• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • لانگ مارچ: دفعہ 144 نافذ، اسلام آباد جانے والے راستے بند،میٹرو رک گئی،سکولوں میں چھٹی

لانگ مارچ: دفعہ 144 نافذ، اسلام آباد جانے والے راستے بند،میٹرو رک گئی،سکولوں میں چھٹی

حکومت نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر خیبر پختونخوا اور پنجاب سے اسلام آباد جانے والے راستوں کو بند کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جب کہ جلسے ، جلوس اور دھرنوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد و راولپنڈی کے سرکاری و نجی اسکولوں میں کل چھٹی اور جڑواں شہروں میں میٹرو سروس کو بند کر دیا گیا ہے۔

ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب سے اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند کرنے کا احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ پنجاب کے تمام اضلاع کے داخلی اور خارجی راستے بند کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع سے اسلام آباد جانیوالی ٹرانسپورٹ بھی بند کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

وزیراعلی ٰپنجاب حمزہ شہباز کے احکامات پر عملدرآمد کیلئے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

لاہور کی انتظامیہ نے بھی شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق لاہور،سگیاں پل، بابو صابو انٹرچینج ، ٹھوکر نیاز بیگ، ایسٹرن بائی پاس سیالکوٹ موٹروے اور کاہنہ کو بند کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب موٹروے ایم فور کو ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گوجرہ ٹول پلازہ پر کنٹینر پہنچا کر ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹر وے کے مطابق موٹر وے ایم تھری کو رجانہ ، پیرمحل وریام والا ٹول پلازہ پر بند کر دیا گیا ہے جب کہ تمام انٹرچینج پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

ٹرانسپورٹرز نے راستے بند ہونے پر گاڑیاں اڈوں پر کھڑی کردی جس کی وجہ سے لاہور سے پنجاب سمیت دیگر شہروں کو جانے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ جب راستے ہی بند ہیں تو گاڑیاں کیسے چلائیں۔ بابو صابو ٹول انٹرچینج بند ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ درجنوں گاڑیاں، ٹرک، مزدا ٹریلر ٹریفک میں پھنس گئے۔

تحریک انصاف کے لانگ مارچ کا اسلام آباد میں داخلہ روکنے کیلئے جڑواں شہروں کو سیل کرنے کا پلان تیار کر لیا گیا ہے۔

شرکاء کا اسلام آباد داخلہ روکنے کیلئے موٹر وے ایم ون اور ایم ٹو کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ داخلی راستے ترنول جی نائن اور فیض آباد کے مقام سے بند ہوں گے ۔

اس کے علاوہ اسلام آباد ایکسپریس وے ، زیرو پوائنٹ اور بنی گالہ روڈ کو بند رکھا جائے گا ۔ ٹیکسلا، بھارہ کہو اور پیر سوہاوہ روڈ کے علاوہ روات، ڈھوکری چوک اور بری امام سے آنے والے راستے کو مکمل سیل کیا جائے گا ۔

مارچ کو روکنے کیلئے پارک روڈ ، نادرا چوک ، ڈی چوک اور میریٹ چوک بند رہیں گے۔ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ڈپلومیٹک گیٹ نمبر دو اور گیٹ نمبر چھ مکمل بند رہیں گے ۔

ڈپلومیٹک انکلیو میں ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی پہنچا دی گئی ہیں اور تمام تر سیکیورٹی وفاقی پولیس کے ذمہ ہو گی۔

Advertisements
julia rana solicitors

ذرائع کے مطابق پنجاب کو خیبرپختونخوا سے ملانے والی داجل چیک پوسٹ کنٹینر لگا کر بند کردی گئی ہیں۔ بھکر سے میانوالی ،جھنگ اور لیہ جانے والی شاہرائیں بھی مکمل طور پر بند ہیں۔ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ہیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply