ناسٹلجیا ۔۔شاہد محمود

الحمدللہ گھر کے بڑے سے کچے صحن میں لسوڑے کے درخت کے پاس دستی نلکا hand pump لگا ہوا تھا  ۔ اللہ بخشے ہماری ممانی جان مرحومہ ہمارے بچپن میں بائیں ہاتھ سے بچے کو گردن سے پکڑ کر نلکے کے نیچے کرتیں ۔۔۔ دائیں ہاتھ سے نلکا گیڑتیں (چلاتیں) ۔  نلکے میں سے پانی نکل کر بچے کو بھگو دیتا تو جھٹ سورج مارکہ پیلا صابن بچے کے تن بدن پر مل دیتیں، خاص طور پر سر و منہ پر اور دونوں پیروں پر جھٹ پٹ جھاواں پھیرتیں اور پھر دوبارہ دائیں ہاتھ سے نلکا گیڑتیں (چلاتیں) اور پانی بچے پر لگا صابن بہا لے جاتا ۔

ممانی جان دائیں ہاتھ کی چیچی (چھوٹی) انگلی نلکے کے گز پر لگاتیں تو انگلی پر لوہے، پانی و تیل کی آمیزش سے بنا قدرتی کاجل لگ چکا ہوتا جو بچے کی دونوں آنکھوں میں لگا دیا جاتا  ۔ بچے کو صحن میں بچھی چارپائی پر بٹھا تولئے سے پونچھ خشک کرتیں ۔

تصویر میں نظر آنے والے تبت پاوڈر کے ڈبے میں موجود پھمن / پف (چھوٹے گول فوم کے کپڑا چڑھے ٹکڑے) سے گردن و سینے پر پاوڈر لگاتیں ۔  سر پر سرسوں کا تیل اور اگر سردیاں ہوتیں تو منہ پر تبت کریم اور کپڑے پہنا دیتیں اور کنگھی سے بال بنا دیتیں تو بچہ بیبا بچہ بن جاتا ۔۔۔

Advertisements
julia rana solicitors

پاؤڈر کا یہ ڈبہ چند سال پہلے تک تو بازار سے مل جاتا تھا اب کا پتا نہیں ۔۔۔ ہم اس ڈبے میں اب تبت پاوڈر کے ریگولر ڈبے سے پاوڈر ڈال لیتے ہیں ۔۔۔ اللہ کریم سے دعا ہے ممانی جان مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلٰی ترین مقام عطاء فرمائے آمین۔

Facebook Comments

شاہد محمود
میرج اینڈ لیگل کنسلٹنٹ ایڈووکیٹ ہائی کورٹ

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply