عمر رفتہ کی ایک یاد دل گداز/ماسٹر نذیز۔۔شاہین کمال

محمد پور میں بھلا ماسٹر نذیر کو کون نہیں جانتا تھا۔ وضع دار، خوش اخلاق، دبلے پتلے سرو قد،گندمی رنگت والے ماسٹر نذیر ۔ اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھتے ہوئے لٹھے کا خالتہ پائجامہ اور کالی دھاری دھار شیروانی، جو اب کثرت ِ استعمال سے کچھ کچھ بھوری مائل ہو گئی تھی اور جناح کیپ تو ان کی شخصیت کا لازمی حصہ تھی۔ یہ محمد پور گرلز ہائی اسکول میں استاد تھے ۔ نویں اور دسویں جماعت کو میتھس پڑھاتے، نہایت کم گو ء اور اس قدر وضع دار کہ ٹی بریک میں اسٹاف روم میں نہیں بیٹھتے تھے کہ پچانوے فیصد سے زیادہ اسٹاف خواتین پر مشتمل تھا۔ اکثر باہر چلے جاتے یا پھر اسکول کے احاطے سے متصل چوکیدار کی کوٹھڑیا  ہی میں چائے پی لیتے۔

اسکول میں کسی کو ان سے شکایت نہیں تھی، یہاں تک کہ پرنسپل جو ہر ایک کے کام میں مین میخ نکالنے کو اپنا فرض ِ عین جانتی تھیں وہ بھی ماسڑ نذیر کے محتاط رویے ، برتاؤ اور کاملیت کے آگے دم بخود تھیں ۔ماسٹر نذیر واقعی بے نظیر تھے اوراپنے مضمون میں ید طولیٰ  رکھتے تھے ۔ متوازن رفتار، خوش گفتار اور پُروقار ۔ زندگی کی عسرت کو اپنی راحت بیگم کے ساتھ ہنسی خوشی برداشت کر رہے تھے ۔ ماسٹر صاحب کی ایک ہی بیٹی تھیں اور وہ اپنے میاں اور اکلوتے بیٹے نوید کے ساتھ دیناج پور میں رہتی تھیں اور ان کے میاں ریلوے میں ٹی ٹی تھے ۔ ماسٹر صاحب کا چھوٹا سا خاندان تھا اور سستا زمانہ بھی ان کی گزر بسر بہت اچھی ہو سکتی تھی مگر ماسٹر نذیر غضب   کے  سخی اور دیالو تھے، نہ جانے کتنے طالب علموں کی فیس اور دیگر اخراجات اپنے ذمہ  لیے ہوئے تھے ۔

حکیم سنز میں پاپا کی اچھی بھلی نوکری تھی پر جانے ان پر بزنس کا کیا سودا سمایا کہ بیٹھے بٹھائے نوکری سے استعفیٰ دیا اور اپنا بزنس سیٹ کرنے میں لگ گئے۔ کمپنی کا گھر چھوڑ کر ہم سب محمد پور، نور جہاں روڈ پر کرائے کے گھر میں آ گئے۔ میری تو خوشی دیدنی تھی کیونکہ جناح ایونیو جہاں ہم لوگ پہلے رہتے تھے، وہ تجارتی مرکز تھا اس لئے وہاں رہائشی مکانات نہیں تھے اور رہائشی مکانات نہیں تھے تو بچے بھی نہیں تھے ۔ جناح ایونیو ایک قید تنہائی اور حبس بیجا ہی تھا ہم بچیوں کے لیے ۔ امی روزانہ شام کو ہم تینوں بہنوں کو ڈرائیور کے ساتھ اسٹیڈیم یا بیت المکرم مسجد کی سیر کے لیے بھیجتی   تھیں   مگر ظاہر ہے کہ وہاں دوست کوئی نہیں تھی۔ محمد پور کی تو بات ہی نرالی تھی ، ہر طرف بچے ہی بچے ۔ بہت جلد میرے بہت سارے دوست بن گئے ۔نچلی منزل میں حسنہ کی فیملی تھی ، پڑوس میں نادرہ ۔ دو گھر چھوڑ کر رضیہ کی فیملی ۔ ہم تینوں بہنوں کی دوستی ان سے ہو گئی ۔ آپا کی دوست کلثوم باجی، زرین کی دوست اور کلاس فیلو شہر بانو اور میری دوست اور کلاس فیلو رضیہ۔

یہاں محمد پور میں آکر ہم تینوں کا داخلہ محمد پور اسکول میں ہو گیا کیونکہ پرانا اسکول سینٹ فرانسس، نواب پور میں تھا جو یہاں سے بہت دور پڑتا تھا۔ شروع شروع میں اسکول کی تبدیلی کِھلی پھر اتنی دوستیاں کر لیں  کہ پوچھو مت، لگتا تھا کہ بلی کے بھاگوں چھینکا ٹوٹا۔ یہاں ہم بے انتہا خوش تھے بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ وہ زندگی کا بہترین دور تھا، گو کہ یہاں آ کر پاپا سے قدرے دوری ہو گئی تھی، وجہ پاپا کی بے تحاشا  مصروفیت۔یہاں آ کر جناح ایونیو کی طرح ہر پندرھویں دن کی پکنک موقوف ہو گئی تھی پر یہاں کی رونق کا کوئی بدل نہ تھا۔
محمد پور کا رمضان، اُف پوچھو مت  ۔
کیا رونق تھی، خاص کر سحری کے وقت ۔ سحری کے وقت پہلے تو ڈھول والا آتا، اس کے بعد پیڑومکس کی روشنی میں لڑکوں کا نعت پڑھتا ہوا جلوس آتا تھا ۔ کیسا خوش کن منظر ہوتا تھا۔ ہم تو کھڑکی میں کھڑے ہوکر سارا تماشا دیکھتے پھر جلدی جلدی سحری کرتے ۔ امی صبح دس بجے دوبارہ ناشتہ کرا تیں۔ ہم لوگوں کا اسکول گیارہ سے شام پانچ بجے تک لگتا تھا۔ امی کہتیں  کہ بچے ایسے بریک کے ساتھ ہی روزے رکھتے ہیں۔ عید کی رونق تو بیان سے باہر تھی۔ ساری عیدی آئس کریم، گول گپے اور غبارے میں اور سن شائین اسٹور سے فینٹا پینے میں ختم ہو جاتی ، اور ایک بڑے مزے کی روایت تھی کہ طالبعلم عید کے دن اپنے اساتذہ کے گھر جاتے تھے اور استانیاں اتنی محبت سے ملتیں اور خاطریں کرتیں تھیں کہ حد نہیں ۔ سخت سے سخت ٹیچر کا روپ اس دن کچھ اور ہی ہوتا تھا۔ طالبعلموں کا اپنے اساتذہ کو عید کارڈ دینا اور اگر استانی بہت ہی پسندیدہ ہیں تو انہیں چوڑیوں کا تحفہ دینا بھی روایت میں شامل تھا۔ بڑے ہی مزے کے دن گزر رہے تھے۔ ہم اور رضیہ دونوں ہم جماعت تھے کلاس تھری میں ۔

آپا جب نویں جماعت میں آئیں تو انہوں نے سائنس لی۔ باقی مضامین پر تو ان کی  گرفت بھرپور تھی پر میتھس ذرا کمزور تھی اور ان پر بورڈ کے امتحان کی دہشت بھی سوار  تھی۔ ڈھاکہ بورڈ ویسے بھی دشوار ترین بورڈ سمجھا جاتا تھا، سو آپا کے لئے ٹیوٹر کی تلاش شد شد ومد سے جاری و ساری تھی پر ہنوز دلی دور است ۔ پاپااس سلسلے میں پرنسپل سے ملے اور انہوں نے اس مسئلے کا حل ماسٹر نذیر کی شکل میں پیش کر دیا اور ساتھ ہی ساتھ گھنٹی بجا کر چپڑاسی کو نذیر ماسٹر کو بلانے کہا۔

پاپا ان سے مل کر بہت خوش ہوئے اور اپنا مدعا بیان کیا ۔ ماسٹر نذیر نے نہایت عاجزی سے انکار کر دیا اور کہا کہ ان کو پڑھانے میں کوئی تامل نہیں مگر بٹیا کو ان کے غریب خانے آنا ہو گا کیونکہ ان  کی اہلیہ حادثے کے باعث معذور ہیں اور وہ اسکول کے بعد مسجد کے علاوہ اور کہیں نہیں جاتے اور ماسٹر صاحب کی دوسری شرط یہ تھی کہ وہ تنخواہ نہیں لیں گے۔ پاپا کے لئے دونوں شرائط نا قابل قبول تھیں مگر وہ ان سے اس قدر متاثر تھے کہ ہتھیار ڈالتے ہی بنی۔ بقول ماسٹر صاحب کہ علم برائے فروخت نہیں ۔ یہ تو ایک بیش بہا خزانہ ہے لہذا علم کا فیض عام ہونا چاہیے ۔

پاپا پر ان کی شخصیت کا سحر اس قدر طاری تھا کہ اپنی طبیعت کے خلاف پاپا نے ان کی دونوں شرائط منظور کر لیں۔ ٹیوشن کے لیے ہفتے میں تین دن بعد نماز عصر کا وقت طے پایا ۔ پڑھائی کا سلسلہ شروع ہوا اور ہم بطور لگدا آپا کے ساتھ نتھی کر دیے گئے ۔ اس پابندی پر ہم دل ہی دل میں بہت جلبلائے کہ میرا کھیل کا وقت مارا جا رہا تھا، پر نہ جائے رفتن نہ پائے ماندن، بھلا پاپا کے آگے کون بول سکتا تھا؟

ماسٹر نذیر ٹاؤن ہال کے بالمقابل رہتے تھے ۔دائیں ہاتھ مڑ کر تیسری گلی کا چوتھا مکان۔ مختصر سا گھر تھا۔ دو کمرے، ان کے آگے برآمدہ، پھر ایک چھوٹا سا آنگن ۔ آنگن کے ایک طرف باورچی خانہ اور دوسرے کونے میں غسل خانہ اور بیت الخلاء ۔آنگن میں جنوبی دیوار کے ساتھ ایک کیاری، اس میں دھنیا،پودینہ، ہری مرچ اور چنبیلی کی جھاڑ اور دو گملے، ایک میں سفید گلاب اور دوسرے میں موتیا۔ آنگن میں ایک چوکی اور دو موڑھے ۔ایک پر آپا بیٹھ جاتیں اور دوسرا میری تحویل میں آ جاتا، پہلے دن تو ہم آنگن تک ہی محدود رہے پر میری سیمابی طبیعت کو قرار کہاں ۔دوسرے دن ہم نے ماسڑ صاحب سے چچی کو سلام کرنے کی اجازت لی، ماسٹر صاحب نے ایک ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ اجازت دے دی۔ ہم نے سکون کی لمبی سانس لی کہ لاکھ ماسٹر صاحب نرم خو تھے مگر ان کی شخصیت کا رعب اتنا تھا کہ ان کے سامنے تو ہمیں کھل کے سانس لینا بھی محال تھا۔
چچی وضو کرتے ہوئے پھسل کر غسل خانے میں گر گئی تھیں اور داہنے ہاتھ میں کلائی سے کہنی تک فریکچر تھا اور اب پلستر میں جکڑی پڑی تھیں ۔چچی قدرے بھاری بدن کی بہت گوری چٹی خاتون تھیں اور ان کی شخصیت کی ساری کشش ان کی خوبصورت چمکدار آنکھوں اور من موہنی مسکراہٹ میں تھی ۔ ہم سدا کے باتونی، ان کو دنیا جہاں کے قصے سناتے اور وہ دلجمعی سے سنتی رہتیں اور بیچ بیچ میں لقمہ بھی دیتی جاتیں ۔ الغرض میری اور چچی کی بہت اچھی دوستی ہو گئی، اس قدر کہ جس دن ٹیوشن کا ناغہ ہوتا مجھے ان کی کمی لگتی۔

دن اپنی یکساں رفتار سے گزرتے رہے، آپا کی پڑھائی زور و شور سے جاری و ساری تھی ۔ ان دنوں ہم  رضیہ آپا سے اس قدر مرعوب تھے کہ کیا ارسطو سے ہوتے ۔خاص کر آپا کے جرنلز تو ہم لوگوں کے لیے صحیفے کی حیثیت رکھتے تھے ۔ جرنل کا باریک کاغذ اور پنسل سے کی گئی شیڈڈ ڈرائنگ ہم لوگوں کے لیے مسحورکُن تھی۔ ان دنوں ہم اور رضیہ بیٹھ کر انگلیوں پر حساب لگایا کرتے تھے کہ ہم میٹرک کب کریں گے اور 1975 صدیوں کی مسافت پر محسوس ہوتا تھا ۔ ایک دن رضیہ اور ہم حسب ِ معمول گائے کے چھپر تلے بیٹھے تھے اور ہم دونوں نے یہ طے کر لیا تھا کہ ہم لوگ سائنس تو ہر گز ہر گز نہیں لیں گے کہ بہت مشکل ہے۔ آپا کی تیاری ٹھیک ٹھاک تھی، امتحانات کی تیاریوں میں جان لڑا دی تھی غریب نے۔ رزلٹ بھی شاندار آیا، انہوں نے میٹرک فرسٹ ڈویژن سے پاس کر لیا۔ رزلٹ کا دن مانو تہوار کے دن میں تبدیل ہو گیا امی نے منوں کے حساب سے میٹھائی رشتے داروں اور دوستوں میں بانٹی اور منوں کے ہی حساب سے میٹھائی اور پھولوں کے ہار لیکر ملنے جلنے والوں نے ہم لوگوں کی خوشی میں شرکت کی۔وہ بلاشبہ ایک یادگار دن تھا، کھلکھلا تا چمکتا ہوا۔ امی پاپا اور آپا میٹھائی لیکر ماسٹر صاحب کے گھر گئے ۔ ان کی خوشی دیدنی تھی کہ ان کے سارے طالبعلم بہت اچھے نمبروں سے پاس ہوئے تھے اور ان کا نواسہ نوید بھی فرسٹ ڈویژن سے پاس ہو گیا تھا ۔اس   خوشی میں ماسٹر صاحب نے پورے اسکول کو میٹھائی کھلائی تھی۔ وہ اپنے اکلوتے نواسے سے بہت پیار کرتے تھے۔

1969 کے وسط میں ہم لوگ نورجہان روڈ سے اورنگ زیب روڈ اپنے گھر میں شفٹ ہو گئے، گو کہ نورجہاں روڈ اور اورنگ زیب روڈ میں کوئی بہت زیادہ فاصلہ نہیں تھا پھر بھی میرا ماسڑ صاحب کے گھر جانے کا تسلسل برقرار نہیں رہ سکا۔

مشرقی پاکستان میں حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے تھے، ڈھاکہ میں ایک سوڈو امن نظر آتا تھا مگر اندرون مشرقی پاکستان تو حالات بہت ہی خراب تھے۔ لوٹ مار اور قتل عام آئے دن کی کہانی تھی۔ لوگ دور دراز کے علاقوں سے سمٹ سمٹا کر ڈھاکہ اور پھر جن کی استطاعت تھی وہ کراچی نکل رہے تھے ۔ فضا میں ہراس اور بےیقینی تھی، دوست دشمن کی تمیز ختم ہو چکی تھی اور انسان اپنے سائے سے بھی خوفزدہ تھا۔

اکتوبر تک حالات بہت خراب ہو گئے ۔ چھوٹے شہروں میں فسادات پھوٹ پڑے اور بھرا پرا شہر، شہر خموشاں میں تبدیل کر دیا گیا۔دیناج پور، کشٹیا، کھلنا، راج شاہی، پبنہ، رانگا ماٹی، میمن سنگھ، چاگام، سلہٹ سوائے ڈھاکہ کے مشرقی پاکستان کا ہر شہر زخمی تھا۔ محدود فوج کہاں کہاں جاتی؟

ویسے بھی مکتی باہنی نے پلوں، سڑکوں اور ریل کی پٹڑیوں کو تباہ کر دیا تھا۔ کل کے عزیز دوست، آج کے بد ترین دشمن بن تھے اور عصبیت کا جن بوتل سے باہر آ کر نفرت کا لاوا اُگل رہا تھا۔ ایسی لال آندھی چلی کہ انسانی خون پانی سے بھی ارزاں ہوگیا ۔ انسانی جان کی حرمت ہی نہیں رہی اور بربریت کا بازار گرم تھا۔ 1947 کی یاد تازہ ہو گئی ۔1947 میں کم از کم ایک صبر تھا کہ مارنے والے ہندو یا سکھ تھے اور یہاں قیامت یہ تھی کہ مرنے والے اور مارنے والے دونوں ہی کلمہ گو ۔ پناہ گیروں کی یلغار تھی، کیمپ بھر گئے تھے،  ہسپتال میں جگہ نہیں تھی ۔ ابھی ایک مرگ کا رونا ختم نہیں ہوتا تھا کہ دوسرے کی خبر آ جاتی تھی ۔ ایک دن خبر ملی کہ امی کے ماموں اور ماموں زاد بھائی جو میڈیکل کے آخری سال میں تھے دیناج پور میں شہید کر دیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ پھر ماسٹر نذیر کے داماد اور نواسے کی شہادت کی خبر ملی۔ ایک تسلسل تھا  دل دوز خبروں کا۔

Advertisements
julia rana solicitors

جب فوج پبنہ پہنچی تھی تو پورا شہر خاک اور خون میں لتھڑا ہوا تھا۔ جوان عورتوں اور لڑکیوں کی بے حرمتی کے بعد کچھ کو ذبح کر دیا گیا تھا اور کچھ کو درختوں میں پھانسی دے دی گئی تھی ۔ پورے شہر میں دو چار بوڑھوں کے علاوہ کوئی ذی نفس نہیں بچا تھا۔ گدھ اور کتے بھی لاشیں نوچ نوچ کے تھک چکے تھے ۔گھر گھر کی تلاشی کے بعد کچھ لوگ ملے اور فوج کے جوان انہیں لیکر ڈھاکہ آئے اور انہیں محمد پور کیمپ میں داخل کر دیا ، تقریباً  یہی کہانی ہر شہر کی تھی۔ بربریت کی ایسی   داستان کہ انسان لرز جائے ۔ انسانی جسم پہ ڈرل مشین سے جئے بنگلہ لکھا جاتا۔ چاٹگام میں انسانوں کے جسم سے پورا خون کشید کر لیتے تھے یا دو بانس کی کھچیوں کے بیچ سر رکھ کر ٹوکے سے سر اڑا دیتے۔ عورتوں کی بے حرمتی کرنے کے بعد انہیں تڑپا تڑپا کے مارا جاتا۔ ظلم اور سفاکی کی کوئی حد نہیں تھی ۔
ادھر ڈھاکہ میں لوگ کیمپ میں اپنے عزیزوں کی تلاش میں مارے مارے پھرتے ۔ ایسی ہی ایک تلاش کے دوران ماسٹر صاحب کو انکی بیٹی مل گئیں۔ وہ کیمپ میں ایک کونے میں سکتے کی کیفیت  میں بیٹھی تھیں ۔ جب ہم لوگ ماسٹر صاحب کے گھر تعزیت کو  گئے تو وہاں ایک دہشت ناک خاموشی تھی ۔ ایسی خاموشی جو آپ کی روح میں دراڑ ڈال دے۔ چچی بالکل خاموش تھیں ان کی مسکراتی آنکھوں میں دھند اتری ہوئی تھی ۔ ان کی بیٹی صحن میں چوکی پر کسی مجسمے کی طرح ایستادہ تھیں، ہوش و خرد سے عاری ۔ ماسٹر صاحب صحن کے کونے میں وضو کر رہے تھے اور وہ بہت بوڑھے اور کمزور لگ رہے تھے۔ مسجد کے لیے دروازے سے نکلتے ہوئے انہوں نے “اللہ” کہا تھا مگر اس سے  زیادہ دلدوز آہ ہم نے آج تک نہیں سنی۔
وہ منظر آج تک میری آنکھوں میں اور وہ درد میرے دل میں ٹھہرا ہوا ہے۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply