آبنائے تائیوان میں کشیدگی عروج پر۔۔زبیر بشیر

اس وقت آبنائے تائیوان میں کشیدگی عروج پر ہے اور عالمی ذرائع ابلاغ کی نظریں امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان پر جمی ہیں جو چینی وارننگ اور  امریکی حکام کی جانب سے موجودہ صورتحال میں تائیوان کا دورہ نہ کرنے کے مشورے کو  نظر انداز کرتے ہوئے تائیوان پہنچ گئی ہیں۔  غیر جانبدار ذرائع ابلاغ نینسی پیلوسی کے اس دورے کو ایک سنگین سفارتی غلطی قرار دے رہے ہیں۔ صورت حال کی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ  بائیڈن انتظامیہ اور امریکی فوجی حکام نے بھی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کی مخالفت کی ہے، ان کا موقف ہے کہ اس وقت چین اور امریکہ کے درمیان گشیدگی عروج پر ہے اس صورتحال میں تائیوان کا دورہ کرنا مناسب نہیں ہے۔

چین کی وزارت خارجہ نے دو تاریخ کو ایک بیان میں امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کی شدید مخالفت کی تھی ۔بیان میں کہا گیا کہ نینسی پیلوسی نے چین کی شدید مخالفت اور سخت  انتباہات کو نظر انداز کرتے ہوئے چین کے علاقے تائیوان کا دورہ کیا۔اس اقدام نے چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت اور آبنائے تائیوان کے امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔اس سے تائیوان کی علیحدگی پسند قوتوں کو غلط  پیغام دیا گیا ہے۔ چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور اس کی شدید مذمت کرتا ہے، اور اس حوالے سے امریکہ سے  شدید احتجاج کیا گیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ دنیا میں صرف ایک چین ہے، تائیوان چینی سرزمین کا ایک اٹوٹ حصہ ہے، اور عوامی جمہوریہ چین کی حکومت واحد قانونی حکومت ہے جو پورے چین کی نمائندگی کرتی ہے۔ تائیوان کا مسئلہ چین امریکہ تعلقات میں سب سے اہم، بنیادی اور حساس مسئلہ ہے۔ اس وقت آبنائے تائیوان کی صورتحال کو کشیدگی اور شدید چیلنجوں کے ایک نئے دور کا سامنا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ تائیوان کے حکام اور امریکہ تائیوان کی موجودہ صورتحال کو مسلسل چھیڑ رہے ہیں۔ چین مذکورہ دورے کے جواب اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے پرعزم دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا اور تائیوان کی علیحدگی پسند قوتیں تمام تر نتائج کی ذمہ دار ہوں گی۔

بیان میں امریکہ پر زور دیا گیا کہ وہ چین کو کنٹرول کرنے کے لیے “تائیوان کارڈ” کھیلنا بند کرے، تائیوان کے معاملات میں مداخلت اور چین کے داخلی امور میں مداخلت بند کرے، تائیوان کی علیحدگی پسند قوتوں کی ہر قسم کی حمایت بند کرے  اور ٹھوس اقدامات کے ساتھ ون چائنا اصول کی پاسداری کرے۔ بیان میں امریکہ پر زور دیا گیا کہ فریقین کے درمیان طے شدہ تین مشترکہ اعلامیوں اور امریکی رہنماوں کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کیا جائے  مزید خطرناک اور غلط راستے پر آگے نہ بڑھا جائے۔ حالیہ   امریکی اقدام نے تائیوان  کے علیحدگی  پسندوں کو  غلط  پیغام  دیا ہے ، جس نے  آبنائےتائیوان کی صورتحال میں تناؤ کو مزید بڑھاوا دیا ہے ۔ ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی کی انتظامیہ  نے پیلوسی کے دورہ تائیوان پر اصرار کیا  جوایک انتہائی خطرناک اقدام ہے جس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

چین کی وزرات دفاع کے مطابق  چینی پیپلز لبریشن آرمی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت  کے بھر پور دفاع کے لئے فوجی کارروائیوں کا ایک سلسلہ شروع کرے گی ، اور بیرونی قوتوں کی مداخلت اور تائیوان کے علیحدگی پسندوں  کو بھرپور شکست سے دوچار کرے  گی۔چین مذکورہ دورہ  تائیوان کے سنگین نتائج سے بار ہا خبردار کر چکا ہے ، لیکن پیلوسی  نے اس کو نظر انداز کرتے ہوئے  اشتعال انگیزی کی ہے اور بحران پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ۔  اس اقدام سے ون چائنا اصول اور چین امریکہ  تین مشترکہ اعلامیے کی سنگین خلاف ورزی کی گئی ہے  اور چین امریکہ تعلقات کی  سیاسی بنیاد اور دونوں ممالک کے عسکری تعلقات  کو سنگین نقصان پہنچایا گیا ہے ۔

نینسی پیلوسی کا حالیہ اقدام ون چائنا اصول اور چین۔امریکہ تین مشترکہ اعلامیے کی سنگین خلاف ورزی ہے، بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔یہ اقدام چین۔امریکہ تعلقات کی سیاسی بنیاد کے لیے شدید نقصان دہ ہے ۔ یہ چین کے تناظر میں ایک بڑی سیاسی اشتعال انگیزی ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

دنیا میں صرف ایک چین ہے، تائیوان چینی سرزمین کا ایک اٹوٹ حصہ ہے، اور عوامی جمہوریہ چین کی حکومت واحد قانونی حکومت ہے جو پورے چین کی نمائندگی کرتی ہے۔ تائیوان کا مسئلہ چین کا اندرونی معاملہ ہے۔ چینی قوم متفقہ طورپر  چین کو تقسیم کرنے کی تمام کوششوں اور اقدامات کی سختی سے مخالفت کرتی ہے، چین کے پرامن اتحاد کے عمل میں مداخلت کرنے والی کسی بھی بیرونی طاقت کی سختی سے مخالفت کرتی ہے۔ چین پر عزم ہے  کہ   کسی بھی ملک کو تائیوان کے معاملے میں کسی بھی طرح سے مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ چین کو ہر حال میں متحد ہونا ہے ۔ یہ ایک ناگزیر تاریخی رجحان ہے۔ قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے چینی عوام کے مضبوط عزم، پختہ ارادے اور مضبوط صلاحیت کو کسی بھی طرح کمتر نہ سمجھا جائے۔

Facebook Comments

Zubair Bashir
چوہدری محمد زبیر بشیر(سینئر پروڈیوسر ریڈیو پاکستان) مصنف ریڈیو پاکستان لاہور میں سینئر پروڈیوسر ہیں۔ ان دنوں ڈیپوٹیشن پر بیجنگ میں چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس سے وابستہ ہیں۔ اسے قبل ڈوئچے ویلے بون جرمنی کی اردو سروس سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ چین میں اپنے قیام کے دوران رپورٹنگ کے شعبے میں سن 2019 اور سن 2020 میں دو ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply