پیاس میں جیون ، سیلاب میں موت۔۔وقاص رشید

ماں ! ابا کہتا تھا کہ ہر بچہ اپنا رزق ساتھ لاتا ہے۔
ہر کوئی اپنے مقدر کا لکھا پیتا ہے کھاتا ہے۔
ماں! مجھےبہت بھوک لگتی تومیں وہ رزق تلاش کرتا تھا۔
دن بھر اسکی تلاش میں بھوکا پیاسا آہیں بھرتا تھا۔
ماں!میں وہ روٹی وہ پانی اپنی ریاست سے مانگتا تھا تجھے یاد ہے؟
وہ ریاست جو میری آزادی کے نام پر بن کر اب مجھ سے آزاد ہے۔
ماں! پھر میں نے یہ پانی تجھ سے تیری ممتا سےمانگا تھا
تیری آنکھ سے ایک قطرہ بہہ کر میرے ہونٹوں پر آ گرا تھا
ماں! تجھے پتا ہے وہ ایک قطرہ میں نے پی لیا تھا۔
اسی کے سہارے چند دن میں اور جی لیا تھا۔
ماں ! تو نے کہا تھا کہ خدا سے بارش کی دعا کروں کہ وہ بچوں کی دعائیں سنتا ہے۔
بھوکے پیٹوں اور پیاسے ہونٹوں سے دی گئی ساری صدائیں سنتا ہے۔
تجھے پتا ہے میں نے رات سونے سے پہلے خدا سے کیا کہا۔
ماں ! میں نے کل رات اسے بس آخری بار خدا کہا
میں نے کہا کہ اے خدا ! آج کے بعد کوئی دعا نہیں۔
میں صبح ماں سے کہہ دونگا تو بچوں کی سنتا نہیں۔
ماں ! رات مجھے ستارے ایسے لگ رہے تھے جیسے روٹیاں ٹمٹما رہی ہوں۔
جیسے انکی کرنیں بوندیں بن کر میری طرف آ رہی ہوں۔
اور میں جانے کب بھوک اور پیاس سے لڑتا لڑتا سو گیا۔
اس دیس کی طرح میں بھی کہیں اپنے خواب میں کھو گیا
دیکھ ماں ! ماں دیکھ میری دعا منظور ہوئی۔
یہ وہ پانی ہے جس کے لیے خلقِ خدا مجبور ہوئی۔
دیکھ میری سنگدل ریاست تو نے مجھے جس پانی سے محروم کیا
اسے خدا نے میری دعا سے آج میرا مقسوم کیا۔
ماں یہ تیرے رونے کی آواز کیوں آ رہی ہے۔
تیرے بھوکے چہرے پر اور مردنی کیوں چھا رہی ہے۔
دیکھ ماں ! اب میری بھوک اور پیاس ختم ماں
اس کلموہی غربت کا ہر احساس ختم ماں۔
اپنے آنسو بچا لے اب قحط کے دنوں کے لیے۔
میرے بنجر خشک اور پیاسے ہونٹوں کے لیے۔
ماں مجھے لگ رہا ہے جیسے میں پانی کے بستر پر سو رہا ہوں۔
یوں لگ رہا ہے جیسے میں تجھے کھو رہا ہوں۔
مجھے نہیں پتا تھا پانی مانگنے کی سزا سزائے موت ہے ماں
مجھے نہیں پتا تھا میری یہ دعا دعائے موت ہے ماں
میں پیاسا تھا اس لیے اپنے اندر زیادہ پانی بھر رہا ہوں ماں
مجھے بچا لے میں مر رہا ہوں ماں۔

(اس بچے کی لاش پر ایک   قطعہ علیحدہ سے )

جیتے  جی   اک  بوند  کو   ترساؤ

اور سیلاب میں موت ہوئی

ایک یہ بچہ نہیں مرا

Advertisements
julia rana solicitors

ساری ریاست فوت ہوئی!

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply