جماعت اسلامی کے پاس کھونے کو کچھ نہیں۔۔اکرام اللہ

 

سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے خلاف سندھ اسمبلی کے سامنے جماعت اسلامی کے دھرنے کے 26 دن مکمل ہوچکے ۔ دھرنے کے آغاز سے احباب کی طرف سے ملی جلی آراء دیکھنے کو مل رہی ہیں ، کوئی مصر ہے کہ دھرنے کے دباؤ کے نتیجے میں سندھ حکومت کو پسپائی اختیار کرکے بل واپس لینا ہوگا جبکہ کچھ بضد ہیں کہ پیپلز پارٹی اسے اپنا تھوکا چاٹنے کے مترادف سمجھے گی اور چاہے دھرنا کتنا ہی طول کیوں نہ پکڑے ، اس بل کو کسی طور واپس نہیں لیا جائے گا اور یوں وہ سندھ حکومت کی ہٹ دھرمی کو استقلال سے تعبیر کرتے ہوئے گویا ہوتے ہیں کہ جماعت اسلامی کو منہ کی کھانی پڑے گی لیکن اگر غیر جانبدارانہ نظر دوڑائی جائے تو یہ کہنا محال نہیں کہ موجودہ تنازع  جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کا ہر گز نہیں بلکہ یہ تنازع  پیپلز پارٹی اور کراچی کے شہریوں کے مابین ہے۔

جماعت اسلامی کے مطالبے کے مطابق اگر 2001 یا 1972 کے بلدیاتی قانون کے مطابق مئیر کراچی کو اختیارات مل پائیں گے تو اس سے کراچی کے مکینوں کے ایک اچھے مستقبل کا امکان پیدا ہوگا جبکہ اختیارات حاصل نہ ہوسکنے کی صورت میں درپیش مسائل کراچی کے رہائشیوں کو ہی بھگتنے ہوں گے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

اس لیے اس غلط فہمی سے نکل آنا چاہیے کہ جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی دست و گریباں ہے ، ہاں یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ جماعت اسلامی کراچی کی آواز بن کر پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کے سامنے سینہ سپر ہے۔ اسی لیے میں سمجھتا ہوں کہ دھرنے کے محاذ پر جماعت اسلامی کی ہار یا جیت کا انحصار بل کے نفاذ یا معطلی پر ہر گز بھی نہیں ، جماعت اسلامی بہر طور یہ محاذ جیت چکی ہے کہ اس نے بل پیش ہوتے ہی اپنی بیداری کا ثبوت دیا ہے ، اسمبلی اور عوام الناس میں جماعت اسلامی نے اسے رد کرتے ہوئے کالے قانون سے منسوب کیا ہے جبکہ عدالت میں اس کی منسوخی کی قانونی جنگ لڑنے کے لیے کھڑی ہوگئی ہے ، یہ جماعت اسلامی کی کامیابی نہیں تو اور کیا ہے کہ اس نے نہ صرف کراچی میں اپنے کارکنان کو منظم کیا بلکہ اپنے احتجاج کو پھیلایا ہے اور ملکی اور عالمی سطح پر اس بل کے خلاف اور کراچی کو حق دلوانے کے لیے ایک مزاحمتی تحریک پیدا کی ہے۔

چڑھتے سورج کی طرح جماعت اسلامی کا احتجاج بھی عیاں ہے کہ یہ نہ تو علامتی ہے نہ ہی بند کمروں میں نشست و برخاست تک محدود ، یہ ایک کامیابی ہی ہے کہ مدلل انداز میں کراچی کا مسئلہ اجاگر کرلیا گیا ہے لیکن اس سے بھی بڑھ کر یہ کہ ملک کی غیر سیاسی فضاء میں بھی جماعت نے اپنے کارکنان کو ایک سیاسی سرگرمی کے ذریعے متحرک اور فعال کیے رکھا ہے ۔ جماعت اسلامی کی مزید ایک بڑی کامیابی یہ ہے کہ درون خانہ دیگر جماعتوں کے کارکنان بھی جماعت اسلامی کے مؤقف کے حامی ہیں اگرچہ  تاحال  قابل ذکر تعداد میں کسی جماعت کے کارکنان نے بھی کھل کر دھرنے کی مکمل حمایت اور اس سے یکجہتی کا اظہار نہیں کیا لیکن کراچی میں بسنے والا معمولی سی فہم رکھنے والا کوئی فرد بھی اس حقیقت سے غافل نہیں کہ  شہر کے اختیارات دیہاتوں کو منتقل ہونے سے ہر کسی کی سیاست ماند ہی پڑے گی۔ 
جماعت اسلامی کا مثالی نظم و ضبط ، کراچی جماعت کی ماضی قریب میں بحریہ ٹاؤن، سوئی سدرن گیس، کے الیکٹرک و دیگر مسائل پر مزاحمت شاہد ہے کہ اگر شہر میں یہ تنظیم کسی مسئلے پر ڈٹ جائے تو اسے سر کر ہی لیتی ہے بہر کیف نتیجہ کچھ بھی ہو جیت جماعت اسلامی ہی کی ہے کہ اس جنگ میں جماعت اسلامی کے پاس کھونے کو کچھ نہیں اور پانے کے لیے ایک جہاں ہے۔ 

Facebook Comments

اکرام اللہ
اکرام اللہ عرصہ دراز سے درس و تدریس سے وابستہ ہیں اور کراچی، اسلام آباد، نوشہرہ اور سوات میں تدریس کے فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ انسانی حقوق کے سرگرم کارکن ہیں اور نظم و نثر کے ذریعے مظلوموں کی داد رسی کرتے ہیں۔ مزید یہ کہ آپ 'کراچی مزدور اتحاد' کے کنوینر اور 'اکیڈمک ویلفئیر اینڈ ایڈوائزری زون (آواز)' کے سرپرست بھی ہیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply