جس طرح ہرنبی کے معجزات اس دور کے معجزانہ کمالات کے باب سے متعلق ہوتے ہیں اور اسی علم کے منتہائے کمال کو عاجز کر کے اپنی خدائی فرستادگی کا ثبوت پیش کرتے ہیں جیسے موسی علیہ السلام کے معجزات نے جادو کی دنیا میں اور عیسی علیہ السلام نے دنیائے طب میں اور نبی عربی نے دنیائے شعر و سخن میں تلاطم برپا کر دیا اسی طرح ہر نبی کے مزاج، خصوصیات اور اعزازات میں سے اس نبی کی امت کو حصہ ملتا رہا ہے کہ یہود جلال موسوی اور مسیحی محبت عیسوی کے حامل رہے
آئیے دیکھتے ہیں کہ رسول اکرم صل اللہ علیہ و آلہ و سلم کی کون کون سی خصوصیات سے امت مسلمہ کو بھی حظ وافر ملا ہے.
1_جس طرح اللہ اور فرشتے نبی اکرم پر صلاۃ کے تحفے بھیجتے ہیں اسی طرح امت مسلمہ بھی اس تحفے سے سرفراز ہوتی ہے ھو الذی یصلی علیکم و ملائکتہ لیخرجکم من الظلمات الی النور، أولئك علیھم صلوات من ربھم و رحمۃ
2_جس طرح نبی اکرم کو اپنی رضا کا تحفہ دیتے ہوئے فرمایا ولسوف یعطیک ربک فترضی اسی طرح امت مسلمہ میں سے سابقون اولون کی اتباع احسانی کرنے والوں کو رضی اللہ عنہم و رضوا عنہ اور لیدخلنھم مدخلا یرضونہ کے اعزاز سے نوازا.
3-جس طرح نبی اکرم کو لیغفر لک اللہ ما تقدم من ذنبه وما تأخر کی بشارت دی اسی طرح اگلی آیت میں امت کے لئے فرمایا لیدخل المومنین و المؤمنات جنات تجری من تحتھا الانھار خالدين فیھا ویکفر عنهم سیئاتھم.
4- جس طرح رسول اکرم کو اپنی نعمت کے اتمام سے نوازا لیتم نعمتہ علیک و یھدیک صراطا مستقیما اسی طرح امت کو مژدہ سنایا ما یرید اللہ لیجعل علیکم من حرج ولکن یرید لیطھرکم ولیتم نعمتہ علیکم
7 جس طرح آپ پر نزول وحی کے ذریعے غیب کے دروازے کھول دیئے اسی طرح امت کے لیے رویائے صالحہ کا قمقمہ روشن کر دیا.
8-جس طرح بارہا آپ کی خواہش کو وحی کے ذریعے تکمیل دین کی شکل دی گئی اسی طرح امت کے کئ افراد مثلا سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا، جس خاتون سے ان کے شوہر نے ظہار کر لیا تھا اور انہوں نے براہ راست اللہ سے شکایت کر دی، ہلال بن امیہ اور جانے کن کن کو یہ اعزاز بخشا گیا کہ ان کی خواہش پر آیات نازل ہوئیں. اپنی حاجت یا شکایت کا مثبت جواب لینے کے لئے اب بھی ہر کوئی تجربہ کر سکتا ہے.
9-جس طرح آپ کو مقام شفاعت سے نوازا گیا، عسی ان یبعثک ربک مقاما محمودا اسی طرح امت کے صلحاء، شہداء اور ائمہ کرام کو بھی مقام شفاعت کا اعزاز بخشا گیا، فرمایا ائمتکم شفعاؤکم
10-جس طرح نبی کریم کو حبیب اللہ کا خاص اعزاز دیاگیا کہ جیسے آدم کو صفی اللہ، ابراہیم کو خلیل اللہ، موسی کو کلیم اللہ اور عیسی کو روح اللہ کا مقام دیا گیا تھا، آپ کی امت کے بارے میں فرمایافسوف یاتی اللہ بقوم یحبھم و یحبونہ
11-جس طرح انبیاء کرام میں جنت میں سب سے پہلے نبی اکرم تشریف لے جائیں گے اسی طرح امتوں میں سب سے پہلے امت مسلمہ کو نزول جنت کی سعادت عطا ہوگی.
12-قران نے بتایا کہ جس طرح نبی امی اپنی امت پر گواہ ہونگے اسی طرح آپ کی امت أمم سالفہ پر گواہ ہوگی.
13-جس طرح آپ کو اللہ نے گوناگوں معجزات سے نوازا تھا اسی طرح آپ کی امت کے اولیاء صدیقین کو کرامات عطا کیں.
14 – قرآن نے آپ کے اسم مبارک احمد اور محمد کا ذکر کیا اور حدیث میں آپ کی امت کو حمادین کے لقب سے یاد کیا گیا
15-جس طرح قرآن نے آپ کو نبی امی کہا آپ نے اپنی امت کے لیے یہی الفاظ استعمال فرمائے کہ نحن امۃ امیۃ
16_جس طرح رسول اللہ صل اللہ علیہ و آلہ و سلم سے فرشتے آکر گفتگو کرتے تھے آپ کی امت میں سے بھی کچھ افراد کو یہ سعادت حاصل ہوئی مثلاً عمران بن حصین کے بارے میں روایات میں مذکور ہے.
17 _جیسے استغفار سے پہلے آپ کے لیے عفو کی نوید سنائی، عفا اللہ عنک لم اذنت لھم اسی طرح امت کو بھی اس اعزاز سے نوازا کہ ولقد عفا عنکم
18_جس طرح اذان میں اللہ نے اپنے نام کے ساتھ آپ کا نام بلند کر کے رفعنا لک ذکرک کا اعلان کیا اسی طرح قرآن مجید اور کتب سابقہ میں اللہ نے اپنی وحی کے ساتھ امت مسلمہ کا ذکر کیا حتی کہ موسی علیہ السلام نے خواہش کی کہ وہ امت مسلمہ کے فرد ہوتے.
19-جس طرح قرآن کی رو سے آپ کو ایذا رسانی اللہ کو ایذا رسانی ہے، اسی طرح جس کسی نے کسی ولی اللہ سے دشمنی کی اللہ نے اس کے خلاف اعلان جنگ کر دیا.
20_جس طرح اللہ نے آپ کو منتخب کر لیا تھا اسی طرح امت مسلمہ سے کہا ھو اجتباکم وما جعل علیکم من حرج.
21-جس طرح اللہ کی طرف سے آپ کو سلام آتا تھا اسی طرح امت کے لئے سلام علی عبادہ الذین اصطفی کا مژدہ موجود ہے.
22_فطری انسانی کمزوری اور بشری تقاضوں کے وقت اللہ کی طرف سے ثابت قدمی اور دستگیری کے حوالے سے نبی اکرم کے لیے ولولا أن ثبتنک لقد کدت ترکن الیھم شئیا قلیلا اور امت کے لیے یثبت اللہ الذین آمنوا بالقول الثابت فی الحیاۃ الدنيا و فی الآخرہ
23_اجر بدون احسان، ان لک لاجرا غیر ممنون اور امت کے لیے فلھم اجر غیر ممنون
24_تیسیر قرآن نبی اکرم کے لیے قرآن کا حفظ و بیان آسان کردیا لا تحرک بہ لسانک…… ان علینا جمعہ و قرانہ….. ثم إن علینا بیانہ
امت کے لیے فرمایا
ولقد یسرنا القرآن للذكر فھل من مدکر
25_تشہد میں نبی اکرم اور امت دونوں کے لیے ایک ہی سیاق میں سلام
السلام علیک ایھا النبی و رحمۃ اللہ و برکاتہ السلام علینا و علی عباد اللہ الصالحين
26_جس طرح نبی اکرم کے لیے رؤوف و رحیم کے ألقاب بیان فرمائےجو اللہ کی صفات ہیں اسی طرح امت کے لیے مومن، خبیر اور علیم و حکیم کی الوہی صفات ذکر کیں.
.27–جس طرح رسول کی اطاعت کا حکم دیا اسی طرح امت کے اولوا الأمر کی اطاعت کا حکم دیا. اطیعوا اللہ و اطیعوا الرسول و اولی الأمر منکم
28 جس طرح آپ کے لیے شفقت، یسر اور محبت کا اظہار کیا اسی طرح امت کے لیے بھی کیا
ما أنزلنا علیک القرآن لتشقى، اور فلا یکن فی صدرک حرج. امت کے لئے یرید اللہ بکم الیسر اور ما یرید اللہ لیجعل علیکم من حرج،
_یرید اللہ ان یخفف عنکم
29_جس طرح اللہ نے نبی اکرم کو راہ راست سے بھٹک جانے سے محفوظ رکھا ہے فاصبر لحکم ربک فانک باعیینا
اسی طرح امت کو بھی گمراہ ہونے سے بچایا کہ لا تجتمع امتی علی الضلالة
…. اور لاغوینھم اجمعین الا عبادک الصالحين
30_جس طرح لیلہ اسراء میں تمام انبیاء کی امامت کا شرف رسول اللہ صل اللہ علیہ و آلہ و سلم کو حاصل ہوا اسی طرح نزول مسیح کے وقت ان کی امامت کا شرف کسی امتی کو حاصل ہوگا
مذکورہ بالا خصوصیات امت مسلمہ امام شاطبی کی تالیف الموافقات “النوع الرابع فی بیان قصد الشارع فی دخول المکلف تحت احکام الشریعہ” المسئلہ العاشرہ “سے ماخوذ ہیں جو انہوں نے ابن العربی سے لئے ہیں. اس ساری بحث کو دلآویز انداز میں پھیلا کر ربیع الاول کے مہینے میں سیرت طیبہ پر ایک سے زائد لیکچرز کی شکل میں بیان کیا جا سکتا ہے.
اس سے اگلی فصل میں شاطبی نے یہ بتایا کہ یہ خصوصیات اتباع اور اطاعت رسول سے مشروط ہیں بالخصوص انہوں نے اولیاء اللہ کی کرامات پر بہت عمدہ گفتگو کی ہے کہ کرامات اولیاء معجزات کا فیضان ہوتی ہیں اور یہ جاننے کا معیار بھی بیان کیا کہ کرامات کو جادو، استدراج وغیرہ سے کیسے ممیز کیا جائے.
بشکریہ: افتخار محمد
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں