ملالہ کے شادی سے متعلق بیان پر متھیرا کا شدید رد عمل

پاکستانی اداکارہ، وی جے اور میزبان متھیرا نے ملالہ یوسفزئی کے شادی کے حوالے سے دئیے گئے بیان پرانسٹاگرام پر رد عمل دیا ہے-

گزشتہ روز ملالہ یوسفزئی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر برطانوی فیشن میگزین ووگ کے سرورق کی تصویر شیئر کرائی تھی۔ ووگ میگزین نے آئندہ ماہ کے شمارے کے سرورق کے لیے ملالہ یوسفزئی کو منتخب کیا ہے۔

فیشن میگزین ووگ کی ویب سائٹ پر ملالہ یوسفزئی کا انٹرویو بھی شائع ہوا تھا جس میں انہوں نے اپنے بارے میں کئی باتیں کرتے ہوئے شادی کے حوالے سے بھی گفتگو کی تھی۔

انٹرویو میں جب تیئیس سالہ کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ ملالہ سے شادی اور محبت کے حوالے سے پوچھا گیا تو پہلے انہوں نے کوئی واضح جواب نہیں دیا۔

دوسری بار شادی اور محبت کے حوالے سے سوال پوچھے جانے پر ملالہ یوسفزئی نے، اپنی سوچ اور دل کی بات عیاں کردی، ملالہ نے کہا کہ مجھے ابھی تک سمجھ نہیں آتا کہ لوگوں کو شادی کیوں کرنا ہے؟ اگر آپ اپنی زندگی میں کسی کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں تو نکاح نامے پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ صرف پارٹنر بن کر کیوں نہیں رہ سکتے؟

ملالہ نے بتایا کہ ان کی والدہ ہمیشہ انہیں شادی کی خوبصورت رشتے کے حوالے سے بتاتی رہتی ہیں، اور ان کے والد کے پاس ایسے لوگوں کی ای میلز آتی ہیں جو انہیں اپنی جائیداد اور پیسوں کے بارے میں بتاکر مجھ سے شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔

ملالہ کا مزید کہنا تھا میں یونیورسٹی میں سوچتی تھی کہ میں کبھی شادی نہیں کروں گی، اور نہ ہی بچے پیدا کروں گی صرف اپنا کام کروں گی۔ میں ہمیشہ اپنی فیملی کے ساتھ رہوں گی اور خوش رہوں گی۔ مجھے احساس نہیں تھا کہ آپ ہر وقت ایک شخص نہیں ہوتے جب آپ بڑھتے ہیں آپ میں بدلاؤ آتے ہیں۔‘‘


ملالہ یوسفزئی کے شادی سے متعلق اس بیان پر اداکارہ متھیرا نے انسٹاگرام اسٹوری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے ’’مجھے ووگ میگزین کے سرورق پر ملالہ کی تصویر پسند آئی۔

پھر انہوں نے ملالہ یوسفزئی کو مینشن کرتے ہوئے لکھا براہ کرم ہمیں اپنی نئی نسل کو شادی کرنے کی ترغیب دینے کی کوشش کرنی چاہئے اور یہ بھی بتانا ہے کہ نکاح کرنا سنت ہے یہ صرف کاغذات پر دستخط کرنا نہیں ہے آپ کوئی پلاٹ نہیں خرید رہے۔ بلکہ اس طرح آپ درست طریقے سے اپنی نئی اور خوشگوار زندگی کا آغاز کرتے ہیں۔

متھیرا نے مزید لکھا زبردستی کی شادی، شادی میں تشدد اور کم عمری کی شادی غلط ہے لیکن خدا کی رحمت کے سائے میں نکاح کرنا خوش آئند ہے۔ لہذا اگر آپ کو لگتا ہے کہ کسی کو اپنی زندگی میں شراکت دار بنانا اچھا ہے تو آپ اسے حلال طریقے سے کریں۔‘

متھیرا نے ایک اور انسٹا اسٹوری میں نکاح کے حق میں ووٹ دیتے ہوئے کہا اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ میں کتنی ماڈرن ہوں میں ہمیشہ اپنے بچوں کو نکاح کرنے پر زور دوں گی اور یہ سیکھاؤں گی کہ شادی کے ذریعے خود کو کسی کے ساتھ باندھنا بالکل صحیح ہے اور اس رشتے میں ایک دوسرے کی مدد کرنا آپ کی زندگی کے لیے اچھا ثابت ہوگا۔

متھیرا نے لکھا کہ شادی کرنا اچھی بات ہے۔ بعض اوقات شادی میں مشکلات آتی ہیں لیکن کوئی بات نہیں اللہ آپ کے لیے کسی خاص کو بھیجتا ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors

متھیرا نے مزید کہا ہاں میں طلاق یافتہ ہوں لیکن میں اب بھی شادی پر یقین رکھتی ہوں اور شاید جب مجھے صحیح شخص ملے تو میں دوبارہ شادی کرلوں۔ لہذا مہربانی کرکے مجھے بتانا بند کریں کہ میں طلاق یافتہ ہوں۔ کیا ہوا اگر میری شادی نہیں چلی۔ اکیلے رہ کر خوش رہنا بہتر ہے بجائے اس کے کہ آپ ایک ناخوشگوار شادی میں پریشان اور دکھی رہیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply