برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ہونے والی کامن ویلتھ گیمز کے بعد سے دو قومی باکسرز سلیمان بلوچ اور نذیر اللہ غائب ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان باکسنگ فیڈریشن (پی بی ایف) نے دونوں باکسرز کے غائب ہونے کی مقامی انتظامیہ کو اطلاع کر دی ہے۔
سلیمان بلوچ نے 63 کلوگرام ویلٹر ویٹ کیٹگری جب کہ نذیر اللہ نے کامن ویلتھ گیمز کی 92 کلوگرام ہیوی ویٹ مقابلے میں شرکت کی تھی۔
باکسنگ ٹیم برطانیہ سے دونوں باکسرز کو لئے بغیر وطن واپسی کیلئے روانہ ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں باکسرز کے پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات باکسنگ فیڈریشن کے ہمراہ ہیں، کامن ویلتھ گیمز کے سلسلے میں 4 آفیشلز اور 5 باکسرز برطانیہ گئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نذیر اللہ اور سلمان بلوچ نے پاکستانی سفارتخانے کے ظہرانے میں شرکت بھی کی تھی جس کے بعد سے دونوں کھلاڑی رابطے میں نہیں ہیں۔
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں