• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ، آج ہی حکم جاری کریں گے، چیف جسٹس

ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ، آج ہی حکم جاری کریں گے، چیف جسٹس

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے ہیں کہ عدالت آج ہی ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ بارے کیس میں حکم جاری کرے گی،جو کچھ قومی اسمبلی میں ہوا اسکی آئینی حیثیت کا جائزہ لینا ہے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کر رہا ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت کئی سیاستدان اور وکلا کی بڑی تعداد کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔ ایڈووکیٹ نعیم بخاری اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔

مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے بھی وکلا عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد جمع کرانا سیاسی جماعتوں کا حق ہے، عدم اعتماد جمع کرنے کیلئے وجوہات بتانا ضروری نہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ وہ اہم نوعیت کے معاملے پر فل کورٹ بنائے۔

چیف جسٹس نے استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال بھی فل کورٹ کی وجہ سے دس ہزار مقدمات کا اضافہ ہوا، ایسا کرنے سے تمام دیگر مقدمات متاثر ہوتے ہیں۔ اگر آپ کو بنچ میں موجود کسی جج پر اعتراض ہے تو وہ بتائیں؟ اگر کسی کو ہم پر اعتماد نہیں ہے تو پھرہم یہاں سے چلے جائیں گے۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ہمیں آپ پر مکمل اعتماد ہے اور اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے آٹھ مارچ کو اسمبلی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرائی، اسپیکر قواعد کے مطابق چودہ دن میں اجلاس بلانے کے پابند ہیں، اسپیکر نے تیرھویں دن اجلاس بلایا۔ اور 20 مارچ تک اجلاس نہ بلانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی،اس کے بعد اسپیکر نے 25 مارچ کو اجلاس بلانے کا نوٹی فی کیشن جاری کر دیا، پھر 28 مارچ کو اجلاس ہوا جو ایک ایم این اے کی فوتگی کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا ریکوزیشن کے بعد ایسا نہیں سمجھا جاتا کہ اجلاس چودہ دنوں میں بلایا جانا ہے ؟

جسٹس جمال مندوخیل نے مکالمہ کیا کہ آپ جو کچھ کہہ رہے ہیں وہ کیس ہم نہیں سن رہے،آپ کا کیس وہ نہیں جو آپ بول رہے ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors london

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آرٹیکل 95 وزیراعظم پر کسی چارج یا الزام کی بات نہیں کرتا ،عدم اعتماد کے ووٹ کے لیے کوئی وجہ ہونا ضروری نہیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply