پشاور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کب کرنا ہے؟ فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ فوج نے کہا تھا کہ ہم نیوٹرل ہیں توپھرنیوٹرل رہیں، یہ سیاست نہیں ،انقلاب آرہا ہے، پولیس، بیوروکریسی اورفوج سے کہتا ہوں کہ ہم توڑ پھوڑ نہیں کریں گے۔
انہوں ں نے یہ اعلان پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پرامن مارچ میں رکاوٹ ڈالی گئی تو قانونی کارروائی کریں گے، خدشہ ہے کہ انٹرنیٹ دو دن پہلے بند ہوجائے گا جب کہ پیٹرول و ڈیزل بھی بند کرنے کی اطلاعات ہیں، شہری پیٹرول اور ڈیزل کی بھی پہلے سے تیاری کرلیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بھی موجود ہیں
عمران خان نے کہا کہ ہم نے پوری کوشش کی ہمارے خلاف سازش کامیاب نہ ہو لیکن ہم کامیاب نہیں ہو سکے، یہ سازش میرے خلاف نہیں پاکستان کے خلاف کی گئی، رجیم چینج کی سازش کی گئی، مجھے اگست میں اس سازش سے متعلق پتا چل گیا تھا، اس میں وہ لوگ شامل ہوئے جو اپنی کرپشن چھپانا چاہتے تھے، 2018 میں ہمیں ملک دیوالیہ ملا، ملک ہر اعتبار سے آگے بڑھ رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران ہماری حکومت نے بہترین طریقے سے صورتحال کو سنبھالا، ہمیں دھمکیاں دے کر ہماری توہین کی گئی کہ 22 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم کو ہٹایا گیا، ہمیں دھمکی کی گئی کہ اگر عمران خان کو نہیں ہٹایا گیا تو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بتایا گیا تھا کہ یہ بہت تجربہ کار لوگ ہیں لیکن ان کا تجربہ صرف کرپشن، کیسز ختم کرنےاور انتقام کا ہے، ان کے پاس نہ منصوبہ ہے اور نہ فیصلہ کرنے کی ہمت ہے، نیشنل سیکیورٹی کونسل کو کہہ رہے ہیں کہ پٹرول ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کریں، فوج پر سارا بوجھ پڑے، خود پر بوجھ لینا نہیں چاہتے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عسکری قیادت سے مشورہ کرکے روس گیا تھا، امریکہ کو بتایا گیا عمران خان ذاتی طور پر روس گیا، اس حکومت کی جرات نہیں کہ روس سے سستا تیل یا گندم لے، کرپٹ ترین چور، منشیات فروش کابینہ کا حصہ ہیں، وزیراعظم اور اس کے بیٹے وزیراعلیٰ کو سزا ہونی تھی۔
عمران خان نے کہا کہ مہنگائی کی صورتحال تشویشناک ہے، پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں پراثر پڑیگا، مہنگائی اور بڑھے گی، بیرون ملک پاکستانیوں نے ریکارڈ پیسہ ملک میں بھیجا، ہم نے ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا جس سے پیٹرول اور ڈیزل پر سبسڈی دی، ان کے پاس کوئی پلان یا روڈ میپ نہیں ہے، اقتدار میں آنے والوں پر کیسز ہیں، مفرور باہر سے بیٹھ کر فیصلے کر رہا ہے۔
انہوں ں نے کہا کہ یہ ملک ہم نے بہت قربانیوں سے لیا تھا، اس ملک کے عظیم لیڈر قائداعظم تھے، اس ملک کے 22 کروڑ عوام کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کیا گیا، کہا گیا کہ یہ وزیراعظم روس چلا گیا تھا، یہ ہمارا حکم نہیں مانتا تھا اسے نکالو، ہندوستان نے کل پیٹرول کی قیمتیں کم کرنے کا اعلان کیا ہے، ہندوستان نے روس سے سستا تیل خریدا ہے، روس سے 30 فیصد کم قیمت پرتیل خریدنے کیلئے بات چیت کررہے تھے، میں ملک کی بہتری کیلئے کوشش کر رہا تھا یہ باہر سے پتلے لے کر آ گئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چوروں کو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بنا دیا گیا، یہ قوم کی توہین ہے، ملک کا وزیراعظم ضمانت پر ہے، ہمیں غلام قوم سمجھ لیا گیا ہے، صرف پی ٹی آئی ورکرزکو نہیں، پوری قوم کو دعوت دے رہا ہوں،
سابق وزیراعظم نے کہا کہ 25 مئی کو اسلام آباد میں ملیں گے،ہرشعبے کے لوگ لانگ مارچ میں بھرپورشرکت کریں ، ہم کسی صورت ان چوروں کوتسلیم نہیں کریں گے، سری نگر ہائی وے پر دوپہر 3 بجے آپ سے ملوں گا، سب خواتین کو بھی لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دے رہا ہوں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اسمبلی تحلیل کریں اورالیکشن کااعلان کریں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں