ماسکو: سوویت یونین کی خفیہ ایجنسی کے جی بی کے آخری سربراہ ودیم بکاٹن کا انتقال ہو گیا ہے۔ آنجہانی کی عمر 84 برس تھی۔
عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق ودیم بکاٹن کے انتقال کی تصدیق روس کے سرکاری میڈیا نے کی ہے۔
ودیم بکاٹن کا کے جی بی کے سربراہ کی حیثیت سے تقرر سوویت یونین کے سربراہ میخائل گوربا چوف نے کیا تھا۔ بنیادی طور پر وہ لبرل سمجھے جانے والے سیاستدان تھے۔ انہوں نے 1988 سے لے کر 1990 تک سوویت یونین کے وزیر داخلہ کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دی تھیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جب میخائل گورباچوف نے ودیم بکاٹن کو کے جی بی کا سربراہ مقرر کیا تھا تو عالمی سطح پر بے پناہ حیرت کا اظہار کیا گیا تھا لیکن اس حقیقت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے کہ اگست 1991 میں ولادی میر کروچکوف نے گوربا چوف کی حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کی تھی۔ ولادی میر کروچکوف اس وقت کے جی بی کے سربراہ تھے۔
یاد رہے کہ میخائل گورباچوف کے دور میں ہی سوویت یونین کے حصے بخرے ہو گئے تھے اور کئی آزاد وسطی ایشیائی ریاستوں کا قیام عمل میں آیا تھا۔
سرد جنگ کے زمانے میں امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے اور روسی خفیہ ایجنسی کے جی بی ایک دوسرے کے مدمقابل سمجھی جاتی تھیں اور سینکڑوں مرتبہ دونوں آمنے سامنے بھی آئیں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں