اوتاوا: کینیڈا میں صرف 12 گھنٹے کے دوران 7 لاکھ 10 ہزار مرتبہ آسمانی بجلی گری۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کینیڈ کے مغریب علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات برٹش کولمبیا اور مغربی البرٹا میں پیش آئے۔
جمعے کو آسمانی بجلی گرنے سے 136 مقامات پر آگ لگی۔ کینیڈا میں گزشتہ کئی روز سے جاری شدید گرم موسم کے بعد جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی، جس کی وجہ سے ایک ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔
برٹش کولمبیا کے قانون ساز بریڈ وِس کے مطابق اس آگ کی وجہ سے لائٹون نامی گاؤں تقریبا مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔
کینیڈا میں درجہ حرارت 49 اعشاریہ 6 تک پہنچ چکا ہے جو کینیڈا کی تاریخ میں اب تک کا ریکارڈ درجہ حرارت ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈا میں گرمی کی حالیہ لہر سے ہلاکتوں کی تعداد 719 تک پہنچ چکی ہے۔
کینیڈا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی شدید گرمی کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے۔ اسکول اور یونیورسٹیاں بند کردی گئی ہیں۔ کووڈ ویکسینیشن مراکز بھی بند کر دیے گئے ہیں جبکہ حکام نے شہر کے چوراہوں پر عارضی فوارے لگا دیے ہیں۔
کینیڈا کے محکمہ موسمیات نے برٹش کولمبیا، البرٹا، ساسکچیوان، مانی ٹوبا، یوکون اور شمال مغربی علاقوں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ہفتے بھی ان علاقوں میں طویل، خطرناک اور ریکارڈ گرمی کی لہر برقرار رہ سکتی ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں