بیجنگ سرمائی اولمپکس کا جنون عروج پر۔۔زبیر بشیر

 

بیجنگ سرمائی اولمپکس جیسے جیسے قریب آتے   جارہے ہیں اس حوالے سے لوگوں میں جوش و خروش بڑھتا چلا جارہاہے۔بیجنگ سمیت چین کے تقریباً سبھی شہروں میں لوگ مختلف قسم کی انڈور اور آؤٹ ڈور  سرگرمیوں میں شریک ہو رہے ہیں جہاں وہ اپنے سرمائی کھیلوں میں شریک ہونے کا شوق پور ا کر رہے ہیں۔ عمر کی قید سے آزاد سبھی لوگ ان سرگرمیوں میں شریک ہو رہے ہیں۔ شہری اداروں کی جانب سے بیجنگ سرمائی اولمپک کو خوش آمدید  کہنے کے لئے مختلف قسم  کی تعارفی سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں۔ میڈیا اداروں نے  بہت سے تعارفی و معلوماتی پروگرام شروع کئے ہیں۔ خصوصاً چائنا میڈیا گروپ نے اپنے اولمپک چینل پر خصوصی  نشریات کا آغاز کیا ہے۔ چائنا میڈیا گروپ کی طرف سے تیار کردہ ایک  خصوصی پروگرام “اولمپکس اِن آرٹ” ، 19 نومبر کو سی ایم جی کے  اولمپک چینل  پر باضابطہ طور پر لانچ کیا گیا۔ “اولمپکس اِن آرٹ” ایک ثقافتی پروگرام ہے جو اولمپک ثقافت اور روح کو فنکارانہ نقطہ نظر سے پیش کرے گا۔ اس پروگرام میں فنونِ لطیفہ، ثقافت اور کھیلوں کے مستند ماہرین اور ریسرچ اسکالرز کو  مدعو کیا جائےگا  تاکہ سامعین کے سامنے “طاقت اور خوبصورتی” کے اولمپک ثقافتی اور فلسفیانہ مفہوم کو ظاہر کیا جا سکے۔

سی ایم جی کے ڈائریکٹر جنرل شن ہائی شونگ نے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے اپنی تقریر میں  اس بات پر زور دیا کہ اولمپک چینل چین میں  کھیلوں کی کہانیاں سنائےگا، چینی سپورٹس کے جذبے کو اجاگر کرےگا ،  کھیلوں کےبین الاقوامی تبادلوں اور تعاون کو مضبوط کرےگا  اور چین  اور دنیا کے دیگر ممالک کے  لوگوں کے درمیان تبادلے کو فروغ دےگا۔ “اولمپکس اِن آرٹ” اولمپک روح کے مفہوم کی وسیع پیمانے پر تشہیر کرےگا اور اولمپک تحریک اور ثقافت کو بھرپور طریقے سے فروغ دےگا۔

بارہ تاریخ کو بیجنگ سرمائی اولمپکس کی انتظامی کمیٹی نے اولمپک گیمز سے قبل آزمائشی مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دی۔انتظامی کمیٹی کے وینیو مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر یاؤ ہوئی نے کہا کہ وبا کی روک تھام اور کنٹرول آزمائشی مقابلوں اور بیجنگ سرمائی اولمپکس اور پیرا اولمپکس کی کامیاب میزبانی کی کلید ہے۔ اس کے علاوہ انتظامیہ نے اسٹیڈیم میں مقابلوں کے لیے درکار سہولیات، آئس رِنک، سلائیڈ کی آئس کوالٹی، ٹائمنگ اور اسکورنگ سے متعلق جامع آزمائش کی ہے۔یاؤ ہوئی  کے مطابق آزمائشی مقابلوں کے انعقاد سے ایسے عمومی مسائل کا بھی پتہ چلا ہے جنہیں مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔اس دوران بین الاقوامی اولمپک کمیٹی اور بین الاقوامی پیرا اولمپک کمیٹی کے ساتھ مشترکہ مشقیں بھی کی جائیں گی تاکہ سرمائی گیمز سے قبل مکمل طور پر تیار ہوا جا سکے۔

بیجنگ سرمائی اولمپکس جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں، تمام تیاریاں زور و شور سے کی جا رہی ہیں، اور متعلقہ بین الاقوامی ٹیسٹنگ میچوں کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ ہر  مقابلے کے آلات  کے سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر کی جانچ کی جا سکے۔19 سے 21 تاریخ تک، نیشنل باب سیلج اور لوج  سنٹر  میں  سلیج ورلڈ کپ کا مقابلہ ہوا، جس میں جرمنی، امریکہ، اور چین سمیت 17 ممالک کے 100 سے زائد ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔دوسری طرف  نیشنل بائیتھلون سینٹر کی کئی برف بنانے والی مشینوں نے ایک ہی وقت میں برف پیدا کرنا شروع کر دیا ہے۔سنٹر میں برف بنانے کا رقبہ تقریباً 130,000 مربع میٹر ہوگا، یہ کام تقریباً 35 دنوں میں مکمل ہوگا۔

Advertisements
julia rana solicitors london

بیجنگ سرمائی اولمپکس2022  کے مقابلے تین علاقوں ، بیجنگ،یان چھنگ اور چانگ جیا کھو  میں منعقد ہوں گے ۔ ان مقابلوں کے ہر علاقے میں ایک اولمپک ویلیج کی تعمیر کی گئی ہے۔بیجنگ میں سرمائی اولمپک ویلیج نیشنل اسٹیڈیم کے قریب قائم کیا گیا  ہے جو بیس اپارٹمنٹ بلڈنگز پر مشتمل ہے۔اس کا باضابطہ افتتاح ستائیس جنوری دو ہزار بائیس کو ہوگا۔  یان چھنگ سرمائی اولمپک ویلیج بیجنگ کی ڈسٹرکٹ یان چھنگ میں واقع پہاڑ شیاؤ ہائی تھو کے دامن مین واقع ہے جب کہ تیسرا ویلیج چانگ جیا کھو میں تعمیر کیا گیا ہے۔
بیجنگ میں وو کھہ سونگ اسپورٹس سینٹر 2008  کے سمر اولمپکس میں باسکٹ بال وینیو تھا اور اب وہ 2022 کے ونٹر اولمپکس میں آئس ہاکی   وینیو بن گیا ہے۔ یہ چین کا پہلا سپورٹس وینیو ہے جہاں ایک ہی جگہ باسکٹ بال اور آئس ہاکی دونوں کھیلوں کے مقابلے منعقد ہو سکتے  ہیں۔ چھ گھنٹوں کے اندر اندر یہ سینٹر آئس ہاکی سے باسکٹ بال وینیو میں تبدیل ہو سکتا ہے۔توانائی کی بچت ،جامع استعمال اور مقابلے کروانے کے ساتھ ساتھ ان مقابلوں کو  دیکھنے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اس میں جدید سائنس و ٹیکنالوجی ،نئے مٹیریلز اور نئے تصورات کا بھرپور استعمال کیا گیا ہے۔خاص طور پر یہاں انسداد ِِ وبا کے لیے جومختلف اقسام کے روبوٹس نصب کیے گئے ہیں وہ غیر معمولی ہیں۔

Facebook Comments

Zubair Bashir
چوہدری محمد زبیر بشیر(سینئر پروڈیوسر ریڈیو پاکستان) مصنف ریڈیو پاکستان لاہور میں سینئر پروڈیوسر ہیں۔ ان دنوں ڈیپوٹیشن پر بیجنگ میں چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس سے وابستہ ہیں۔ اسے قبل ڈوئچے ویلے بون جرمنی کی اردو سروس سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ چین میں اپنے قیام کے دوران رپورٹنگ کے شعبے میں سن 2019 اور سن 2020 میں دو ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply