برسلز : یورپی طبی ماہرین نے دنیا کو ڈیلٹا کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے خبردار کردیا ان کا کہنا ہے کہ آنے والی گرمیوں کی چھٹیوں میں وائرس کے دوبارہ پھیلنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔
یورپ میں بیماریوں سے بچاؤ اور کنٹرول کے مرکز کی خاتون سربراہ آندریا آمون نے اپنے بیان میں کہا کہ اگست کے آخر تک یورپی یونین کے رکن ممالک میں کورونا کے 90فیصد کیسوں میں نئی قسم ڈیلٹا وائرس کارفرما ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران ڈیلٹا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کا قوی امکان ہے، خاص طور پر ان نوجوانوں میں، جنہیں ابھی تک کورونا ویکسین نہیں لگائی گئی ہے۔
کورونا وائرس کی بہت زیادہ متعدی قسم ڈیلٹا جسے بی 1617.2 کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، دسمبر2020 میں بھارت میں دریافت ہوئی تھی اور اب تک یہ وائرس ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی جان لے چکا ہے۔
اب یہ قسم بھارت اور برطانیہ میں سب سے زیادہ کیسز کا باعث بننے والی قسم ہے جبکہ ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہاں بھی جلد اس کا غلبہ ہوگا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی چوتھی قسم ڈیلٹا نے بھارت میں خوفناک تباہی مچائی تھی جس میں یومیہ چار ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن جاتے تھے، وائرس کے تیزی سے پھیلنے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ یومیہ لاکھوں افراد اس کا شکار ہوتے تھے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں