• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • پانچ افراد سیلاب میں بہہ گئے ، ہیلی کاپٹر کہیں اور مصروف تھا

پانچ افراد سیلاب میں بہہ گئے ، ہیلی کاپٹر کہیں اور مصروف تھا

ملک اس وقت بدترین سیلاب کا سامنا کررہا ہے ۔ بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے اضلاع میں مسلسل کئی روز سے سیلابی صورت حال برپا ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں مدد نہ ملنے پر چار افراد کی ہلاکت کی اطلاعات نے سننے والوں کو افسردہ کردیا۔
متعدد سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر کوہستان میں سیلابی ریلے میں پھنس جانے والے افراد خاصی دیر تک مدد کے منتظر رہے لیکن اس سے محروم رہے اور پانی میں بہہ گئے۔
متعدد ٹویٹس میں لوئر کوہستان واقعے میں مدد سے محروم رہ کر ڈوبنے والے افراد کا تذکرہ کرتے ہوئے شکوہ کیا گیا کہ ’شہری ڈوب رہے تھے جبکہ ہیلی کاپٹر کہیں اور مصروف تھا۔‘
یہ تبصرے اس وقت کیے گئے جب کئی دنوں سے سیلابی صورت حال کا سامنا کرتے چترال، دیر اور ملحقہ اضلاع جانے کے بجائے گزشتہ روز وزیراعلٰی کے پی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ساتھ صوبے کے جنوبی علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کا فضائی دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر سے منسوب بیان کے مطابق ایمرجنسی صورت حال میں ہیلی کاپٹر کے لیے درخواست کی گئی لیکن موسم اور مختصر وقت کی وجہ سے امدادی کام کے لیے ہیلی کاپٹر مہیا نہیں ہو سکا۔
پانچ نوجوان اس نالے کے بیچ سے گزرنے والے راستے کو استعمال کرتے ہوئے اس وقت یہاں پھنسے جب یہ قراقرم کی طرف جارہے تھے۔ سیلابی ریلہ اتنی تیزی سے آیا کہ ان افراد کو وہاں سے نکلنے کا موقع نہ مل سکا۔
ان پانچ میں سے ایک نوجوان کو رسی کی مدد سے ریسکیو کر لیا گیا جبکہ چار کو نہیں بچایاجا سکا۔ زندگی سے محروم ہونے والے افراد میں چچا، بھتیجا جبکہ دو ایک ہی گاؤں کے تھے۔ بہہ جانے والے چاروں افراد کی لاشیں ابھی تک نہ مل سکی ۔
وزیراعلٰی خیبرپختونخوا اور سرکاری ہیلی کاپٹر کی مصروفیات کا ذکر کرنے والے صارفین نے شکوہ کیا کہ لوگ ڈوب گئے جبکہ ہیلی کاپٹر وزیراعلٰی کے لیے ٹانک بھج دیا گیا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply