• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • سری لنکا میں ایندھن کی قلت: حکام نے مفت سائیکل سروس متعارف کرادی

سری لنکا میں ایندھن کی قلت: حکام نے مفت سائیکل سروس متعارف کرادی

کولمبو: سری لنکا میں حکام نے مفت سائیکل سروس متعارف کرادی ہے۔ حکام کی جانب سے یہ قدم ایندھن کی قلت کے باعث اٹھایا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی اور دی اکنامک ٹائمز کے  مطابق بدترین معاشی بحران کی وجہ سے سری لنکا میں گزشتہ کچھ عرصے سے پیٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت ہے کیونکہ ملکی خزانے میں اتنی سکت نہیں ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات درآمد کرسکے۔

سری لنکا میں گزشتہ دنوں حکام نے باقاعدہ یہ اعلان بھی کیا تھا کہ ملک میں صرف ایمبولینس سروسز کے لیے ہی پیٹرول کا ذخیرہ رہ گیا ہے اور چونکہ ہمارے پاس مزید پیٹرول خریدنے کی سکت نہیں ہے اس لیے کولمبو کی بندرگاہ پہ لنگر انداز بحری جہاز کے مالکان نے پیٹرول اتارنے سے انکار کردیا ہے۔

اس ضمن میں سری لنکا کے وزیر خزانہ کا پارلیمنٹ میں کہنا تھا کہ بحری جہاز کے مالکان کے پہلے کے بھی بقایاجات ہیں جو ہم تاحال ادا نہیں کرسکے ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق کولمبو کی مرکزی بندرگاہ میں حکام نے ذرائع نقل و حمل کے لیے مفت سائیکل سروس متعارف کرادی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پورے ملک میں لوگوں کو گھنٹوں قطار میں ایندھن کی خریداری کے لیے لگنا پڑتا ہے۔

سری لنکا پورٹس اتھارٹی کے چیئرمین پرسنتھا جیامنا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مفت سائیکل سروس متعارف کرانے کا بنیادی مقصد کولمبو کی بندرگاہ میں پٹرول کو محفوظ کرنا ہے۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں پرسنتھا جیامنا نے کہا کہ بندرگاہ آنے والوں کی سہولت کے لیے غیر استعمال شدہ ریلوے لائن کے ساتھ ایک سائیکل ٹریک بھی بنایا ہے تاکہ وہ دوسری گاڑیوں کے بجائے سائیکل استعمال کریں۔

انہوں نے بتایا کہ بندرگاہ کے ذریعے چلنے والی شپنگ لائنز نے اس سروس کو شروع کرنے کے لیے 100 سائیکلیں عطیہ کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بندرگاہ سری لنکا کو درپیش معاشی پریشانیوں سے محفوظ ہے اور کارکنوں کو اپنے ذخائر سے پیٹرول فراہم کر رہی تھی۔

چیئرمین سری لنکا پورٹس اتھارٹی نے کہا کہ ہم اپنا کام معمول کے مطابق کر رہے ہیں کیونکہ ہمارے پاس ایندھن کا اسٹاک موجود ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors

واضح رہے کہ سری لنکا میں معاشی بحران غیر ملکی کرنسی کے ذخائر میں حد درجہ کمی کے باعث پیدا ہوا ہے جس کی وجہ سے درآمد کنندگان خوراک، ایندھن اور دیگر ضروری اشیا درآمد کرنے کے قابل نہیں رہے ہیں۔ سری لنکا کے عوام کی زندگی اس وقت اجیرن ہو چکی ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply