راولپنڈی: آزاد کشمیر کے علاقے باغ کے قریب فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 9 جوان شہید اور 4 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ راولپنڈی میں منتقل کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید جوانوں کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر راولپنڈی نے بھی شرکت کی ہے۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے باغ، آزاد کشمیر میں فوجی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے اس حوالے سے جاری کردہ بیان میں کہا ہےکہ مادر وطن کے دفاع میں شہید ہونے والے بیٹوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے زخمی جوانوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی ہے۔
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں