• صفحہ اول
  • /
  • سائنس
  • /
  • کائنات کی ابتداء اور سنگولیرٹی(حصّہ اوّل)۔۔قراۃ العین

کائنات کی ابتداء اور سنگولیرٹی(حصّہ اوّل)۔۔قراۃ العین

کائنات کیا ہے، نیز یہ کب اور کیسے وجود میں آئی ۔ان جیسے بہت سے سوالوں نے ہزاروں سال کا سفر طے کیا ہے۔آج ہم کائنات کی ابتداء کے بارے میں جانتے ہیں کہ بگ بینگ سے ہوئی مگر بگ بینگ سے پہلے کیا تھا، بگ بینگ کب ہوا, کہاں ہوا, کیسے ہوا, کائنات کے باہر کیا ہے, کائنات کتنی بڑی ہے ؟۔یہ سب اور ان جیسے لاتعداد سوالوں کے جوابات آج بھی تشنہ ہیں اور ہمارے سائنسی اور ریاضیاتی ماڈلز ان سوالات کا جواب دینے سے قاصر ہیں۔ کائنات کی ابتداء اور کائنات کی تخلیق کے بارے میں جاننے سے قبل کچھ موضوعات کی وضاحت ضروری ہے جو بگ بینگ اور کائنات کی وضاحت سے متعلق ہیں جیسے کہ سنگولیرٹی, پلانک اسکیل اور انفلیشن وغیرہ۔

یہ ایک عمومی غلط فہمی ہے کہ بگ بینگ کے وقت کائنات کسی ذرّے میں مقید تھی ،سنگولیرٹی کو ذرّے یا نقطے سے تشبیہ دینا یا یہ کہنا کہ بگ بینگ کے وقت سارا مادہ ایک نقطے میں قید تھا، سائنسی طور پر غلط ہے۔ یہ صرف سمجھانے کے لئے کہا جاتا ہے کہ کائنات ایک نقطے سے شروع ہوئی ،جب کہ درحقیقت نقطے کی بھی کمیت اور حجم ہوتا ہے جو کہ مادے کے خواص ہیں اور مادہ بگ بینگ کے بعد پیدا ہوا۔ حقیقت میں ہمارے موجودہ سائنسی اور ریاضیاتی ماڈلز عین بگ بینگ کے لمحے کی وضاحت سے قاصر ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors london

سنگولیرٹی کسی نقطے یا جگہ کا نام نہیں ہے نہ ہی یہ کوئی فزیکل چیز ہے۔ سنگولیرٹی سمجھنے سے پہلے یہ وضاحت ضروری ہے کہ بگ بینگ ایک ریاضیاتی ماڈل ہے اور ریاضی کی مساواتوں میں جب ہم اِن پُٹ دیتے ہیں تو مخصوص آؤٹ پُٹ حاصل ہوتا ہے سنگولیرٹی کا تعلق ریاضی سے ہے اور یہ ریاضیاتی ماڈل کی خامی کو کہا جاتا ہے۔ اس میں کچھ حالات میں ریاضی کے ماڈل کسی بھی پیشگوئی کے قابل نہیں ہوتے۔ ریاضی میں کسی بھی فارمولے یا مساوات کو اگر صفر سے تقسیم کیا جائے تو اس کا جواب ریاضی کے پاس نہیں ،اس لئے اس حالت میں جواب کو انفینٹی  یا لامحدودیت کہا جاتا ہے۔ نظریہ اضافیت کی رو سے کائنات کو ظاہر کرنے والے فزکس کے فارمولے میں اس طرح کی کوئی چیز صفر سے تقسیم ہورہی ہو تو جواب انفینیٹ آتا ہے ۔اسی حالت کو سنگولیرٹی کہا جاتا ہے۔ یعنی کائنات کی تشکیل سنگولیرٹی سے نہیں ہوئی نہ ہی سنگولیرٹی کا کائنات کی تشکیل میں کوئی کردار یا تعلق ہے اور نہ ہی یہ کسی نقطے یا  ذرّے کا نام ہے۔ سنگولیرٹی دراصل نہ صرف ہمارے ریاضیاتی ماڈل کی خامی کا نام ہے بلکہ ہمارے تمام تر ماڈلز بگ بینگ کے لمحے کی وضاحت سے قاصر ہیں۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply