ماسک۔۔سلیم مرزا

وہ میرے نزدیک بہترین شرابی ہے ،لیکن اس کے ساتھ مصیبت یہ ہے کہ جب وہ پی لیتا تو سارا ماحول اس کے خلاف ہوجاتا ہے۔
حالانکہ اس دن موسم صاف تھا مگر جیسے ہی وہ پی کے نکلا تو ہر طرف دھند ہی دھند تھی ۔
میزبان بٹ کہنے لگا “بہتر ہے یہیں  رُک جاؤ ”
میرا بھی یہی خیال تھا مگر وہ نہیں مانا “کہنے لگا، میری بیوی شک کرے گی کہ میں تم شرابیوں کے ساتھ ہوں، اور ویسے بھی تیس کلومیٹر ہی تو جانا ہے۔ ”

تین منٹ کارٹون دیکھنے کے بعد گاڑی کا دروازہ بٹ نے کھول کردیا تو وہ کہنے لگا “گذشتہ برسات کی وجہ سے اس کا تالہ اٹکتا ہے۔ ”
اس کے بعد جب چھ بار کوشش کے باوجود اگنیشن کا نشانہ نہ لگا تو بٹ سے کہنے لگا “یار بٹ، لگتا ہے چابی کو تم سے اُنس ہوگیا ہے۔ ”
گاڑی اسٹارٹ ہوگئی ۔دو میٹر آگے سڑک نظر نہیں آرہی تھی ۔مجھ سے  کہنے لگا
“دھند میں کنکریٹ کے ڈیوائیڈر کے ساتھ ساتھ گاڑی چلائیں تو گاڑی سڑک سے نہیں اُترتی۔”
اس کی ترکیب کام کرگئی، ہم دونوں خیریت سے پہنچ گئے ۔۔۔

صبح گیارہ بجے جب آدھی دنیا مدہوش، تھی اس کا فون آگیا ۔۔۔
“یار !کوئی لوہا رگڑنے والی گرائینڈر کے ساتھ گاڑی کی ساری ڈرائیور سائیڈ رگڑ گیا ہے۔ ”
گاڑی پندرہ دن ڈینٹر کے پاس رہی ۔

پینے کے بعد عقل کی باتیں کرنے لگتا ۔کہنے لگا ۔
“اس کا اور شراب کا رشتہ میرے ساتھ اب اس جگہ آ گیا ہے کہ وہ دل سے اُترتی نہیں ہے اور یہ دماغ پہ چڑھتی نہیں ہے۔ ”

رات ایک بجے پنڈی سے گاڑی میں پنکج ادھاس کی غزلیں اور سڑک پہ فل اندھیری رات ۔۔
کہنے لگا “نشے میں سمجھ نہیں آرہی تھی کہ اتنی بہکی بہکی سڑک سی کون بنا گیا ہے ۔”

اچانک ناکے پہ پولیس نے روک لیا ۔میں گھبرا گیا ۔اسے کھینچ کر باہر نکالا گیا تو میں خود ہی عزت سے نکل آیا ۔۔مگر اس، وقت تک وہ پولیس والوں کو لیکچر شروع کرچکا تھا ۔
“تم مجھے تھانے لیکر جاؤگے ۔وہاں سے ہسپتال لیکر جاؤ گے ۔سوئے ہوئے ڈاکٹر کو بے آرام کرکے  معائنہ  کرواؤ گے، پھر تھانے لے جاکر پرچہ دوگے ، صبح میرا بھائی ہزار کا وکیل کرے گا اور ہزار کا مچلکہ، ساری رات خجل خواری کا فیدہ ۔؟ ہزار میں رکھ لیتا ہوں ، ہزار تم لے لو اور ادھر ہی رکو، ممکن ہے کوئی اور گاہک مل جائے “؟
دوہزار میں سودا ہوگیا ۔۔۔۔اب نہیں پکڑا جاتا!

Advertisements
julia rana solicitors london

آجکل اسے بڑی سہولت ہے ۔پانی والی چھوٹی بوتل “وکھی” والی جیب میں ڈال کر پھرتا ہے ۔جہاں موقع لگے ادھر ادھر دیکھ کر گھونٹ لگا لیتا ہے ۔بس ماسک نہیں اتارتا ۔۔
کہ کرونا سے تحفظ کیلئے ماسک ضروری ہے ۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply