پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا۔

قوم سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آج رات بارہ بجے کے بعد ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے اور پیٹرول 18 روپے 50 پیسے کی کمی کی جا رہی ہے۔ آئندہ بھی عالمی منڈیوں میں تیل و اجناس کی قیمتوں میں کمی ہوئی تو قوم کو فائدہ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دل پر پتھر رکھ کر عالمی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں، ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں تھا، اگر ہوتا تو یہ مشکلات عوام کے لیے کبھی پیدا نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ اب عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں تیزی سے گر رہی ہیں، اس وجہ سے آج ہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا موقع ملا اور اس کا فائدہ آپ تک پہنچا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بھی معاہدہ ہو چکا ہے جس کہ سہرا مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے پوری کوشش کے بعد یہ معاہدہ کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایسی قومیں بھی ہیں جنہوں نے تیس سال قبل آئی ایم ایف سے آخری معاہدہ کیا اور اس کے بعد انہوں نے نئی راہیں تلاش کی اور وہ اٹھ کھڑی ہوئی، دن رات ایک کر دیا خون پسینا بہایا اور اپنی قومی کو اپنے پاوں پر کھڑا کر دیا۔

میں آج آپ سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ خدا کرے کہ ہمارے لیے بھی یہ آئی ایم ایف کے ساتھ یہ آخری معاہدہ ہو اور ہم سچے دل سے اس پر عمل کریں اور اس کے بعد اپنے پاوں پر کھڑے ہوں، خود انحصاری واحد راستہ ہے جو قوموں کو وقار دلاتا ہے، اس کے لیے کانٹوں سے گزرنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل جب حکومت کی ذمہ داری سنبھالی تو ورثے میں ہمیں مہنگائی ملی اور تمام اشیا کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ کیا اور جاتے جاتے اس کی دھجیاں بکھیر دیں اور ہمارے لیے بارودی سرنگیں بچھا دی۔

Advertisements
julia rana solicitors

ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اچانک کمی کر دی اور ہمارے خزانے میں اس کا بوجھ اٹھانے کے لیے پیسے نہیں تھے۔ یہ کام ہماری حکومت کو مشکلات میں ڈالنے کیلئے کیا گیا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply