانوں کی نا اہلی ٬ اور لوگوں کی عدم توجہی کی تاریخ لکھ رہے ہیں۔اور پوچھ رہے ہیں،کہاں ہیں وہ لوگ جو صرف ناچ گانے پر تین تین تولہ سونا دے دیا کرتے تھے؟
کہاں ہیں وہ لیڈر جو اپنے جلسوں میں کثرت دکھانے کیلئے ان دیہاتوں سے لوگوں کو اٹھا کر لے جاتے تھے؟
کہاں ہیں وہ جذبہ ایثار سے سرشار نو جوان جو جان کی بازی لگا کر اس وطن کی حفاظت کی قسمیں کھاتے تھے؟
کہاں ہیں وہ افسران جو اپنی شوگر ملز کیلئے ان علاقوں سے کئی کئی ٹن گنّا لے جاتے تھے؟
اور بہت سے سوال ہیں جن کا جواب ہماری قوم نےخیمے مہنگے کر کے،کھانوں کے دام بڑھا کے،اور ٹرکوں کے کرائے دگنے کر کے دیا ہے۔
خدارا عقل کیجیے۔۔
وہ آپکی امداد کے منتظر ہیں ٬ انفرادی یا اجتماعی طور پر انکی امداد کیجئے ٬ جتنا ہو سکے  اللہ کی راہ میں دیجئے ٬ اللہ کا دیا ہوا مال اس کے بندوں پر خرچ نہیں کریں گے تو پھر کہاں کریں گے؟
لیکن ایک بات ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں۔
کسی کی بھی مدد کرتے وقت اگر تصویر کھنچوانے یا ویڈیو بنوانے کا دل چاہے تو یہ سوچیے گا کہ اگر آپ اس جگہ ہوتے تو آپ کو کیسا لگتا؟
پھر چاہے تصوریر یادگار کیلئے ہو ٬ دستاویز کیلئے ہو ٬ نمائش کیلئے ہو یا دوسروں میں جذبہ پیدا کرنے کیلئے۔۔ایک بار ضرور سوچئے گا!
اگر آپ لینے والے کی جگہ ہوتے اور لینے والا آپکی جگہ ہوتا تو آپ کو تصویر بنوانا  کیسا لگتا؟

Facebook Comments

زید محسن حفید سلطان
ایک ادنی سا لکھاریسیک ادنی سا لکھاری جو ہمیشہ اچھا لکھنے کی کوشش کرتا ہے!

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply