ایران: شادی کی ترغیب کیلئے سرکاری ڈیٹنگ ایپ متعارف

ایران میں نوجوانوں کو شادی کی ترغیب دینے کے لیے سرکاری ڈیٹنگ ایپ متعارف کروائی گئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ہمدان نامی ڈیٹنگ ایپ کو حکومتی تنظیم طبیان کلچر انسٹی ٹیوٹ نے تیار کیا ہے۔ فارسی میں ہمدان کا مطلب ہے ساتھی۔

ایپ تیار کرنے والوں کا دعویٰ ہے کہ ایپ مصنوعی ذہانت کے ذریعے غیر شادی شدہ مردوں کے لیے مستقل لیکن صرف ایک شادی کے لیےموزوں رشتہ تلاش کرتی ہے۔

ایران میں کئی مقبول ڈیٹنگ ایپس پہلے سے ہی موجود ہیں لیکن ہمدان پہلی قانونی ڈیٹنگ ایپ ہے۔ ایرانی قانون کے مطابق شادی کے بغیر جنسی فعل ایک جرم ہے۔

ہمدان ایپ کے مطابق کسی بھی صارف کو رجسٹریشن سے پہلے اپنی شناخت کی تصدیق کرانا لازم ہے۔ اس کے علاوہ صارف کا نفسیاتی ٹیسٹ ہو گا جس کے بعد ہی وہ اپنے ساتھی کی تلاش شروع کر سکتا ہے۔

جب مناسب میچ مل جاتا ہے تو ایپ دونوں خاندانوں کو سروس معاونین کی موجودگی میں متعارف کراتی ہے جو چار برسوں تک نئے شادی شدہ جوڑے کے ساتھ موجود رہیں گے۔

طبیان کلچر انسٹیوٹ کے سربراہ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس ایپ کے ذریعے ایسے صحت مند خاندان وجود میں آئیں گے جب ’شیطان‘ اور دشمنوں کی وجہ سے ایران کی خاندانی اقدار کو خطرات لاحق ہیں۔

ایران کی نیشنل آرگنائزیشن فار سول رجسٹریشن کے اعداد و شمار کے مطابق ایران میں 2020 مارچ سے دسمبر تک 307300 شادیاں ہوئیں جبکہ 99600 طلاقیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ ایران میں 2008 میں ہر آٹھ شادیوں میں سے ایک طلاق پر ختم ہو رہی تھی۔

2020 میں ایران میں سالانہ شرح پیدائش 1.29 فیصد تک گر چکی ہے۔ ایران کی کل آبادی کا آدھا حصہ 35 سال سے کم عمر ہے۔

حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی قدم نہ اٹھایا گیا تو ایران اگلے تیس برسوں میں دنیا کا سب سے عمر رسیدہ لوگوں کا ملک بن جائے گا۔

ایران کی پارلیمنٹ نے رواں برس مارچ میں ایک ایسا قانون منظور کیا تھا جس میں نوجوانوں کو شادی کی ترغیب اور دو سے زیادہ بچے پیدا کرنے والوں کو مالی مراعات دینے کی منظوری دی گئی تھی۔

ایران کی گارڈین کونسل نے ابھی تک اس قانون کی منظوری نہیں دی ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors

ایران میں گذشتہ برس حکام نے ملک کے سرکاری اسپتالوں میں فیملی پلاننگ کی سہولتوں کو محدود کر دیا تھا اور اب یہ سہولت صرف ایسی خواتین کو مہیا کی جاتی ہے جن کی صحت کو خطرات لاحق ہوں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply