بہت پیار۔۔سلیم مرزا

ڈیجیٹل دنیا میں بننے والے نان ڈیجیٹل رشتے اتنے گہرے ہوتے جارہے ہیں کہ پہلے کسی فیس بک فرینڈ کا نمبر سیو کرنا ہوتا تھا تو آخر میں FB لکھتا تھا ۔
آجکل سوشل میڈیا سے باہر کے کسی عزیز کا نمبر محفوظ کرنا پڑ جائے تو سوچنا پڑتا ہے کہ
“اینوں کتھے لکھیے “؟

کچھ روز پہلے شادی کی تقریب میں دو لڑکیوں نے سیلفی کی درخواست کی ۔بہت خوشی ہوئی بیگم کو بتایا کہ تقریب میں میری کچھ فینز بھی آئی ہوئی ہیں ۔کہنے لگی
“آپ کی تو مت ہی وجی ہوئی ہے ۔آپ کے چاچے کی بیٹی کی بیٹیاں ہیں، چل چلاؤ والے بزرگوں کے ساتھ تصاویر بنا رہی ہیں کہ ، جانے کب، کون سا بابا چل نکلے ،یادگیر تو رہ جائے۔ ”

میں شرمندہ نہیں ہوا بلکہ سوشل میڈیا کا مشکور ہوا کہ مجھے ابنِ فاضل جیسے دوستوں سے ملوایا جو انجینئرنگ میں ایسے ازدواجی کمالات کر رہے ہیں ،وہ مشین جو پہلے صرف لوہا کوٹتی تھی وہ اب لوہے کو کان سے پکڑ کر کوٹتی ہے  ۔ان کی بنائی مشینیں ان چیزوں کا بھی جوس نکال رہی ہیں جنہیں بشارت حمید بھٹہ خشت سوم کہہ کر بنیادوں میں جھونک دیتے تھے ۔
بشارت حمید کبھی فیصل آباد کے تھے، اب کہیں کے نہیں رہے ۔۔سنا ہے گاڑی کے ڈومیسائل کو مستقل پتے کی جگہ استعمال کررہے ہیں ۔فیصل آباد سے ہی شازیہ شریف ہیں ۔جو تعلیم جیسے غیر اہم شعبے میں ہوتے ہوئے زراعت کے شعبے میں آرگینک سبزیوں پہ کام کررہی ہیں ۔
“جو گڑ سے مرے اسے زہر کیوں دیں ۔”کے فارمولے کے تحت خواتین کو آن لائن ایسا گڑ بنا کر دے رہی ہیں ۔جس سے شوہر کو مرنے سے پہلے کم ازکم شوگر ضرور ہوگی ۔ ربیعہ آجکل انہی کی زیر نگرانی گھر پہ دھتورے کا دھنیا اُگا رہی ہیں ۔

سنا ہے اس سے شوہر کو باجی راؤ کی مستانی بھی راؤ طاہر لگنے لگے گی ۔حالانکہ میں ویسے بھی انڈین ایکٹریس کی طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھتا ،بس موبائل سکرین پہ آنکھ بھر کر دیکھ لیتا ہوں ۔مجھے تو یہ بھی نہیں پتہ کہ آج نورا فتیحی کی سالگرہ تھی ۔مجال ہے جو میرے دل میں وش کرنے کا خیال آیا ہو،
کیونکہ آج میری آپا نویدہ کوثر کی سالگرہ ہے ۔۔

آپا بھی ابن فاضل اور شازیہ شریف کی طرح سائنسدان ہیں ۔انہوں نے فیس بک پہ اتنے پیارے اور بہت سارے رشتے بنارکھے ہیں ۔۔
کوئی بیٹا، کوئی بھانجا، بھتیجے، چاچا ۔،ماموں بھائی وغیرہ وغیرہ اگر ان کے حساب سے فیس بک پہ چلوں تو اکاؤنٹ ہی ڈیلیٹ کرنا پڑجائے ۔اگر نویدہ کوثر ب فارم میں میری بہن ہوتی تو میری بیوی رشتے میں انعام رانا کی خالہ بنتی ہے، اور میں یاسر شیخ کا تایا نکلتا ۔۔۔

انہوں نے محبت میں حساب ایسا گڈمڈ کردیا ہے کہ سعید سادھو، خالد قیوم تنولی کا ہم زلف نکل رہا ہے، شکر ہے میں گنجا ہونے کی وجہ سے کسی کا ہم زلف نہیں بنا ۔۔آپا جنس دیکھے بغیر سلامت رہیں اتنے پیار سے کہتی ہیں کہ زبیر کی بھینس کو فاخرہ نورین سوتن لگنے لگی ہے ۔

آج نویدہ کوثر باسٹھ سال کی ہوکر بھی مجھ سے پانچ سال چھوٹی نکل رہی ہے تو یہ ان کی محبت کا کمال ہے ۔

آپا اپنی بات کہنے اور منوانے کا ہنر جانتی ہیں، یقین کریں آج شاہ فیصل زندہ ہوتا تو فیصل آباد کو واپس لائلپور بناکر مرتا ۔ورنہ آپا نے “سلامت رہیے “کہہ کہہ کر مار دینا تھا ۔
آپا ضد کرکے ویلنٹائن سے ہفتہ بھر پہلے پیدا ہوئیں کہ سوشل میڈیا پہ محبتوں کا تہوار آنے والا ہے ۔وہ تو مارکا مرجانا لیٹ پیدا ہوا ،اور فیس بک لیٹ ہوگئی ۔۔۔

Advertisements
julia rana solicitors london

اب رات کے دوبجے ہیں اس وقت میں آپا نویدہ کی سالگرہ پہ نیک تمنا کا کوئی لفظ نہیں لکھوں گا، کیونکہ بہنوں کیلئے دعائیں لفظوں کی حد سے ماورا ہوتی ہیں ۔اس قبولیت کے وقت، سوچوں کے سارے دروازے بند کرکے، دو مسکراتے آنسوؤں کے ساتھ ،دل کی گہرائیوں میں پرورگار کو محسوس کرکے اس سے صرف اتنا کہا ہے ۔
“اے اللہ ،ایس بچی دا خیال رکھیں ۔”

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply