عوامی انتقام۔۔اظہر سیّد

پنجاب میاں نواز شریف کا بیس کیمپ تھا اور پنجاب نے میاں نواز شریف کو مسترد کر دیا ہے ۔عوام کسی کے غلام نہیں ہوتے بلکہ نظریہ کے اسیر ہوتے ہیں ۔میاں نواز شریف نے جب تحریک عدم اعتماد کی حامی بھری تو اصل میں “ووٹ کو عزت دو ” کا سودا کیا تھا ۔لوگوں نے عمران خان کو ووٹ نہیں دیا بلکہ میاں نواز شریف کی سیاست کو مسترد کیا ہے ۔

جب مریم نواز کوئٹہ میں لاپتہ بلوچوں کیلئے آواز بلند کرتی تھیں اور جب میاں نواز شریف گوجرانولہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل فیض حمید کا نام لے کر للکارتے تھے تو پنجاب کے عوام مالکوں اور نوسر باز کے ایک پیج پر ہونے کے باوجود ضمنی الیکشن میں نواز شریف کو کامیاب کروا دیتے تھے ۔آج جب بظاہر مالکان نوسر باز کی بجائے میاں نواز شریف کی اجازت سے بنی حکومت کے ساتھ ہیں تو میاں نواز شریف ضمنی الیکشن میں شاندار طریقے سے شکست کھا گئے ہیں۔

پنجاب کے عوام نے یہ بات ہضم نہیں کی کہ لاپتہ بلوچوں کیلئے بلند ہونے والی مریم نواز کی آواز بند کیوں ہو گئی ۔ لوگوں کو اس بات کا بھی غصہ تھا کہ میاں نواز شریف اور مریم نواز بھولے سے بھی جنرل قمر جاوید باجوہ کا نام نہیں لیتے ۔

پنجاب کے لوگوں نے تحریک انصاف سے منحرف ہونے والے لوٹوں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ بھی مسترد کر دیا اور واضح کر دیا کہ “ہم کوئی غلام نہیں ہیں”۔

پنجاب میں پاکستان پیپلز پارٹی نے کچھ نہیں کھویا سب کچھ مسلم لیگ ن نے کھویا ہے ۔بلاول بھٹو کو کوئی نقصان نہیں ہوا ،کشتی میں پتھر مریم نواز کے سیاسی مستقبل پر ڈالے گئے ہیں ۔ایک نادہندہ معیشت میں میاں نواز شریف نے حکومت نہیں سنبھالی تھی بلکہ مالکوں کے چار سالہ گناہوں کا بوجھ اٹھایا تھا ۔ نوسر باز کو گرفتار نہ کرنے سمیت بے شمار شرائط تسلیم کر کے لی گئی حکومت کا جو انجام ہونا تھا ضمنی الیکشن میں آج سب کے سامنے آگیا ہے ۔

میاں نواز شریف نے بہت بڑی سیاسی غلطی کر لی ہے ۔مالکان کا اعتبار تو پہلے ہی “ووٹ کو عزت دو “کے نعرے سے کھو دیا تھا اب عزت سادات بھی گئی ۔

اگر ن لیگ سوچتی ہے کہ مالکان نے جس طرح تحریک انصاف کو 2018 کے الیکشن میں کامیاب کرایا تھا انہیں بھی کرایا جائے گا تو اب مزا چکھ لیں، ضمنی الیکشن میں جو کچھ ہوا ہے وہ نوشتہ دیوار ہے کہ عوام نظریہ کی تبدیلی کو حقارت کے ساتھ مسترد کر دیتے ہیں اور مالکان بھی اعتبار نہیں کرتے۔

آصف علی زرداری نے جب آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو للکارا تو میاں نواز شریف ان کے ساتھ کھڑے ہونے کی بجائے کالا کوٹ پہن کر میمو گیٹ میں آصف علی زرداری کے خلاف صف آرا ہو گئے اور مالکوں کیلئے شمشیر برہنہ بن گئے ۔

Advertisements
julia rana solicitors

میاں نواز شریف کے خلاف جب میمو گیٹ “پاناما ” آیا، کم از کم  آصف علی زرداری کالا کوٹ پہن کر مالکان کی مدد کو تو  نہیں آئے تھے۔میاں نواز شریف خود کو بہت سیانا سمجھتے تھے اب مزا چکھیں اپنی خود غرضی اور “ووٹ کو عزت دو ” سے رجوع کرنے کا۔ اپنا ستیاناس تو کیا ہی ہے مریم نواز کے سیاسی مستقبل کا سوا ستیاناس کر دیا ہے ۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست ایک تبصرہ برائے تحریر ”عوامی انتقام۔۔اظہر سیّد

Leave a Reply