نئی نئی نوکری شروع کی تو مجھے لگتا تھا کہ مینجمنٹ صرف پیسے حرام کرتی ہے، اصل کام انجینیئر ہی کرتا ہے۔ یعنی دوسرے الفاظ میں وہی سرخوں والی سوچ۔ پھر آہستہ آہستہ اوپر گیا تو سمجھ آئی کہ نہیں، مینجمنٹ بہرحال ناگزیر ہے جس کا مقصد کام کرنے والوں کی محنت کو بیرونی عناصر کی سمجھ میں آنے والی شکل میں پیش کرنا ہوتا ہے۔ یہ layer نہ ہو تو ورکر بیچارا اپنی سی کوشش کرتا رہتا ہے دنیا کو خوش کرنے کی لیکن دنیا خوش کیسے ہوتی ہے یہ نہ سمجھنے کی وجہ سے ناکام ٹھہرتا ہے۔ نتیجہ یہ کہ اگلا پراجیکٹ کوئی اور اچک لیتا ہے۔ اب بطور مینیجر میں اپنی ٹیم کے کارناموں کو پیش کرنے کے لیے کئی دنوں خوبصورت پریزینٹیشنز پر کام کرتا ہوں، نتائج اخذ کرنے کے لیے چارٹس بناتا ہوں اور دنیا کے سامنے اپنی ٹیم کو سرخرو کرتا ہوں۔ چونکہ میں اسی ٹیم کا حصہ ہوں لہذا اس کی کامیابی میری کامیابی اور اس کی ناکامی میری ناکامی ہے۔
مسلم لیگ کی اس مرتبہ کی حکومت مس مینجمنٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے!
آپ نے بجلی کا مسئلہ حل کافی حد تک قابو کیا، آپ نے انفراسٹرکچر میں اہم سنگ میل حاصل کیے، آپ نے ملک میں سرمایہ کاری کی واپسی بدترین حالات میں ممکن بنائی، آپ نے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا، آپ نے امن و امان کی حالت بہتر کرنے میں تمام اداروں کی مدد کی، آپ اس وقت کراچی کے امن کے لیے سیاسی طور پر کھڑے ہوئے جب ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی آپ کی افواج کے خلاف رائے عامہ ہموار کرنے کی پوزیشن میں تھے۔ یہ سب کچھ آپ نے کیا، لیکن اگر آپ ان تمام کارناموں کو ایسے پیش نہ کر سکے جس سے آپ کے لیے عوام میں مثبت پیغام جاتا تو ہم الزام کا ملبہ جس پر بھی ڈالیں غلطی بہرحال آپ ہی کی ہے۔
آپ کے پاس پارلیمانی اکثریت تھی، آپ نے کیونکر ایسے قوانین نہ بنائے جو آزاد عدلیہ کی گارنٹی دیتے؟ آپ نے مشرف کو کیونکر جانے دیا؟ آپ نے دھرنہ دینے والی کٹھ پتلیوں کے پیچھے ملوث ہاتھ وقت پہ ظاہر کیوں نہ کیے؟ آپ نے اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ قانون کے دائرے میں رکھنے کے لیے کیا قانونی کوشش کی؟ آپ نے میڈیا ہاؤسز میں جانبداری ختم کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے؟ آپ نے کتنے ایسے قانون بنائے جو پولیس کو آزاد کرنے میں مدد دیتے؟ آپ نے قانون میں موجود کتنے سقم دور کیے؟ آپ نے کتنے گرے ایریاز کو بلیک اینڈ وائیٹ کیا؟ آپ نے مسئلہ کشمیر پہ کیا پیش رفت کی؟ آپ نے فوج سے خارجہ پالیسی واپس لینے اور اسے صحیح اطوار پہ چلانے میں کیا کردار ادا کیا؟ آپ نے اداروں کے درمیان رسہ کشی روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے؟ آپ نے جمہوریت کے خلاف سازشیں ناکام کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے؟
میں نے خود سے عہد کیا تھا کہ نواز شریف کو مدت پوری کرنے دی گئی تو اگلا ووٹ عمران کو ڈالوں گا۔ اگلا ووٹ اب عمران کا نہیں یہ طے ہے۔ اسے آپ میری ضد، پٹ دھرمی یا جہالت جو نام دینا چاہیں دے سکتے ہیں۔ نواز شریف کو ووٹ دینے کے لیے مضبوط دلیل غلیل والوں کی بدمعاشی کے خلاف احتجاج ہے لیکن فی الوقت میں خود سے بحث میں ہوں کہ کیا یہ اتنی بڑی دلیل ہے کہ ووٹ انہیں دیا جائے جو تین بار حکومت میں آکر بھی اپنے خلاف نادیدہ سازشوں کا مقابلہ نہ کر پائے؟ میں کنفیوژ ہوں کہ جو اپنا دفاع نہ کر پائے وہ اس جدید پراپیگنڈے کی جنگ میں میرے حقوق کا تحفظ کر پائیں گے؟
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں