کامیاب کون ہے؟۔۔زبیر بشیر

کہتے ہیں کہ غربت انسان کو کفر کے قریب لے جاتی ہے۔ جب پیٹ میں روٹی، سر پر چھت اور بدن ڈھانپنے کو کپڑ اموجود نہ ہو تو نظریات کمزور پڑنے لگتے ہیں، افکار بکھرنے لگتے ہیں اور خیالات منتشر ہونے لگتے ہیں۔ اس کڑے امتحانی وقت میں جو لوگ ثابت قدم رہتے ہیں تاریخ انہیں اپنے صفحات میں ہمیشہ کے لئے زندہ رکھتی ہے اور وہ آنے والی نسلوں کے لئے    روشن مثال بن جاتے ہیں۔ آج ہم ذکر کریں گے ایسے ہی ایک انقلابی کا جس کا اوڑھنا بچھونا اور کل اثاثہ اس کے نظریات تھے۔

وہ 21 اگست سن 1899 میں مشرقی چین کے صوبے جیانگ شی میں پیدا ہوئے۔ مارچ 1924 میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے رکن بنے اور محض 36 برس کی عمر میں اس جہانِ  فانی سے کوچ کر گئے۔ ان کا شمار چینی کمیونسٹ پارٹی کے عظیم شہدا میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی مختصر زندگی میں ثابت قدمی اور نظریات سے وابستگی کی ایسی روشن مثال قائم کی، جس سے چین کے نوجوان آج بھی رہنمائی لیتے ہیں۔

چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے فانگ جے من کی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم محب وطن اور انقلابی تھے۔ اپنے خطابات میں انہوں نے کئی مرتبہ فانگ جے من کا حوالہ دیا ہے۔

فانگ جے من نے اپنی زندگی کمیونسٹ انقلاب کے لئے وقف کر دی تھی۔ چینی کمیونسٹ پارٹی میں شمولیت کے وقت انہوں نے کہا تھا کہ آج سے میری ہر چیز ، حتیٰ کہ میری زندگی بھی میری جماعت کے لئے وقف ہے۔ اس مرد ِ میدان نے اپنی زبان کی لاج رکھی، ہر طرح کا ستم برداشت کیا لیکن اپنے اردے اور عزم کو متزلزل نہ ہونے دیا اور اپنے نظریے کے نام پر شہادت کا جام پیا۔

یہ سن 1935 کی بات ہے جب ایک معرکے کے دوران اس بہادر جوان کو کومن تانگ کے جتھوں نے گرفتار کیا۔ کومن تانگ سپاہی خوش تھے کہ انہوں نے ریڈ آرمی کے اعلیٰ عہدیدار کو گرفتار کیا ہے۔ ان کا خیال تھا کہ ایک لمبا چوڑا مال غنیمت ان کے ہاتھ لگے گا۔ سونے، چاندی اور قیمتی اشیا کے حصول کے لئے جلدی جلدی فانگ جے من کی تلاشی لی گئی تو کومن تانگ کے سپاہی حیران رہ گئے کہ ریڈ آرمی کے اتنے بلند پایہ عہدیدار کی کل متاع ایک روشنائی والا قلم اور ایک گھڑی تھی۔

دور  اسیری میں فانگ جے من نے ایک مضمون تحریر کیا جس کا عنوان تھا “غربت میں دیانتداری”، وہ لکھتے ہیں غربت میں دیانتدار رہ کر ۔۔ ہم صاف و شفاف زندگی جینے کی جستجو کرتے ہیں۔ یہ وہ جذبہ ہے جو ہم انقلابیوں کو مشکلات پر قابو پانے کا حوصلہ دیتا ہے۔

چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ کہتے ہیں کہ میں نے  فانگ جے من کی تحریر” غربت میں دیانتداری” بار بار پڑھی ہے۔ ہر بار اس تحریر سے مجھے نئی تحریک اور سبق ملا ہے۔اگر آپ کمیونسٹ انقلابیوں کی اولین نسل کے جذبات و احسات کو صحیح معنوں میں سمجھنا چاہتے ہیں۔ ان کی دوستی اور دشمنی کے تصورات کو جاننا چاہتے ہیں۔ ایک انقلابی کے لئے حقیقی خوشی کیا ہوتی ہے؟ ایک انقلابی کس طرح اپنی زندگی کو دوسروں کے لئے منفعت کا باعث بنا سکتا ہے۔ اس کے لئے فانگ جے من اور ان جیسے دوسرے لوگوں کی زندگی کا مطالعہ کیا جانا چاہیے۔ حقائق کے تناظر میں عوام نے حقیقتاً یہ دیکھا ہے کہ چینی کمیونسٹ پارٹی چینی عوام کی انتہائی قابل اعتماد  ساتھی اور قائد ہے۔ اس پارٹی نے چینی عوام کو غربت کی دلدل سے نکال کر ایک بہتر زندگی دی ہے۔ کہا جا سکتا ہے کہ کمیونسٹ پارٹی لوگوں کی خوشحالی کے لئے وقف ہے۔ایک ایسی پارٹی جسے انتہائی وسیع پیمانے پر عوام کی حمایت حاصل ہے ، اُسے کامیابی کی منازل  کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا ہے ۔

Advertisements
julia rana solicitors london

فانگ جے من مختصر عرصے تک زندہ رہے۔ انہیں گرفتاری کے برس ہی 6 اگست سن 1935 میں    نان چنگ میں شہید کردیا گیا ۔لیکن وہ اہنے افکار کی صورت آج بھی چینی کمیونسٹ پارٹی اور عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔

 

Facebook Comments

Zubair Bashir
چوہدری محمد زبیر بشیر(سینئر پروڈیوسر ریڈیو پاکستان) مصنف ریڈیو پاکستان لاہور میں سینئر پروڈیوسر ہیں۔ ان دنوں ڈیپوٹیشن پر بیجنگ میں چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس سے وابستہ ہیں۔ اسے قبل ڈوئچے ویلے بون جرمنی کی اردو سروس سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ چین میں اپنے قیام کے دوران رپورٹنگ کے شعبے میں سن 2019 اور سن 2020 میں دو ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply