نیویارک: امریکہ کی دو دہائیوں بعد اجارہ داری ختم ہو گئی۔ امریکہ کی اجارہ داری کا خاتمہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست سے ہوا ہے۔
عالمی مؤقر جریدے فوربز میگزین نے دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق فرانس کے فیشن ٹائیکون برنارڈ ارنالٹ دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔ ان کے اثاثوں کی کل مالیت ایک سو چھیاسی اعشاریہ تین ارب ڈالرز ہوگئی ہے۔
فوربز کی رپورٹ کے مطابق ایمازون کے مالک جیف بروس امیر ترین افراد کی فہرست میں ایک سو چھیاسی ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایک سو سینتالیس اعشاریہ تین ارب ڈالر کے مالک امریکی ٹیکنالوجی کمپنی کے سربراہ ایلون مسک ایک درجہ تنزلی کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
اس سے قبل رواں سال اپریل میں فوربز نے امیر ترین افراد کی فہرست جاری کی تھی جس میں لگژری اشیا کے ٹائیکون برنارڈ ارنالٹ، ایلون مسک کی جگہ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن گئے تھے۔
اس سے پہلے برنارڈ ارنالٹ کے مجموعی اثاثے 176.3 ارب ڈالرز تھے جب کہ ایلون مسک کے مجموعی اثاثے 174.6 ارب ڈالرز تھے۔
بلوم برگ کی ارب پتی افراد کی فہرست میں برنارڈ ارنالٹ اب بھی 146 ارب ڈالرز کے ساتھ چوتھے جب کہ ایلون مسک 183 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایمازون کے سی ای او جیف بزوس 197 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔ برنارڈ ارنالٹ اور ان کی فیملی ایل وی ایم ایچ کمپنی کے 47.5 فیصد شیئرز کی مالک ہے جس کی ملکیت میں لوئس ویوٹن اور ٹفینی اینڈ کو جیسے برانڈز آتے ہیں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں