الجوف کا بین الاقوامی زیتون میلہ۔۔منصور ندیم

ہر سال کی طرح اس سال بھی الجوف (سعودی عرب) میں زیتون بین الاقوامی میلے کے پندرہویں سیزن (Al Jouf Olive International Fastival (15th Edition کا آغاز ہوچکا ہے، تین دن پہلے بدھ کے روز سے سکاکا کے پرنس عبداللہ کمیونٹی سینٹر Prince Abdullah Community Center میں اس کا دس روزہ انعقاد ہوا ہے۔ یہ تمام خلیجی ممالک میں ہونے والا سب سے بڑا زیتون میلہ ہے۔ جس میں پورے خلیجی ممالک کی مقامی زیتون اور زیتون کے تیل کی کمپنیوں کے علاوہ غیر ملکی کمپنیاں بھی اپنی زیتون کی مصنوعات کا تعارف کروارہی ہیں ۔

سعودی عرب کا شمالی علاقہ الجوف کو مقامی طور پر “سلة زيتون” یعنی ’زیتون کی ٹوکری‘ پکارا جاتا ہے، کیونکہ یہاں پر تقریبا ًسات ہزار 300 ہیکٹر رقبے پر پر 18 ملین سے زیادہ زیتون کے درخت ہیں۔یہاں کی مٹی خاص طور پر زرخیز ہے اور درختوں کو اگانے کے لیے بہت مفید ہے، یہاں سالانہ ہزاروں لٹر زیتون کا تیل پیدا ہوتا ہے۔سعودی حکومت نے یہاں زیتون کے کاشتکاروں اور سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولیات دی ہیں، تاکہ اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور پیداوار کے حجم میں اضافہ ہوا ہے۔ ایسے میلوں کا مقصد مقامی سطح پر زیتون اور زیتون کے تیل پیدا کرنے والوں کے لیے مارکیٹنگ کے مواقع کو بڑھانا، زیتون کے تیل میں سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ہے، تاکہ اس صنعت میں سے مقامی سعودی تاجر اور خواتین معاشی فائدہ لے سکیں۔

اس میلے میں ڈیڑھ لاکھ لٹر سے زیادہ زیتون کا تیل اور پچاس ہزار کلو گرام زیتون مختلف سٹالز پر موجود ہے۔ میلے میں زیتون کے درخت، باغات، انواع و اقسام اور اس کی کاشت کے طریقہ کار، سمارٹ اریگیشن سسٹم Smart Irrigation System اور غیرملکی مشینوں سے کیسے اس کاشتکاری کو فائدہ ملتا ہے۔ یہاں ایک عجائب گھر بھی ہر سال لگتا ہے، جہاں زیتون کی مکمل تاریخ دکھائی جاتی ہے۔ زیتون کا درخت یونانی، رومانی اور فرعونی تمدنوں میں یکساں طور پر مقبول رہا ہے، یونانی، رومانی اور مصری تہذیبوں میں زیتون کا درخت کب، کیسے اور کہاں پروان چڑھا، اور آج کے عہد میں زیتون کن کن ملکوں میں پیدا ہوتا ہے، اور کہاں کتنی مقدار میں اس کی پیداوار ہے، پیداوار کے طور طریقے کیا ہیں، اس جیسی دیگر معلومات کو اس عجائب گھر میں دکھایا جاتا ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

اس میلے کے اختتام کے آخری دن ہونے والے اختتامیہ پر الجوف کے بہترین پانچ کسانوں، بہترین زیتون اور بہترین تیل پیدا کرنے والوں کو حکومت کی جانب سے پانچ لاکھ ریال کی انعامی رقم بھی دی جائے گی، زیتون کے میلے میں الجوف کے 50 سے زائد کاشتکاروں نے سٹالز لگائے ہوئے ہیں۔ میلے کو بہت خوبصورت طریقے سے سجایا گیا ہے، جہاں زیتون کا مصنوعی درخت بھی لگائے گئے ہیں، مقامی کھانے پینے کے اسٹالز علاوہ اور زیتون کے اچار، زیتون کی مزید بہت ساری مصنوعات کے اسٹالز بھی ہیں۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply