بدترین منافق۔۔ماسٹر محمد فہیم

عزیز الرحمن والا معاملہ چار پانچ دن پہلے سامنے آیا۔ اس سے چند دن پہلے گیارہ جون کو میں نے   فیس بک پر ایک تحریر پوسٹ کی تھی “میرا تعارف،میرے نظریات” جس میں گستاخی کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر واضح کیا تھا ۔

کہ گستاخی کے معاملے پر میں حد درجہ احتیاط برتتا ہوں،کہ یہ بہت بڑا الزام ہوتا  ہے ،اور بہت سی معقول وجوہات پہلے سے ہی موجود ہوتی ہیں  گستاخی کے “نہ” ہونے کی (ان پر الگ سے لکھوں گا)

میں نے لکھا تھا کہ گستاخی کے معاملے میں ایسی احتیاط کا قائل ہوں کہ اگر پتہ چلے کہ فلاں گستاخی آپکے اپنے مسلک کے، آپکے پسندیدہ مولوی نے کی ہے تو جو تحقیق کا پیمانہ اس کے لیے رکھا جائے گا، وہی پیمانہ کسی ہندو،کسی عیسائی کے لیے بھی رکھا جائے گا ۔

اور دو تین دن بعد ہی عزیز الرحمٰن   کی ویڈیوز منظر ِعام پر آ گئیں ایسے ہی کرتوتوں کی۔ اس میں وہ ایک دینی درسگاہ میں بدفعلی کا مرتکب تو ہو رہا  تھا اوپر سے ایک جگہ تو ایک دینی کتاب(تفسیر،حدیث یا فقہ وغیرہ) پکڑ کر انتہائی غلیظ اور کریہہ فعل کا ارتکاب کر رہا  تھا۔۔

مجھے بتائیے جو چند دن پہلے لکھا تھا میں نے ،کیا ہمارے مذہبی طبقے کی طرف سے ویسا رویہ دیکھنے کو ملا آپکو؟ اخے جی مذہبی طبقہ اس کو برا بھلا کہہ رہا خود۔۔۔

ارے بھائی ننگی ویڈیوز جس کی سامنے آ گئی ہوں جس کے کرتوت سربازار تعفن پھیلا رہے ہوں ،ان کو بُرا کہہ کر کونسا احسانِ  عظیم کر رہے ہیں آپ۔

آپکے پاس چارہ کونسا  ہے اور جو اندھے کو بھی نظر آ رہا اسے بُرا کہہ کر کونسی ٹانگ اوپر چڑھائے پھر رہے ہیں؟؟

رویے کی بات کیجیے، آپ کا رویہ۔۔ کیا ہمارے مذہبی طبقے کا ردِ عمل اس غلیظ مولوی کی حرکت پر بھی ویسا ہی ہے جیسا آسیہ مسیح، ہسپتال کی نرس، مسجد وزیر خان کی شوٹنگ،سلمان تاثیر یا قتل ہونے والے سندھی سکول ٹیچر کے ساتھ تھا؟؟

کیا آپ نے اسی طرح سر تن سے جدا کے مطالبے کیے، مظاہرے کیے۔۔؟ کیا آپ نے ناموسِ دین پر جذبات سے مغلوب تقاریر کر کے غازی تیار کیے؟؟ کیا کسی کی مذہبی غیرت اسی طرح سے جاگی جیسے ان سب واقعات پر جاگتی رہی؟؟

Advertisements
julia rana solicitors

اگر نہیں تو مان لیجیے ،آپ بھی منافق ہیں، آپ دین کی حرمت کا،مقدسات کا ،ناموس رسالت ﷺ  کا دفاع بھی سامنے والے کی شکل، منصب،مسلک اور مذہب دیکھ کر کرتے ہیں، آپکی اس مذہبی غیرت کے پیمانے بھی بدلتے رہتے ہیں،جو اپنے طبقے کے لیے اور دوسروں کے لیے اور جب تک ان مذہبی لبادے میں چھپی کالی سیاہ تعفن زدہ غلیظ بھیڑوں کی گستاخی پر آپکا ردعمل بالکل سو فیصد ویسا نہیں ہوتا جیسا آپ کسی عیسائی،ہندو،لبرل کی گستاخی پر ظاہر کرتے  ہیں ،تو ذہن میں رکھیے  کہ آپ منافق ہیں اور اس دنیا کے “بدترین منافق”۔ کہ لبرل حضرات تو دنیا سے یا مولویوں سے منافقت کرتے ہوں گے آپ وہ ہیں جو معاذ اللہ دین سے منافقت کرتے ہیں۔  آپ مذہبی مقدسات کی حرمت سے اور حضور رحمت للعالمین ﷺ  کی ناموس سے منافقت کرنے  والے بدترین منافق   ہیں۔

Facebook Comments

ماسٹر محمد فہیم امتیاز
پورا نام ماسٹر محمد فہیم امتیاز،،ماسٹر مارشل آرٹ کے جنون کا دیا ہوا ہے۔معروف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ،سائبر ٹرینر،بلاگر اور ایک سائبر ٹیم سی ڈی سی کے کمانڈر ہیں،مطالعہ کا شوق بچپن سے،پرو اسلام،پرو پاکستان ہیں،مکالمہ سمیت بہت سی ویب سائٹس اور بلاگز کے مستقل لکھاری ہیں،اسلام و پاکستان کے لیے مسلسل علمی و قلمی اور ہر ممکن حد تک عملی جدوجہد بھی جاری رکھے ہوئے ہیں،

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply