کیا بلاول۔ بھٹوکوزندہ کر لیں گے۔؟

کیا بلاول۔ بھٹوکوزندہ کر لیں گے۔؟
اجمل ملک
میں سیاسی طور پر دہریہ ہوں۔میرےمن نے آج تک۔ایسا کوئی سیاسی بُت نہیں تراشا۔ جس کا میں پجاری بن جاؤں۔ ماتھے پر قشقہ لگاؤں۔رتےرنگ کا چوغا پہنوں اور بن میں جوگی بن کے پباں بھار ناچتا پھروں۔سیاست کے بت کدے میں بھگوان بنے بیٹھے لوگ مجھےکبھی نہیں بھائے۔لیکن میری یہ خواہش ضرور رہی کہ کوئی سلطان محمود غزنوی آئےاور ناخداؤں کےسارے سومنات پاش پاش کر دے۔ پھر وہ نئے حرم کی بنیاد رکھے۔ ایسا حرم جس کی بنیادوں۔میں۔توحید اور وطن پرستی کامکسچرڈالا جائےتاکہ سارے دھرئیےایمان لے آئیں وطن سےمحبت میرا ایمان ہے۔بلکہ میں اورپاکستان عشق مجازی میں مبتلا ہیں۔مجھے وطن سےعشق کرنے والے رقیب چاہئیں۔سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانے والے۔قلب اطہر سے۔پاکستان کھپے۔والا نعرہ لگانے والے ۔
پاکستان کھپے۔یہ نعرہ پیپلزپارٹی کا ہے۔جو۔ آج تاریخ کے نازک ترین موڑ پر کھڑی ہے۔ دسمبر 2007 میں بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلزپارٹی کواقتدار ملا تھا۔ دنیا جانتی ہے کہ بھٹو مر چکے ہیں لیکن یہ پیپلزپارٹی ہی تھی جس نے انہیں زندہ رکھا ہواتھا۔ 2008 میں ملنے والے اقتدار کے دوران پیپلزپارٹی نےخاصی محنت سےبھٹو کو دفن کردیا ۔اب کوئی ’’یدبیضا‘‘ ہی مردے میں جان ڈال سکتا ہے۔ صدر ۔ زرداری،وزیراعظم گیلانی اور۔وزیراعلی قائم علی شاہ کی انتھک محنت نے بھٹو کو پہلے دلوں سے پھر گھروں سے نکالا۔زندہ ہے بھٹو کہنے والے’’تبدیلی‘‘کا شکارہو گئے۔انہیں اقتدار تو نہ مل سکا لیکن وہ بنی گالہ کی غلام گردشوں میں ۔کونجوں کی ڈار کی طرح قطار اندر قطار۔ضرور کھڑے ہیں۔میرا دوست شیخ مرید کہتا ہے کہ سیاست ڈربی ریس کی طرح ہوتی ہے۔جہاں ہارس ٹریڈنگ ہوتی رہتی ہے ۔ گھوڑے فی الحال تو اپنے اپنے اصطبل میں ہیں۔اس سال پپیلزپارٹی۔ہارس ٹریڈنگ کی سب سے بڑی منڈی لگائے گی۔
پاکستان ایسا ملک ہے جہاں اسمبلی سے زیادہ سیاست سوشل میڈیا پر ہوتی ہے۔بلکہ فیس بک تو ملکی سیاست کا ہائیڈ پارک ہے۔جہاں تبصرے کرنے والے بھی موجود ہیں اورتنقید والے بھی۔جہاں نواز شریف کو وزیر اعظم ماننے والے اور۔رسیدیں مانگنے والے بھی ہیں۔عمران خان کوتبدیلی کی امیدسمجھنے والے اور یوٹرن خان کہنے والےبھی ہیں۔جہاں بلاول کو لیڈرماننے والے اور بلو رانی کہنے والےسبھی بیٹھے ہیں۔ سوشل میڈیا پاکستانی سیاست کی سب سے بڑی اسمبلی ہے۔جہاں روزانہ ہزاروں ، لاکھوں لوگ سیاست کرتے ہیں۔جہاں لڑکے ۔لڑکیاں بن کر جعلی اکاونٹس چلا رہےہیں۔ مرید کہتا ہے کہ فیس بک پرجعلی اکاونٹس بنانے والے لڑکے ۔ لڑکی تو بن گئےہیں لیکن یہ کم بخت عمر بھر ماں نہیں بن سکتے‘‘۔
پیپلزپارٹی پاکستانی سیاسی جماعتوں کی ایسی ماں ہے۔جسےکبھی پھانسی پر چڑھا کررنڈوا کیا گیا اور کبھی بم دھماکے کرکے بےاولاد۔ ستم رسیدہ پیپلزپارٹی کی باگ ڈور آج بلاول زرداری کے ہاتھ میں ہے۔وہ پیپلزپارٹی کی حیات نوکاعزم لے کر نکلے ہیں۔2013 کے انتخابات میں طالبان کی دھمکیوں کی وجہ سے پیپلز پارٹی انتخابی مہم نہیں چلا سکی تھی۔خوف ایسالرزہ خیز تھا کہ جیالوں نے ووٹ بھی دوسری جماعتوں کو ڈال دئیے۔پیپلزپارٹی کو احساس ہوچکا ہے کہ مکئی بیج کر گندم نہیں کاٹی جا سکتی۔بھینس بیچ کر گھوڑی کوئی نہیں خریدتا۔۔سندھ جیت کر اسلام آباد نہیں ملتا۔پنجاب میں پیپلزپارٹی کی مقبولیت کا جوحشرہو چکا ہے، اسے نشر کرنا مشکل کام نہیں اورحشربرپاکرکے پارٹی بلاول کو تھما دی گئی ہے۔ کلی جان اوردکھ ہزار والا معاملہ ہے۔ بلاول جانتے ہیں کہ اسلام آبادجانا ہے تو پنجاب جیتنا ضروری ہے۔وہ عزمِ نو کے ساتھ پنجاب میں آچکے ہیں۔ مردے زندہ کئےجا رہے ہیں۔پنجاب اچھا خاصا تھرڈ پارٹی سسٹم کی طرف جا رہا تھا لیکن پیپلزپارٹی کی لاپرواہی سےیہاں دوبارہ ٹو پارٹی سسٹم رائج ہو چکاہے۔ نواز لیگ پنجاب میں پہلے نمبر پر کھڑی ہے۔پی ٹی آئی ،ن لیگ کی جگہ لینا چاہتی ہے لیکن پیپلزپارٹی پنجاب میں صرف جگہ لینا چاہتی ہے۔اسی لئے تولاہور سے فیصل آباد تک کرپشن مخالف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
بلاول۔ ریلی کےلئے بحریہ ٹاؤن میں واقع اپنے گھرسے نکلے لیکن ریلی کا آغاز سگیاں لاہور سے ہوا۔پھرشرکا شیخوپورہ روڈ،کوٹ عبدالمالک، فیروز وٹواں، ماناوالہ، کھڑیانوالہ، عبداللہ پور،اسٹیشن چوک اورضلع کونسل چوک پہنچے۔یہ ماننا پڑےگا کہ ریلی شاندارتھی۔اوراستقبال پرتپاک ۔ لیکن استقبال کرنے والے ریلی میں آنےکے بجائے گھروں کو چلے گئے۔گاڑی کاانجن تو تھا لیکن بوگیاں نہ تھیں۔کاررواں ضلع کونسل چوک پہنچا۔ تو پنڈال میں جیالے بھی کم تھے۔2013 کےالیکشن والا نتیجہ پھرآچکا تھا۔پیپلزپارٹی پنجاب میں دوسری بارہا رچکی تھی۔
ایک سیاستدان نے جلسے میں خاصی لمبی تقریر کردی اور۔لوگ جاناشروع ہو گئے تو اسٹیج سیکرٹری نے چٹ بھیجی کہ تقریرذرا مختصر کر دیں۔
لیڈر :بس تھوڑی سی تقریر رہ گئی ہے۔
پنڈال سے آواز آئی ہم بھی تھوڑے ہی رہ گئے ہیں۔
ضلع کونسل چوک میں رش کم اور۔اندھیرا مسلسل زیادہ ہو رہا تھا۔ بلاول نے انتہائی مختصر خطاب کیا۔انکل نواز اور انکل شہباز تقریر کا موضوع رہے۔انکل الطاف،انکل شیخ رشید اور چچا عمران کو کچھ نہ کہا۔رات فیصل آباد کے نجی ہوٹل میں بسر کی۔شو فلاپ ہونے پرمقامی قیادت کوصلواتیں بھی سنائی گئیں۔ اگلے روز کارکنوں کے ساتھ پائے ،حلوہ پوری ،آملیٹ ،چائے اورلسی کا ناشتہ کیا ۔سابق ٹکٹ ہولڈر اعجاز چوہدری کے ڈیرے پر جیالوں سے خطاب کرنے پہنچے تو ٹانگوں سے معذور جڑانوالہ کا رہائشی یونس انجم بھی وہاں موجود تھا۔بلاول اسے دیکھ کرسٹیج سے نیچےآئے اورقالین پر بیٹھ گئے۔یونس نے پیپلز پارٹی سے وابستگی کا تذکرہ چھیڑا ۔ اور۔بے نظیر بھٹو سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ تو بلاول نے یونس کا ہاتھ کافی دیر تک تھامے رکھا۔ ایسی شعبدہ بازیاں سارے سیاستدان کرتے ہیں۔اقتدار میں آنے والوں کو تھر میں سسکتی انسانیت ہمیشہ بھول جاتی ہے۔
کہتے ہیں کہ ز ندگی میں اگر آپ کو لیموں ملے تو جا کر مالٹے کا جوس نکال لیں۔شائد بلاول نے یہ سن رکھا ہے۔اسی لئے وہ کہتے ہیں کہ 2018 میں پاکستان کے صدر زرداری ہوں گے اور۔ وزیراعظم میں بنوں گا۔ مرید کہتا ہے کہ’’سیاستدان ہمیشہ اقتدار پر مبنی خواب دیکھتے ہیں۔جھنڈے والی گاڑی،پروٹوکول والے خواب ‘‘۔ پنجابی جیالے تقریبا چار سال قیادت سے مایوس رہے۔ خواب آج کل منظور وسان دیکھ رہے ہیں ،جن کی تعبیر ڈھونڈنے بلاول میدان میں آئے ہیں۔لیکن میدان میں خواب نہیں حقیقتیں ہیں۔تلخ حقیقتیں ۔ایفی ڈرین،اوگرا ۔اور حج سکینڈل جیسی حقیقتیں۔بیچارہ بلاول کم عمری میں ہی سیاست کا روگ لگا بیٹھاہے۔سیاسی امور نے اسے شادی بھی بھلا دی ہے اور پیرس ہلٹن کے ساتھ لی گئی سیلفیاں بھی۔مریدتو کہتا ہے کہ‘‘بلاول اور ایان علی۔ کسی اور کی خطاؤں کی سزا بھگت رہے ہیں‘‘۔
پنجاب کی ن لیگی سیاست میں چند سال پہلے تک جو مقام پیپلزپارٹی کوحاصل تھا۔ اب وہ تحریک انصاف کے پاس ہے۔ سیاستدان روزانہ اپنی اپنی حیثیت کےمطابق دشنام گفتاری میں مصروف رہتے ہیں۔مخالف سیاستدانوں کی ذاتی زندگی پر حملے کئے جا رہے ہیں۔ مجھےخوشی ہے کہ سیاسی گولہ باری کے دوران عزیز واقارب کوبھی نہیں بخشا جا رہا۔سیاست میں ذاتی زندگی پر حملوں کی صنف کا نیا نیاارتقا ہوا ہے۔حدود سے متجاوزگفتگو مجھے اچھی لگتی ہے۔حمام میں سارے ننگے ہو رہے ہیں۔۔ ناخداؤں کو برہنہ دیکھ کر مزا آ رہا ہے۔اور میرا سیاسی عقیدہ مسلسل مضبوط ہو رہا ہے لیکن مجھے محمود غزنوی کا انتظار ہے۔

Facebook Comments

اجمل ملک
مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔ بیورو چیف ایکسپریس نیوز۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply