اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مولانا سمیع الحق سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے آئندہ الیکشن متفقہ طور پر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی (س) میں بہت سے معاملات پر ہم آہنگی ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ دینی علوم کے اداروں کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر خیبر پختونخوا میں جمعیت علمائے اسلام (س) کی جانب سے اسلامی اقدامات کی حمایت کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ مشترکہ طور پر آنے والے چیلنجز کے سامنے بند باندھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لادین قوتیں اسلام اور پاکستان کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان قوتوں کے مقابلے کیلئے سیاسی و مذہبی قوتوں کو مشترکہ پالیسی اپنانا ہوگی، جس پر عمران خان نے ان کے موقف کی تائید کی۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جمعیت علماء اسلام (س) نے آئندہ عام انتخابات کے لئے مشترکہ انتخابی لاحہ عمل بنانے پر اتفاق کر لیا۔ اس بات کا فیصلہ دونوں جماعتوں کے سربراہان عمران خان اور مولانا سمیع الحق کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی پرویز خٹک، صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان، مولانا حامد الحق حقانی اور مولانا سید ثمر یوسف بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مشاورت اور رابطوں کا عمل جاری رکھیں گے، تاکہ آئندہ انتخابات سے قبل دونوں جماعتیں قریب آسکیں۔ اجلاس میں دونوں جماعتوں کے سربراہان نے اس بات پر اصولی اتفاق کیا کہ آئندہ انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے کے لئے مشاورتی اجلاس کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے، تاکہ دونوں جماعتیں ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لئے مل کر جدوجہد کرسکیں۔ ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ جب تک ملک میں کرپٹ عناصر موجود ہیں، ترقی کی راہ پر کامیابی کا سفر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق نے خیبر پختونخوا میں اسلام کی ترویج و اشاعت کے لئے ہماری حکومت کے اقدامات کی مکمل تائید و معاونت کی ہے، جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔
عمران خان کے مطابق مولانا سمیع الحق اور ان کی جماعت بہت سے قومی معاملات اور مسائل پر تحریک انصاف سے ذہنی اور نظریاتی ہم آہنگی رکھتی ہے، جس سے دونوں جماعتوں کے مابین تعاون کی بہتری کے امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کوشش ہے کہ مولانا کی معاونت سے دینی اور عصری علوم کے مراکز کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کریں اور علماء کو ان کا متعلقہ مقام دلوایا جائے۔ مولانا سمیع الحق نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صوبے میں اسلام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے نظریات میں مماثلت ہے، اسی وجہ سے دونوں ملک کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں