دھونی کا ’بوم بوم آفریدی‘ کے نعروں سے استقبال

کشمیر(ویب ڈیسک)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی اور پاکستانی کرکٹ اسٹار بیٹسمین شاہد آفریدی متعدد بار میدان میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئے لیکن بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے دورے میں بھی دھونی کو غیر متوقع طور پر ’بوم بوم آفریدی‘ کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

آپ یقینا ً چونک گئے ہوں گے۔۔ یا ۔۔ شاید حیران بھی ہوئے ہوں اس لئے پورا قصہ سنیں پھر اصلیت خودبہ خود سامنے آئے گی۔

قصہ کچھ یوں ہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے ’چنار کرکٹ پریمئیر لیگ ‘منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی مہندر سنگھ دھونی تھے۔میچ سے پہلے دھونی کو خصوصی تقریب میں اعزازی لیفٹیننٹ کرنل کا عہدہ دیا گیا۔ فوجی یونیفارم میں ملبوس دھونی جب میچ دیکھنے ضلع بارہ مولا کے علاقے کنزر پہنچے تو وہاں موجود نوجوانوں نے بھارتی اسٹار کا استقبال ’بوم بوم آفریدی‘ کے نعرے لگا کر کیا اور گراؤنڈ دھونی کے بجائے آفریدی کے نعروں سے گونجتا رہا۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

میڈیا نے دھونی سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کی بحالی سے متعلق سوال کیا تو 36 سالہ دھونی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ سیریز کھیل سے بڑھ کر ہے کیونکہ اس پر سیاسی اور سفارتی فیصلے اثر انداز ہوتے ہیں۔ پاک بھارت کرکٹ میچز سے معاشی فائدہ بھی بہت ہوتا ہے لیکن دونوں ممالک میں کرکٹ سیریز کا فیصلہ حکومتوں کو کرنا ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ کرکٹ سیریز آخری مرتبہ 2007 میں بھارت میں کھیلی گئی تھی۔ بھارتی ٹیم کو پاکستان کا جوابی دورہ کرنا تھا لیکن 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات تناؤ کا شکار ہوئے جس کا اثر کرکٹ روابط پر بھی پڑا۔

Advertisements
julia rana solicitors london

سال 2012 میں پاک بھارت کرکٹ فینز کو اس وقت امید کی کرن دکھائی دی تھی جب پاکستان نے بھارت جا کر دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچز کھیلے، لیکن اس کے بعد سے اب تک دونوں ملکوں کے درمیان کوئی کرکٹ سیریز منعقد نہیں ہوئی اور مستقبل قریب میں بھی اس کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply