دسمبر میں کشمیرمیں جاڑے کا موسم شروع ہوجاتا ہے، جسے مقامی زبان میں چلہ کلان کہتے ہیں۔ خون کو جما دینے والی سردی اور اس پر طرہ کہ بجلی بند ، منفی ڈگری درجہ حرارت میں نلکوں کے پھٹنے سے پانی کی ترسیل بھی بند، برف باری سے نقل و حمل کے ذرائع معطل اور جھیلیں بھی جمی ہوئی، تو ایسی صورت میں گوشت پوشت کے کسی انسان کے پاس گھرکے اندر مقید ہوکر اعتکاف پر بیٹھنے کے سوا کیا چارہ رہتا ہے ۔ ویسے کشمیری زبان میں اعتکاف کو چلہ ہی کہتے ہیں۔ شاید اسی لئے جاڑے کے ابتدائی سخت 40دنوں کو چلہ کلان، بعد کے 20دنوں کو چلہ خورد اور پھر آخر کے 10دنوں کو چلہ بچہ کہا جاتا ہے۔ کشمیر پر چلہ کی اس آفت کے نازل ہونے سے ایک ماہ قبل ہی پچھلے 149 برسوں سے سیاستدان اور افسران اپنا بوریہ بستر سمیٹ کر 300کلومیٹر دور سرمائی دارالحکومت جموں منتقل ہو جاتے ہیں، جہاں بجلی کی پریشانی نہ پانی کے جمنے کا خطرہ ۔ پورے چھ ماہ کشمیر میں عوام جاڑوں کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں اور اسی طرح گرمیوں میں جب جموں میں لو برس رہی ہوتی ہے، حکام سرینگر کی فرحت بخش ہوائو ں میں آرڈرز پاس کرتے رہتے ہیں۔ گورنر کا دفتر ہو یا سول سیکرٹریٹ، اعلیٰ سطحی بیوروکریٹس سے لیکر چپڑاسیوں سمیت تقریباً پانچ ہزار ملازمین جموں و کشمیر میں ہر سال چھ ماہ بعد جموں سے سرینگر اور پھر سرینگر سے جموں حرکت کرتے رہتے ہیں۔ منتقلی کے اس عمل کے دوران ہر برس سیکرٹریٹ کو16دنوں تک بند رکھنا پڑ تا ہے۔ بھارت میں وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے کشمیر میں حکمرانوں کی اس عیاشی کو ختم کرکے اب فرمان جاری کیا ہے کہ جموں اور سرینگر دونوں جگہوں پر اب سیکرٹریٹ کام کریگا۔ چونکہ موجودہ دور میں اب ڈیجیٹل ٹیکنالوجی مہیا ہے اسی لئے اب دونوں جگہوں پر افسران متعلقہ کاغذات اور فائلوں کے ساتھ حاضر رہینگے۔ 150ٹرکوں میں ہر سال سیکریٹریٹ کا ساز و سامان و کاغذات ادھر سے ادھر کیا جاتا تھا، جس پر بتایا جاتا ہے کہ ایک ارب کے قریب روپے خرچ ہوتے تھے۔جموں و کشمیر انتظامیہ نے گزشتہ روز ملازمین کو حکم دیا کہ دونوں دارالحکومتوں سری نگر اور جموں میں تین ہفتوں کے اندر اندر سرکاری رہائش گاہوں کو خالی کردیں۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اعلان کیا کہ سیکرٹریٹ کی ششماہی منتقلی جس کو دربار موکا نام دیا جاتا تھا کی روایت کو ختم کیا جارہا ہے۔ اس صورت حال میں ہر ذی حس شخص کو حکومت کے اس اقدام کا استقبال کرنا چاہئے۔ مگر چونکہ موجودہندو قوم پرست حکومت کوئی بھی قدم خلاف مصلحت نہیں اٹھاتی ہے، اسی لئے اس پر چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں اور بتایا جا تاہے کہ بیک ڈور سے سرینگر سے دارالحکومت کا درجہ چھین کر جموں کو دیا گیا ہے۔ ویسے بھی مرکزی حکومت کے کئی اہم ادارے برسوں قبل اپنے دفاتر مستقل طو پر جموں منتقل کر چکے تھے۔ کشمیر اور کشمیری مسلمانوں کیلئے چونکہ یہ سرینگر شہرایک نیوکلیس کی حثیت رکھتا ہے، اسلئے اسکی افادیت کو ختم کرکے کشمیریوں کو بے وزن و بے وقعت کرنے کی سمت میں ایک اور قدم گر دانا جارہا ہے۔لگتا یہی ہے کہ کشمیر ی عوام سے ان کی شناخت، زبان ، انفرادیت و ثقافت کے بعد ان کے خطے سے اس کا دارالحکومت بھی چھین لیا گیا ہے۔ دو ہزار سال قبل راجہ پرورسین کے بسائے اس شہر کی تاریخی حیثیت کا انداز ہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 960ء سے یہ مسلسل کبھی کسی صوبہ کا تو کبھی مکمل ملک کا دارالحکومت رہا ہے۔ یہ اعزازدنیا بھر میں غالباً دمشق کے بغیر کسی اور شہر کو حاصل نہیں ہے۔ انہی خدشات کے پیش نظر کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے اس روایت کے خاتمہ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس ، پیلز ڈیموکریٹک پارٹی و کمیونسٹ پارٹی نے دربار مو کی 149 برس کی روایت کو ختم کرنے کے فیصلے پر کئی سوالات اْٹھائے ہیں۔گو کہ یہ بتایا گیا کہ سیکرٹریٹ دونوں جگہوں پر کام کریگا، مگر سوال ہے کہ چیف سکریٹری، ڈائریکٹر جنرل پولیس، انتظامی سیکرٹری اور دیگر اعلی افسران کہاں بیٹھے رہیں گے؟ ڈیجیٹل کام تو ٹھیک ہے، مگر افسران جسمانی طور پربھی تو کسی نہ کسی دفتر میں موجود رہینگے۔ اس کے علاوہ اگر لوگوں کو کسی افسر سے ملنا ہے تو وہ کہاں ملیں گے؟ ان معاملات کی کوئی وضاحت پیش نہیں کی جا رہی ہے۔ انتخابات کے بعد اسمبلی نیز وزیراعلیٰ اور اسکے وزراء کہاں سے کام کریں گے؟ اسی طرح اگر جموں اور سرینگر میں سیکرٹریٹ اور دیگر اعلیٰ دفاتر سے وابستہ ملازمیں کی رہائشی الاٹمنٹ منسوخ کردی گئی ہے تو اب انہیں کہاں تعینات کیا جائے گا؟ ماضی میں کئی بار سرینگر کو مستقل دارالحکومت بنانے کی کوششیں کی گئی، مگر نئی دہلی کی حکومتیںاس پر اعتراض جتا کر اسکو جموں کے ساتھ زیادتی کے مترادف قرار دیتی رہی ہے۔ اس منتقلی پر رقوم کے خرچ ہونے پر حکومتی حلقوں کی دلیل تھی کہ یہ ایک لازمی عمل ہے اور اس کو سود و زیاں سے نہ تولا جائے۔دو دہائی قبل ایک بار اس موضوع پر اسٹوری کرنے کی غرض سے جب میں نے ایک اعلیٰ افسر سے دہلی میں رابط کیا تو اس کا کہنا تھا کہ چونکہ جموں وکشمیر کے مختلف خطے متنو ع، زبان ،تمدن اورخطوں کے لحاظ سے ایک دوسرے سے مختلف ہیں، اسلئے ششماہی منتقلی سے سماجی میل ملاپ کا موقع ملتا ہے۔ اس کی دلیل تھی دربار مو پر خرچ کی جانے والی رقوم تو بس اس بجٹ کا چھوٹا سا حصہ ہے، جو مختلف مدات میں حکومت جموں و کشمیر میں خرچ کرتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سماجی میل ملاپ کو پیسوں سے تولا نہیں جاسکتا ۔مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ پچھلے کئی برسوں سے وادی کشمیر اور جموں توی علاقے کے درمیان دوریاں بڑھ گئی ہیں۔ گو کہ جموں کے ہندو بیلٹ میں ہندو قوم پرستوں کی مربی تنظیم راشٹریہ سیویم سیوک سنگھ 1950سے ہی سرگر م تھی اور مقامی کانگریس کی سرپرستی کرتی تھی،مگر پچھلی ایک دہائی سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے عروج سے دونوں خطوں کے درمیان دوریاں خاصی بڑھ گئی ہیں۔ جموں کے دو مسلم علاقے پیر پنچال اور وادی چناب بھی بے کس محسوس کر رہے ہیں۔ دربار مو یا دارالحکومت کی ششماہی منتقلی سے جموں شہر کے تاجروں کو خاصہ فائدہ پہنچتا تھا۔ اقتصادی امور کے ماہر اور سابق وزیر خزانہ حسیب درابو ہفتہ روزہ کشمیر لائف میں رقم طراز ہیں کہ موسم سرما میں جموں میں 10ہزار خاندانوں کی آمد سے بازاروں میں چہل پہل اور پرچوں اشیاء کی خرید و فروخت میں خاصہ اضافہ ہو تا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ دارالحکومت کی منتقلی کی اس روایت کو ڈوگرہ مہاراجہ رنبیر سنگھ نے 1872 میں ایک شاہی فرمان کے تحت جاری کیا تھا ، تاکہ سرینگر کی سردی سے بچا جائے۔ مگر درابو کا کہنا ہے کہ روس کے بڑھتے اثر و رسوخ کی وجہ سے فارورڈ پالیسی کے ایک جز کو مدنظر رکھتے ہوئے برطانوی افسران نے اس کی بنیاد ڈالی۔ ویسے تو ہندوستان میں محمد شاہ تغلق (1325-1351) نے 1327میں دارالحکومت دہلی سے دولت آباد( موجودہ مہاراشٹرہ ) منتقل کرنے اور دونوں شہروں کو دارالحکومت قرار دینے کا بیڑا اٹھایا تھا۔ چونکہ سلطنت اسوقت تک جنوب کی طرف کافی پھیل چکی تھی اور دہلی کو منگولوں سے خطرہ لاحق ہوتا تھا، اسی لئے شاید بادشاہ نے محفوظ دولت آباد کو دارالحکومت کے طور پر چنا۔مغل بادشاہوں کے وقت تو لاہور، دہلی اور آگرہ یعنی تین جگہوں پر مختلف اوقات میں دربار لگتے تھے۔ اکبر سے لیکر شاہجہاں تک مغل فرمانرو ا ہر سال گرمیوں میں لائو لشکر اور وزیروں کی فوج کے ساتھ کشمیر وارد ہوتے تھے اور کئی ماہ تک سرینگر میں ہی دربار لگتا تھا اور فرمان جاری ہوتے تھے۔ شوپیاں، پونچھ ، راجوری اور پھر لاہور کے درمیان خطوط رسانی کا انتظام ہوتا تھا، جس سے فرمان بلا کسی تاخیر صوبائی گورنروں اور سالاروں تک پہنچائے جاتے تھے۔ برطانوی دور میں موسم سرما میں کلکتہ اور گرمیوں میں شملہ دارالحکومت منتقل ہوتا تھا۔ جب ایک بار برطانیہ میں سیکرٹری آف اسٹیٹ نے اس پر اعتراض جتایا اور دلیل دی کی اس پر خاصی رقم خرچ ہوتی ہیں تو وائسرائے نے کہا کہ شملہ میں برطانوی افسران کلکتہ کے مقابلے دوگنا کام کرپاتے ہیں اور ان کی کارکردگی بہتر ہوجاتی ہے ۔ اسکے علاوہ شملہ چونکہ سرحدی علاقوں کے نزدیک ہے، اسلئے ان کی بہتر نگرانی ہو پاتی ہے۔ مرکزی حکومتوں کی دیکھا دیکھی صوبائی حکومتوں نے بھی دو دارالحکومت بنائے ہوئے تھے۔ بمبئی ریذیڈنسی نے تو موسم گرما میں مہابلیشور، مون سون کے موسم میں پونا اور سردیوں میں بمبئی کو دارالحکومت بنایا ہوا تھا۔ ہر تیسرے مہینے ایک لائو لشکر اس خطے میں ادھرسے ادھر سفر کرتا رہتا تھا۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں