مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کرنے والے ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز نے رواں برس بھی جاپان کے پاسپورٹ کو طاقتور ترین قرار دیدیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کی بنیاد پر دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹس کی درجہ بندی کی جاتی ہے، ہینلے اینڈ پارٹنرز 2006 سے اس شعبے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
رواں برس ہینلے اینڈپارٹنرز کی طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست میں جاپان بدستور پہلے نمبر پر براجمان رہا ہے جس کے شہریوں کو دنیا کے 193 ممالک میں بغیر ویزہ داخلے کی سہولت میسر ہے اور جاپانی شہری ان ممالک میں پہنچ کر ویزہ حاصل کرسکتے ہیں۔
اس فہرست میں دوسرا نام گزشتہ برس کی طرح سنگاپور کا ہے جس کے شہریوں کو 192 ممالک میں بغیر ویزہ یا آن ارائیول ویزہ کی سہولت میسر ہے، فہرست میں تیسری پوزیشن پر جنوبی کوریا اور جرمنی براجمان ہیں جن کے شہریوں کو یہ بغیر ویزہ یا آن آرائیول ویزہ کی سہولت 191 ممالک میں دستیاب ہے۔
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی فہرست کے مطابق نیوزی لینڈ، سوئزرلینڈ اور بیلجیئم کے پاسپورٹس کی قدر میں کمی واقع ہورہی ہے جبکہ چین اور متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹس تیزی سے اوپر جارہے ہیں، متحدہ عرب امارات اس فہرست میں 65ویں نمبر سے15 ویں نمبر پر جبکہ چین 90 سے68 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
طاقتور پاسپورٹ رکھنے والے ممالک کی اس فہرست میں پاکستان کا نمبر113واں ہے اور پاکستانی باشندوں کو صرف 32 ممالک میں سفری سہولیات میسر ہوتی ہیں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں