جاوید اختر پاکستانی شاعر پہ فدا: کاش یہ نظم میں کہتا

یہ حقیقت ہے کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور ایک عظیم فنکار تعصبات سے بلند ہوتا ہے۔ یہ ہی ہوا ،جب ہندوستان کے معروف شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر نے پاکستانی نوجوان شاعر شعیب کیانی کی تعریف کی۔ جاوید اختر نے کامریڈ شعیب اختر کی نظم “بے حیا” کو اپنے ٹویٹر ہینڈل سے شیئر کرتے ہوے کہا کہ کاش یہ نظم انھوں نے کہی ہوتی۔ انھوں نے قارئین سے شاعر کا تعارف بھی مانگا تاکہ وہ خود اسے مبارک دے سکیں۔

کامریڈ شعیب کیانی نوجوان شاعر اور بائیں بازو کی سیاست سے وابستہ متحرک سیاسی کارکن ہیں۔ انکی شاعری رومانوی اور معنویت کے ساتھ ساتھ بائیں بازو کے نظریات کی بھرپور ترویج کرتی ہے۔

محترم جاوید اختر کا ایک نوجوان پاکستانی شاعر کو یوں خراج تحسین پیش کرنا یقیناً خود جاوید صاحب کی اعلیٰ  ظرفی کا ثبوت ہے۔  ۔ ذیل میں کامریڈ شعیب کی معروف نظم:

“بے حیا”

شاعر:شعیب کیانی

ہمیں تو ہیں وہ
جو طے کریں گے
کہ ان کے جسموں پہ کس کا حق ہے

ہمیں تو ہیں وہ
جو طے کریں گے
کہ کس سے ان کے نکاح ہوں گے
یہ کس کے بستر کی زینتیں ہیں

وہ کون ہو گا جو اپنے ہونٹوں کو
ان کے جسموں کی آب دے گا

بھلے محبت کسی کے کہنے پہ
آج تک ہو سکی، نہ ہو گی
مگر یہ ہم طے کریں گے
ان کو کسے بسانا ہے اپنے دل میں

ہم ان کے مالک ہیں
جب بھی چاہیں
انہیں لحافوں میں کھینچ لائیں
اور ان کی روحوں میں دانت گاڑیں

یہ ماں بنیں گی
تو ہم بتائیں گے
ان کے جسموں نے کتنے بچوں کو ڈھالنا ہے

ہمارے بچوں کے پیٹ بھرنے
اگر یہ کوٹھے پہ جا کے اپنا بدن بھی بیچیں
تو ہم بتائیں گے
کس کو کتنے میں کتنا بیچیں

ہمیں کو حق ہے
کہ ان کے گاہک (جو خود ہمیں ہیں) سے
ساری قیمت وصول کر لیں

ہمیں کو حق ہے کہ ان کی آنکھیں،
حسین چہرے، شفاف پاؤں،
سفید رانیں، دراز زلفیں
اور آتشیں لب دکھا دکھا کر
کریم، صابن، سفید کپڑے، اور آم بیچیں
دکاں چلائیں، نفع کمائیں

ہمیں تو ہیں جو یہ طے کریں گے
یہ کس صحیفے کی کون سی آیتیں پڑھیں گی

یہ کون ہوتی ہیں
اپنی مرضی کا رنگ پہنیں
سکول جائیں، ہمیں پڑھائیں
ہمیں بتائیں
کہ ان کا رب بھی وہی ہے جس نے ہمیں بنایا
برابری کے سبق سکھائیں

یہ لونڈیاں ہیں یہ جوتیاں ہیں
یہ کون ہوتی ہیں اپنی مرضی سےجینے والی؟

بتانے والے ہمیں یہی تو بتا گئے ہیں

Advertisements
julia rana solicitors

جو حکمرانوں کی بات ٹالیں
جو اپنے بھائی سے حصہ مانگیں
جو شوہروں کو خدا نہ سمجھیں
جو قدرے مشکل سوال پوچھیں
جو اپنی محنت کا بدلہ مانگیں
جو آجروں سے زباں لڑائیں
جو اپنے جسموں پہ حق جتائیں
وہ بے حیا ہیں!

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply