گھوڑا نہیں گدھا۔۔عطا الحق قاسمی

کل میں نے ایک تصویر دیکھی، ایک گھوڑا پہاڑوں میں گھری ایک سرسبز چراگاہ میں گھاس چر رہا تھا۔ میں نے سوچا یہ کتنی ساری فکروں سے آزاد ہے۔ اس کے ذہن پر بوجھ ہی نہیں ہے کہ ہمارے سیارے کو تباہ کرنے کیلئے کس قدر خوفناک ہتھیار اور تباہ کن بارود تیار کئے جا رہے ہیں۔ اس سیارے کی فضا کو مشینوں نے اِس قدر آلودہ کر دیا ہے کہ سانس لینا دشوار ہوتا جا رہا ہے، اس کی وجہ سے اوزون میں سوراخ ہو گیا ہے، موسم دن بدن شدت کی طرف جا رہے ہیں، اسے علم ہی نہیں کہ گلیشیئرز کیا تباہی مچانے والے ہیں، زلزلے اور طوفانی ہوائیں کیا منصوبے تیار کر چکی ہیں، ہماری دنیا میں پانی کی کس قدر قلت پیدا ہونے والی ہے، تہذیبوں کے ٹکرائو نے کہاں کہاں تصادم کی صورت پیدا کر دی ہے؟ غریب اور امیر میں تفاوت بڑھتا جا رہا ہے۔ طاقتور قومیں کمزور قوموں کو کس بری طرح ایکسپلائٹ کر رہی ہیں۔ یہ گھوڑا اُن فکروں سے آزاد ہے۔ اسے گھاس چرنے کو مل رہی ہے اور یہ گھاس چرے جا رہا ہے!

گھوڑے کو تو کچھ بھی پتہ نہیں کہ اس کے ہمسائے میں جو خاندان آباد ہے وہ اپنی زندگی کے دن کس کسمپرسی سے گزار رہا ہے۔ اسے کیا علم کہ کس کا رزق کون دکھا رہا ہے، تھانوں میں کیا ہوتا ہے، کچہریوں میں کیا ہوتا ہے، بچیوں کو اغوا کر کے انہیں قحبہ خانوں میں بٹھا دیا جاتا ہے، خواہشات کی تکمیل کیلئے معزز خاندان بھی بدنام راستوں پر چلتے نظر آرہے ہیں، ضمیر فروش قطار اندر قطار کھڑے ہیں اور بیوپاری ان ریوڑوں کو ہنکاتے ہوئے جدھر چاہیں لے جاتے ہیں۔ عہدے، منصب، اقتدار کیلئے کیا کچھ نہیں کیا جاتا۔ دولت کے حصول کیلئے ساری انسانی قدریں پائوں تلے روند دی جاتی ہیں۔ انسانوں کو جانوروں سے بدتر غذا سپلائی کی جاتی ہے، جعلی ادویات اور ٹیکے انسانوں کو موت کی طرف لے جا رہے ہیں۔ گھوڑے کو تو کچھ بھی پتہ نہیں۔ اسے تو یہ بھی پتہ نہیں کہ ہمارے دینی اور دنیاوی مدارس میں کیا پڑھایا جا رہا ہے اور اس کے نتائج کیا نکل رہے ہیں۔ اسے کیا پتہ ہم کس قدر گھٹن کی فضا میں زندہ ہیں، ہم جو کہنا چاہتے ہیں وہ کہہ نہیں سکتے بلکہ ہم جو سوچنا چاہتے ہیں اس کے گرد بھی حصار باندھ دیا جاتا ہے، کتنے ہی معاشرتی اور مذہبی موضوعات ایسے ہیں جن کے نور سے خدا کی حکومت قائم کر کے امن اور فلاح کی راہ پائی جا سکتی ہے مگر خدائی ٹھیکیداروں نے ہماری زبانوں پر تالے لگائے ہوئے ہیں اور ہمارے دماغوں کو شکنجوں میں کسا ہوا ہے ہمیں اگر آزادی ہے تو صرف سیاسی آزادی ہے۔ آزادی اظہار بلکہ آزادی گالم گلوچ صرف سیاست کے حوالے سے ہے۔ ہمیں جھوٹ اور بہتان تراشی، کردار کشی کی آزادی ہے ،ہم اور ہمارا میڈیا ملزموں کو مجرموں کے طور پر پیش کرتا ہے اور ان کے بے گناہ ثابت ہونے تک انہیں دنیا میں کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑتامگر گھوڑے کا ان باتوں سے کیا لینا دینا وہ تو گھوڑا ہے اسے گھاس چرنے کو مل رہی ہے اور وہ گھاس چرے جا رہا ہے۔

گھوڑے کو تو کچھ بھی پتہ نہیں اسے تو یہ بھی پتہ نہیں کہ محبت کیا ہوتی ہے، وصال کیا ہوتا ہے، فراق کیا ہوتا ہے، شب غم کیا ہوتی ہے، صبح نشاط کیا ہوتی ہے۔ اسے کیا پتہ انتظار کی گھڑیاں طویل ہوتی ہیں کہ مختصر ہوتی ہیں۔ اس نے کون سا میر کو پڑھا ہے وہ کب ان راحتوں اور اذیتوں سے گزرا ہے، اسے کیا علم، وفا کیا ہوتی ہے، بے وفائی کیا ہوتی ہے، اخلاص کیا ہوتا ہے، چالاکی اور عیاری کیا ہوتی ہے؟ وہ توگھوڑا ہے۔وہ تو ان جھمیلوں میں پڑتا ہی نہیں، عاشقی پر یقین ہی نہیں رکھتا وہ تو بس کام سے کام رکھتا ہے اور سکھی رہتا ہے۔ اسے فنونِ لطیفہ سے بھی کوئی شغف نہیں ہے جو حیوان کو بھی انسان بنا سکتا ہے۔ پہاڑوں میں گھری ہوئی سبز چراگاہ میں ہری بھری گھاس چرنے والے اس گھوڑے کو کیا علم کہ تانگوں میں جتے ہوئے اس کے بھائی بندوں پر کیا گزرتی ہے۔اسے کیا پتہ کہ بندہ مزدور کے اوقات کتنے تلخ ہوتے ہیں۔ مظلوم کوچوان کو ان کے حوالے سے ظالم کیوں بننا پڑتا ہے اور تانگے میں جتے رہنے کے قابل نہ ہونے پر گھوڑے کو گولی کیوں مار دی جاتی ہے؟ اسے کیا پتہ، وہ تو ان آلام سے آزاد ہے۔ وہ تو خوبصورت وادی میں گھاس چرنے والا گھوڑا ہے!

میں نے یہ سب باتیں اپنے دوست کو سنائیں تو وہ سن کر ہنسا اور بولا معاف کرنا۔ تم خود بھی پاکستان کے طبقاتی معاشرے کی سرسبز خوبصورت وادی میں بے فکری سے ہری بھری گھاس چرنے والے ایک گھوڑے ہو، مگر آج تمہاری سوچ سے پتہ چلا کہ تم تو گھوڑے بھی نہیں بلکہ ایک بے وقوف گدھے ہو۔ ایسی سوچوں سے اپنے پائوں پر کلہاڑی ایک گدھا ہی مار سکتا ہے۔ آرام سے ہری بھری گھاس چرتے رہو بے کار قسم کی سوچوں کا پنگا لینے کی کوئی ضرورت نہیں!

عزیز دوست قمر ریاض (مسقط) اِن دنوں کورونا کی زد میں آئے ہوئے ہیں اور وہ اِس موذی مرض سے جنگ کے دوران تخلیقی غزل بھی کہہ رہے ہیں۔ احباب ان کی فوری صحت یابی کیلئے دعا بھی کریں اور ان کی تازہ غزل بھی ملاحظہ فرمائیں۔

مثل آئینہ بکھر جانا نہیں چاہتا میں

ابھی زندہ ہوں کہ مر جانا نہیں چاہتا میں

یہ الگ بات کہ عفریت بھری ہے دنیا

اتنی سی بات پہ ڈر جانا نہیں چاہتا میں

جتنا ممکن ہو مری راہ تکے جاو مری دوست !

کون کہتا ہے کہ گھر جانا نہیں چاہتا میں

زندگی مجھ سے جدا ہونے کا مت سوچنا تو

آنسوؤں سے تجھے بھر جانا نہیں چاہتا میں

اس سے ملنے کی تمنا ہے ، تمنا ہے بہت

کون کہتا ہے قمر جانا نہیں چاہتا میں

Advertisements
julia rana solicitors london

بشکریہ روزنامہ جنگ

Facebook Comments

مہمان تحریر
وہ تحاریر جو ہمیں نا بھیجی جائیں مگر اچھی ہوں، مہمان تحریر کے طور پہ لگائی جاتی ہیں

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply