چائنا میڈیا گروپ کے ایوننگ گالا کا نیا ریکارڈ۔۔زبیر بشیر

چائنا میڈیا گروپ کے جشن بہار ایوننگ گالا نے دنیا بھر سے ناظرین کی ایک بڑی تعداد کو اپنی جانب راغب کیا۔ رواں سال جشن بہار ایوننگ گالا کو دیکھنے والے ناظرین کی تعداد1.296 بلین تک پہنچ گئی جو ایک نیا ریکارڈہے۔ نیو میڈیا پلیٹ فارمز پر 7.133 بلین بار جشن بہار گالا دیکھا گیا۔

رواں برس سی این این اور بی بی سی نے اپنی ویب سائٹس پر “چائنیز اسپرنگ فیسٹیول کلچر زون” کا آغاز کیا تاکہ بیرون ملک مقیم ناظرین کو چینی اسپرنگ فیسٹیول کی ثقافت اور روایتی رسوم و رواج سے متعارف کرایا جا سکے۔ بی بی سی ورلڈ نیوز چینل اور نئے میڈیا ٹرمینل نے اسپرنگ فیسٹیول گالا کی پروموشنل ویڈیو نشر کی، جو 25 ملین سے زیادہ ناظرین تک پہنچی، اسی طرح سی این این کے مختلف پلیٹ فارمز پر نشر ہونے والی اسپرنگ فیسٹیول گالا پروموشنل ویڈیو کل 408 ملین عالمی ناظرین تک پہنچ چکی ہے۔

اکتیس جنوری کی شام چائنا میڈیا گروپ کے جشنِ بہار ایوننگ گالا نے دنیا کے اربوں ناظرین کو شیر کے سال میں خوش آمدید کہا ۔ اس شاندار ثقافتی شو میں خوبصورت گانے، روائتی رقص، مزاحیہ  خاکے، سنسنی خیز کرتب اور جدید ٹیکنالوجیز  سے ناظرین کے لئے شاندار تفریح پیش  کی گئی۔ یہ شو سنہ 1983 سے باقاعدگی سے پیش کیا جارہا ہے اور نئے قمری سال کے موقع خاندانوں کو مل بیٹھ کر خوشیاں سمیٹنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس سال جشن بہار ایوننگ گال کی 40ویں سالگرہ بھی ہے۔ گزشتہ چالیس سالوں کی ترقی کے بعد “اسپرنگ فیسٹیول ایوننگ گالا” سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی اور اطلاق کی نمائش کا ایک جامع پلیٹ فارم بن چکا ہے، جو ہر سال تمام ناظرین  کے نئے جمالیاتی ذوق کی تسکین کرتا ہے۔ مثال کے طور پر 2021 میں، اسپرنگ فیسٹیول گالا میں اختراعی ٹیکنالوجیز کا اطلاق، AI+VR  3D کی پہلی ایپلی کیشن سے ناظرین کے لیے ایک شاندار سمعی و بصری تجربہ پیش کیا گیا ۔

اس گالا کے دوران ثقافت اور ٹیکنالوجیز کا شاندار امتزاج نظر آیا۔ گالا کے دوران  ایکسٹینڈڈ ریلیٹی اور ورچوئل ریلیٹی جیسی نئی ٹیکنالوجیز کے استعمال نے چار چاند لگا دئیے۔ دوران نشریات گالا میں  720 ڈگری کی خمیدہ اسکرین نے ناظرین کے بصری تجربے کو یادگار بنادیا۔ گالا کو شروع سے آخر تک اندرون و بیرون ملک سامعین اور میڈیا کی جانب سے بھرپور توجہ حاصل ہوئی۔ ابتدائی اعدادوشمار کے مطابق، 31 جنوری کو رات بارہ بجے تک، 2022 کے اسپرنگ فیسٹیول گالا ٹی وی کی براہ راست نشریات کے اوسط ناظرین کی شرح 21.93فیصد تک پہنچ گئی۔ نیو میڈیا لائیو آن ڈیمانڈ صارفین کی تعداد 4.932 بلین  تک پہنچ گئی، جس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
امریکہ، کینیڈا، فرانس، اٹلی، روس، جاپان، برازیل، آسٹریلیا، بھارت، متحدہ عرب امارات، سنگاپور اور جنوبی افریقہ سمیت 170 سے زائد ممالک اور خطوں کے 600 سے زائد میڈیا اداروں نے گالا کو نشر یا پورٹ کیا۔

چائنا میڈیا گروپ کا جشن بہار ایوننگ گالا دنیا میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ٹی وی پروگرام ہے۔ اس گالا میں میں مختلف شوز کے ذریعے دنیا بھر میں موجود چینی شہریوں کو جشن بہار منانے کے لئے مثبت اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا تا ہے۔ جشن بہار ایوننگ گالا گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ٹی وی پروگرام کی حیثیت سے جانا جاتا ہے۔یہ ایسا رنگا رنگ ٹیلی ویژن پروگرام ہے جس کی پوری چینی قوم دیوانی ہے۔

چین کے لوگ روایتی رسم و رواج کے مطابق جشن بہار کا موسم قمری کیلنڈر کے بارہویں یعنی آخری مہینے “لایوئے” کی 23ویں تاریخ سے شروع ہوتا ہے اور اگلے سال کے پہلے ماہ یعنی “چنگ یوئے” کی 15 ویں تاریخ کو لالٹین تہوار تک منایا جاتا ہے ۔ اس دوران سال گذشتہ کی آخری رات اور نئے سال کا پہلا دن سب سے اہم دن ہیں۔

جشن بہار کی شام کی خاندانوں کے ملن میں خصوصی اہمیت ہے۔ عیسوی کلینڈر کے مطابق اس سال 11 فروری کی شام چین میں چاند رات ہوگی۔ اس روز وہ نوجوان یا افراد جو اپنے گھروں اور شہروں سے تعلیم حاصل کرنے یا نوکری کی کی غرض سے باہر گئے ہوتے ہیں وہ واپس لوٹ آتے ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

اس رات لوگ اپنے اہل خانہ کے ساتھ اکھٹے ہو کر ایک بڑی ضیافت کا اہتمام کرتے ہیں۔ وہ رات دیر تک جاگتے ہیں۔ ان کی آنکھیں نئے سال کے استقبال کے لئے منتظر رہتی ہیں۔ اس رات وہ چیز جو ضرور کھائی جاتی ہے وہ ہے ڈمپلنگ۔ یہ رات خاندانوں کو آپس میں جوڑتی ہے اور جشن بہار ایوننگ گالا پوری قوم کو ایک ساتھ جوڑتا ہے۔

Facebook Comments

Zubair Bashir
چوہدری محمد زبیر بشیر(سینئر پروڈیوسر ریڈیو پاکستان) مصنف ریڈیو پاکستان لاہور میں سینئر پروڈیوسر ہیں۔ ان دنوں ڈیپوٹیشن پر بیجنگ میں چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس سے وابستہ ہیں۔ اسے قبل ڈوئچے ویلے بون جرمنی کی اردو سروس سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ چین میں اپنے قیام کے دوران رپورٹنگ کے شعبے میں سن 2019 اور سن 2020 میں دو ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply