واشنگٹن: صدر جو بائیڈن نے روس کو یوکرین پر حملے سے روکنے کیلئے یورپی رہنماؤں سے ہنگامی بات چیت کے بعد مغربی طاقتوں کے مابین مکمل اتحاد کا اعلان کردیا ہے۔ امریکی و اتحادی نیٹو ممالک کی فوج الرٹ کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمۂ دفاع (پینٹاگون) کا کہنا ہے کہ نیٹو کو کمک کے طور پر ممکنہ تعیناتی کیلئے 8 ہزار 500 امریکی فوجی تیار ہیں جبکہ صدر جو بائیڈن نے یورپ اور نیٹو کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے بعد مکمل اتفاقِ رائے کا اعلان کیا۔

امریکا کے سب سے بڑے اتحادی برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن کے دفتر سے بیان جاری کیا گیا کہ نیٹو رہنماؤں نے بڑھتی ہوئی روسی جارحیت کے تناظر میں عالمی اتحاد کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ جرمنی کا کہنا تھا کہ کشیدگی میں کمی لانا روس پر منحصر ہے۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے خبردار کیا کہ اگر روس کی طرف سے یوکرین پر مزید جارحیت ہوئی تو سخت قیمت ادا کرنا ہوگی۔ امریکی صدر کی ویڈیو کال کے دوران فرانس، اٹلی، پولینڈ اور یورپی یونین کے رہنما بھی رابطے میں رہے۔
روس کا اصرار ہے کہ اس کا یوکرین پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم صدر ولادی میر پیوٹن نے کم و بیش 1 لاکھ روسی فوجی یوکرین کے نزدیک تعینات کرکے امریکا، یورپی یونین اور نیٹو رہنماؤں کی نیندیں حرام کردی ہیں جس کے پیچھے سیاسی مفادات ہیں۔
روس کی جانب سے یہ ضمانت دینے کا مطالبہ سامنے آیا ہے کہ یوکرین کو کبھی نیٹو میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کشیدگی میں کمی کے عوض امریکا کی طرف سے دیگر رعایتوں کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے تاہم یہ مطالبات مسترد کردئیے گئے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں