• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • آریان خان: منصوبہ اغوا برائے تاوان کا تھا، ماسٹر مائنڈ بی جے پی رہنما تھا

آریان خان: منصوبہ اغوا برائے تاوان کا تھا، ماسٹر مائنڈ بی جے پی رہنما تھا

ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ کے بیٹے آریان خان کو مبینہ طور پر تاوان کے لیے اغوا کرنے کا منصوبہ ترتیب دیا گیا تھا اور یہ منصوبہ بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اہم رہنما موہت کمبوج نے تشکیل دیا تھا۔

بھارت کے مؤقر نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ انکشاف مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک نے کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اغوا برائے تاوان کی اس واردات میں این سی بی ممبئی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھڑے بھی شامل تھے۔

واضح رہے کہ تین دن قبل سمیر وانکھڑے کو آریان خان سمیت دیگر چھ اہم کیسز کی تفتیش سے علیحدہ کیا جا چکا ہے۔

نواب ملک کے مطابق بنا بنایا منصوبہ دراصل ایک سیلفی کی وجہ سے خراب ہوا۔ مہاراشٹر کے وزیر نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ آریان خان کی طرح چند دیگر اہم افراد کو بھی کروز پر بلا کر منشیات کیسز میں پھنسانے کی سازش تیار ہوئی تھی۔

انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں کہا گیا تھا کہ آریان خان نے کسی کروز کی ٹکٹ ہی نہیں لی تھی اور نہ گئے تھے بلکہ وہ پراتیک گابا اور امیر فرنیچر والا کی وجہ سے وہاں پر موجود تھے جب کہ میں سیدھے طور پر بتانا چاہتا ہوں کہ یہ اغوا برائے تاوان کا کیس تھا۔

نواب ملک نے براہ راست الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے لیڈر موہت کمبوج کے کسی جاننے والے نے سارا جال بچھایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے آریان خان کو لے جایا گیا، پھر اغوا اور 25 کروڑ تاوان کا ایک کھیل شروع ہوا جس کے بعد 18 کروڑ بھارتی روپوں میں ڈیل طے ہوئی،50 لاکھ روپے کی ادائیگی بھی ہوگئی لیکن پھر ایک سیلفی نے بنا بنایا کھیل خراب کردیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر نواب ملک نے براہ راست کسی کا نام نہیں لیا مگر انہوں نے واضح طور پراشارہ نجی تفتیش کار کے پی گوساوی کی آریان خان کے ساتھ وائرل ہونے والی سیلفی کی جانب کیا۔

نواب ملک نے بی جے پی کے لیڈر موہت کمبوج کو سارے کھیل کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ وہ اس بھتہ خوری میں انسداد منشیات افسر سمیر وانکھڑے کے ساتھی تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ کاشف خان سمیت دیگر منتظمین کا خیال تھا کہ وفاقی وزیر اسلم شیخ سمیت دیگر کئی اہم افراد کے بچوں کو کروز پر لایا جائے گا جس کے ذریعے مہاراشٹر حکومت کی بدنامی بھی کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی کے رہنما موہت کمبوج نے عائد کردہ تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

واضح رہے کہ کچھ دن قبل عدالت میں جمع کرائے جانے والے بیان حلفی میں بھی کہا گیا تھا کہ شاہ رخ خان سے کروڑوں روپے رشوت طلب کی گئی تھی۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply