وارنٹ آفیسر مسکین اور گندے انڈے(2،آخری حصّہ)۔۔عاطف ملک

نئے او- سی صاحب پہلے دن یونٹ کے معائنے پر نکلے۔ یونٹ خوب تیار کی گئی تھی، لوگ رات گئے تک یونٹ کی صفائی ستھرائی میں مصروف رہے تھے۔ یونٹ میں لگے درختوں کے تنے تین فٹ تک چونے سے سفید کیے گئے اور ان درختوں کے گرد زمین دائرے کی شکل میں گیرو سے لال کی گئی۔ یونٹ کی تمام گاڑیاں دھو کر ان پر ہلکا آئل لگایا گیا تھا کہ سطح چمک جائے۔ دفتروں میں رجسٹر خاکی کاغذ چڑھا کر ترتیب سے الماریوں میں رکھے گئے تھے۔ تمام لوگوں نے ایک دن قبل تازہ بال کٹوائے اور صاف ستھرا استری شدہ یونیفارم پہنا۔

او-سی صاحب دفاتر سے ہوتے ہوئے ریڈار فٹروں کے دفتر میں آئے۔ وارنٹ آفیسر سرفراز المعروف مسکین نے دفتر کے دروازے پر زوردار سلیوٹ مار کر انہیں خوش آمدید کہا۔ او-سی صاحب نے کمرے میں رکھی الماری کو کھولا اور رجسٹروں پر نظر ڈالی۔ ایک رجسٹر کا کور کونے سے اکھڑا تھا، اُسے اٹھایا اور سامنے پڑے میز پر پٹخ مارا اور ساتھ ہی انچارج کی کم بختی آگئی۔
” یہ تمہاری میری انسپکشن کی تیاری ہے؟ تمہیں میرا علم نہیں، میں نے بہت حرام خور سیدھے کیے ہیں۔ جلد ہی تمہیں میرے کام کرنے کا پتہ لگ جائے گا، میرا سٹینڈرڈ سب سے الگ ہے”۔

او-سی صاحب کی آواز میں غصہ تھا اور چہرہ آگ بگولا ہورہا تھا۔ دوسری جانب وارنٹ آفیسر کی مسکینی میں اضافہ ہی اضافہ تھا۔ کمرے سے جاتے جاتے او-سی نے وارنٹ آفیسر کی کرسی کو ٹھڈا مار کر کہا، ” میں یہاں تم سب کو سیدھا کرنے آیا ہوں”۔ جواب میں صرف سر، جی سر، بالکل سر کی ہی آواز سننے کو مل رہی تھی۔ یونٹ کے مختلف دفاتر میں ماتحتوں کو اس سے ملتی جلتی صورتحال کا سامنا رہا۔ انسپکشن مکمل ہوئی تو پوری یونٹ او-سی کے خطاب کے لیے اکٹھی ہوگئی۔ خطاب میں صلواتیں ہی تھیں، ” میں نے دیکھ لیا ہے کہ یہ یونٹ گندے انڈوں سے بھری ہے، میں تم سب کو ٹھیک کرنے کے لیے بھیجا گیا ہوں”۔ صاحبِ علم پہلے سے جانتے تھے کہ کیا دن آنے  والے ہیں، باقیوں کو بھی اندازہ ہوگیا کہ مشکل دن آگے ہیں۔

اگلا دور تلخیِ ایام لیے آیا۔ بات بے بات بے عزتی کا دور تھا، مگر نوکری اور خصوصاً فوج کی نوکری میں آپ کیا کر سکتے ہیں، قسمت کا لکھا جان کر برداشت کریں۔ کوئی او-سی صاحب کے ہتھے چڑھ جاتا تو وہ اُسے چمڑ ہی جاتے، بدلحاظ اور بے مروت تھے۔ او-سی صاحب کو ایک عجب سی عادت تھی، بات کرتے کرتے گردن کو ایک جانب کو جھٹکا دیتے اور پھر سر کو اچکاتے۔ کچھ ہی دنوں میں وہ یونٹ میں کتا مکھی کے عرف عام سے جانا جانے لگے، وہ مکھی جو آپ کو چپکے تو آپ کا ساتھ نہ چھوڑے، جتنا مرضی آپ سر کو جھٹک کر اس سے جان چھڑانے کی کوشش کریں وہ تنگ کرتی رہتی ہے، ایک سردردی اور ایذا مستقل ساتھ لگی رہتی ہے۔

کچھ عرصے بعد گرمیوں کے موسم میں یونٹ کی فیلڈ میں ڈیپلوئمنٹ آگئی۔ اب اس ریڈار یونٹ کا اپنا ایک مخصوص آپریشنل طریقہ تھا۔ ایک ہیڈ کوارٹر درمیان کے جگہ پر بنایا جاتا اور اس کے اردگرد تقریباً دو سو کلومیٹر کے دائرے کے محیط پر مختلف جگہوں پر آٹھ سے دس ریڈار لگائے جاتے جو اپنے اپنے علاقے کی فضائی تصاویر لمحہ بہ لمحہ ہیڈکوارٹر بھیجتے۔ اس طرح ہیڈ کوارٹر کے پاس پورے علاقے کی مجموعی فضائی صورتحال اُسی دم تیار ہوتی جو وہ اپنے سے اگے سینڑ کو فوری بھیج دیتا۔
یہ فیلڈ ڈیپلوئمنٹ آسان کام نہیں ہے۔ ہیڈ کوارٹر شہر سے دور ہوتا، عموماً کوئی محکمہ انہار کا پرانا بنگلہ، ریسٹ ہاوس یا کوئی اور پرانی عمارت کسی ویرانے کے آس پاس ہمارے کام آتی۔ اس کےاردگرد ٹینٹ لگا کر ایک عارضی بستی بسا لی جاتی۔ افسران کا میس وہ بنگلہ ہو جاتا جبکہ ایرمین اور سویلین ملازمین کے لیے بھی ایک دو کمرے میس کا کردار کرتے جہاں وہ کھانا کھاتے۔ ساری یونٹ بشمول افسران عموماً ٹینٹوں میں رہائش رکھتی۔

مختلف جگہوں پر ریڈاروں کو لگانا بھی آسان نہیں ہوتا۔ یہ ریڈار بڑے بڑے ٹرکوں پر لگے تھے۔ ٹرک پرانے اور مسلسل دیکھ بھال مانگتے تھے۔ جن جگہوں پر ان ریڈاروں نے لگنا ہوتا تھا وہ اونچائی پر ہوتیں۔ وہاں تک کچا راستہ ہی جارہا ہوتا تھا جس پر ٹرک چڑھانا آسان نہ ہوتا۔ اس کے علاوہ چھوٹے قصبوں اور دور دراز سرحدی علاقوں تک جاتی سڑکیں بھی ٹوٹی پھوٹی اور برے حال ہوتیں سو اکثر ٹرک منزل پر پہنچنے سے قبل راستے میں خراب ہوجاتے تھے۔ اسی وجہ سے ان ٹرکوں کے ہمراہ مکینک اور الیکٹریشن ساتھ جاتے تھے کہ بیمار کی راہ میں ہی تیمارداری کر پائیں۔ جب یہ ٹرک آخرکار منزل پر پہنچ جاتے اور ریڈار لگائے جاتے تو قافلے کے دوسرے افراد کے طرح ان کی ہڈیاں اور پنجر بھی اپنی جگہ سے ہل چکے ہوتے تھے۔ اب جب ریڈار کو چلایا جاتا تھا تو اکثر کسی نہ کسی مسلے کا شکار ہوتا؛ کبھی اینٹینا نہ گھومتا، کبھی فضا کی تصویر سکرین پر نہ آرہی ہوتی، کبھی تصویر کی کوالٹی بہت خراب ہوتی غرض جب آپ تھکے ہارے منزل پر پہنچ کر ریڈار کو لگاتے تو منیر نیازی کے شعر کی سمجھ آجاتی، “ایک اور دریا کا سامنا تھا منیر مجھ کو، میں ایک دریا کے پار اترا تو میں نے دیکھا”۔ اب اس موقع پر ہم ریڈار فٹر میدان میں اترتے۔ ٹیکنالوجی پرانی، جانچ اور پرکھ کا بنیادی سامان تھوڑا، ریڈار کا متعلقہ اضافی الکیٹرانکس سامان کم اور کسی ویرانے میں ریڈار کے ساتھ ہم دو عدد ریڈار فٹر اس اڑے ریڈار کو منانے میں مصروف ہوتے۔ اس منانے کی کوشش میں بعض اوقات دن اور راتیں لگ جاتیں۔ بعض اوقات اس پر بھی ریڈار مان کر نہ دیتا، تب ہیڈ کوارٹر سے سپیشلسٹ پارٹی کو آنا پڑتا۔ یہ یونٹ کے سب سے بہتر ریڈار ٹیکنیشن ہوتے جن کے پاس ٹیسٹنگ کا سب سے بہتر سامان، سپیئرز یعنی اضافی سامان ہوتا۔ جب ڈیپلوئمنٹ کا آغاز ہوتا تو یہ سپیشلسٹ پارٹی اپنا بوریا بستر لادے سڑک پر ہی ہوتی؛ ایک ریڈار کو منایا اور اگلے کی جانب کئی سو کلومیٹر کے سفر پر چل نکلے۔ سب ریڈاروں کو راہ راست پر لانے کے بعد یہ پارٹی ہیڈ کوارٹر میں کچھ سکون پاتی۔

عموماً ریڈار پر پندرہ بیس لوگ ہوتے ہیں جن کا انچارج ایک وارنٹ آفیسر ہوتا ہے۔ کھانے کے سلسلے میں ایک ایرمین میس ممبر مقرر ہوتا جو باقی لوگوں کے مشورہ سے ہفتہ وار مینو بناتا اور ساتھ آئے باورچی کی مدد سے ناشتہ، چائے اور متعلقہ امور کو دیکھتا۔ اب آپ کو میں ایک راز کی بات بتادوں، یہ مینو بڑا سادہ ہوتا ہے۔ ہم لوگ معاشرے کی جس سطح سے آتے ہیں، وہاں کئی ذمہ داریاں ساتھ جڑی ہیں؛ ماں باپ کو گاوں پیسے بھجوانے ہوتے ہیں، کیمپ میں رہتے بیوی بچوں کے خرچے اٹھانے ہوتے ہیں، غمی وخوشی کے لیے بچانا ہوتا ہے، رشتہ داروں میں فوجی عہدیدار کی حیثیت کا خیال کرنا ہوتا ہے۔ سو اسی بنا پر مینو سادہ ہوتا ہے کہ فیلڈ الاونس کی بچت ہوجائے۔ مگر ہماری ریڈار فٹروں کی ایک روایت ہے کہ جب بھی سپیشلسٹ پارٹی ہمارے ریڈار پر آتی ہے تو ہم ریڈار فٹر اپنے خرچے پر اُن کے لیے خصوصی کھانا تیار کرواتے ہیں؛ مرغ کڑاہی، گرم تندوری روٹیاں، قہوہ اور میٹھا سپیشل تیار ہوتا ہے۔ ہم ان کے ساتھ مل کر دن رات ریڈار کو ٹھیک کرنے کے لیے کام بھی کرتے ہیں، اور ان کی مہمان نوازی ہماری اقدار میں شامل ہے۔

اس فیلڈ ڈیپلوئمنٹ میں جس ریڈار پر میں تعینات تھا وہ ایک صحرائی علاقے میں تھا۔ دور دور تک ریت کے ٹیلے تھے، گرمی شدید پڑ رہی تھی۔ ایسی آندھی چلتی تھی کہ آدمی، کپڑے، برتن سب ریت سے بھر جائیں۔
ریڈار کو لگائے ایک ہفتہ ہوا تھا کہ ہیڈ کوارٹر سے پیغام موصول ہوا کہ او-سی صاحب ریڈار کی انسپکشن کے لیے دو دن بعد آرہے ہیں۔ وارنٹ آفیسر مسکین ریڈار پر انچارج تھے۔ انہوں نے فوراً تیاری شروع کروا دی۔ انسپکشن والے دن ریڈار تک جاتے راستے پر چونے کی لکیریں لگائی گئیں۔ ریڈار پر ریت سے ملتے جلتے رنگ کی چھولداریاں ڈال کر کیموفلاج کر دیا گیا۔ باورچی خانے کی جگہ کی خوب صفائی کی گئی۔ لوگوں نے قریبی قصبے جاکر بال کٹوائے۔

انسپکشن کے دن گیارہ بجے کی قریب او-سی صاحب کی جیپ ریڈار کی جانب آتی نظر آئی۔ جیپ رکی اور وارنٹ آفیسر مسکین نے فوراً آگے بڑھ کر دروازہ کھولا اور اپنی بساط سے کہیں بڑھ کر کڑاکے دار سلیوٹ کیا۔ انسپکیشن میں او-سی صاحب کے اطوار وہی پرانے تھے۔ تیز ہوا میں چونے کی لکیریں ریت پر کہاں ٹھہرسکتی ہیں، اوسی صاحب کو چونے میں کمی دکھ رہی تھی۔ “میں دیکھ رہا ہوں کہ اس ریڈار پر سب گندے انڈے اکٹھے ہوگئے ہیں، میں تم لوگوں کا کچھ بندوبست کرتا ہوں”۔ گردن کو اچکاتے اُن کے فرمودات بکواسیات سے مزین تھے۔ ان کے موڈ خراب ہونے میں شاید گرمی اور ٹوٹی سڑک پر تین گھنٹے کے سفر کا بھی اثر ہوگا مگر دوسری جانب مسکین صاحب کی حالت خراب تھی، جی جی کہتے جاتے اور عاجزی وخاکساری بڑھتی جاتی تھی۔

دوپہر کے کھانے کا وقت تھا، سو او-سی صاحب کو فیلڈ میس لایا گیا۔ چاچا بشیر کک نے او-سی صاحب کو سلام کیا اور ابلے شلجم اور چنوں کی دال کی دو پلیٹیں ان کے سامنے رکھ دیں۔ او-سی کے چہرے پر ایک رنگ آتا تھا اور ایک جاتا تھا۔ اُسی وقت وارنٹ آفیسر مسکین نے بڑی لجاجت سے کہا،” سر، آپ کے لیے دو انڈے منگائے تھے مگر دونوں ہی گندے نکلے”۔
اس لمحے نہ جانے کیوں مجھے وہ مسکین نہیں لگ رہا تھا، مجھے محسوس ہورہا تھا کہ اس کے لبوں پر دور ایک ان دیکھی مسکراہٹ ہے۔ وہ مسکراہٹ جو کسی اورکے لیے نہیں، صرف اس کے اپنے لیے تھی۔

Advertisements
julia rana solicitors

او-سی صاحب ریڈار سے ابھی واپسی کے سفر پر نکلے نہ ہونگے کہ کمیونیکشن لنک پر یہ واقعہ ہیڈ کوارٹر اور تمام ریڈاروں پر پہنچ چکا تھا۔ اُس شام یونٹ کے تمام بکھرے میسوں میں اسی قصے پر بات ہورہی تھی۔
وارنٹ آفیسر کی بات کرنے کا طریقہ آج بھی درخواست گذاری کا ہے، مگر ایک عجب بات ہوئی، ایسی جو میں نے پہلے کبھی نہ دیکھی نہ سنی تھی۔ اُس دن کے بعد سے لوگ اُسے وارنٹ آفیسر سرفراز کے نام سے ہی پکارتے تھے۔

Facebook Comments

عاطف ملک
عاطف ملک نے ایروناٹیکل انجینرنگ {اویانیکس} میں بیچلرز کرنے کے بعد کمپیوٹر انجینرنگ میں ماسڑز اور پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کی۔ یونیورسٹی آف ویسٹرن آسٹریلیا کے شعبہ کمپیوٹر سائنس میں پڑھاتے ہیں۔ پڑھانے، ادب، کھیل ، موسیقی اور فلاحی کاموں میں دلچسپی ہے، اور آس پاس بکھری کہانیوں کو تحیر کی آنکھ سے دیکھتے اور پھر لکھتےہیں۔ یہ تحاریر ان کے ذاتی بلاگ پر بھی پڑھی جاسکتی ہیں www.aatifmalikk.blogspot.com

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply