(نامہ نگار :فرزانہ افضل)برطانیہ کے محکمہ موسمیات نے موسم کی خطرناک ترین وارننگ جاری کردی ہے۔ طوفان یونس جس کی رفتار 100 میل فی گھنٹہ کی ہے، کے باعث جانی نقصان کا اندیشہ ہے۔ حکومت نے موسم کی شدت کے باعث فوری طور پر سکولوں میں چھٹی کر دی ہے، اور فوج کو ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مستعد کر دیا ہے۔ بیشتر فلائٹس کینسل ہو گئی ہیں۔
پیشگوئی کے مطابق تندوتیز ہواؤں کی وجہ سے اڑتا ہوا ملبہ زندگیوں کے لیے شدید خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ گھروں اور عمارتوں کی چھتوں کو شدید نقصان اور بجلی کی لائنیں متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ حکومت اور محکمہ موسمیات نے کسی بھی قسم کے غیر ضروری سفر سے منع کیا ہے اور عوام کو گھروں پر رہنے کی تاکید کی ہے ۔
جبکہ برطانیہ کے بعض علاقوں میں 43،000 گھروں میں اب تک بجلی معطل ہو چکی ہے۔ برطانیہ کے جنوب مغربی علاقوں اور ویلز کے شہر برسٹل ، سوان سی اور کارڈف ، خصوصاً ساحلی علاقوں میں شدید آندھی کی وجہ سے سیلاب کا بھی امکان ہے۔ جبکہ کئی علاقوں میں برفباری بھی ہو رہی ہے ۔ طوفان یونس کی شدت نے تیس سال قبل 1987 میں آئے بہت بڑے طوفان کا بھی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ بعض علاقوں میں آندھی کی رفتار 122 میل فی گھنٹہ بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔

موسم کی شدت اور سنگینی کی وجہ سے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حکومت کا ایمرجنسی کوبرا اجلاس بھی کیا گیا ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں