برائلر امت ۔ ۔ ماسٹرمحمدفہیم امتیاز

آپ نے کبھی مرغی پکڑی ہے۔۔۔
دیسی مرغی چاق و چوبند،جو گھروں میں پالی گئیں ہوتی ہیں ؟

اگر ہاں تو آپ بخوبی جانتے ہیں ، اگر نہیں تو میں آپکو بتا دوں کہ دیسی مرغی پکڑے جانے سے پہلے آپکو  دانتوں تلے پسینہ لا دیتی ہے،ایک اچھا خاصا ورک  آوٹ  کروا دیتی ہے۔۔ اور اس کے لیے بھی سمجھدار لوگ جو ہوتے  ہیں وہ مرغی کو پہلے ڈربے میں بند کرتے  ،پھر پکڑتے ہیں  کہ باہر کھلی گھومتی مرغی کو پکڑنے کے چکر میں سر منہ ایک ہو جانے کے بعد بھی کچھ معلوم نہیں پکڑی جاتی  ہے یا نہیں کہ بہت بار بھاگ ہی جاتی ہے ۔

دوسری طرف برائلر(جو ویلا کھا کھا کے پھٹنے والا ہوا ہوتا ہے) پکڑنے کے لیے آپ ایک ہاتھ سے آئس کریم کھاتے ہوئے آرام سے جائیں اور دوسرے ہاتھ سے پکڑ کر لے آئیں،ہم سب ہی کے مشاہدے میں   یہ بات ہے کہ جب چکن لینے جائیں تو قصائی آرام سے جاتا ہے، سکون سے، اسے یقین ہے کہ اس برائلر نے ہلنا بھی نہیں،جا کے گردن پکڑتا ہے،جس پر وہ اونگھتا ہوا تھوڑی سی چوں  چو ں کرتا ہے بس۔۔۔قصائی آرام سے بیٹھ کر گردن مروڑ کے چھری چلا دیتا ہے، یہاں تک کہ  گردن کٹ جاتی پوری اور وہ ڈبے میں پھینک کر سکون سے بیٹھ جاتا ہے۔
پھر جب جان نکل رہی ہوتی ہے،آخری لمحات ہوتےہیں۔
پھر یہ برائلر بھی پھڑکتا ہے۔۔لیکن اب فائدہ نہیں۔۔کوئی فائدہ نہیں۔۔۔ چند ہی لمحوں میں تڑپ تڑپ کر ختم ہو جاتا ہے۔۔۔۔

کچھ ایسی ہی حالت آپکو امت مسلمہ کی بھی نظر آئے گی،کہ جب یہ سرگرم تھی،غیرت مند اور چاق و چوبند تھی،تو اس نے ناکوں چنے چبوائے دشمنان حق کو۔تاریخ یونہی روشن نہیں۔۔
اب سالوں سے یہ برائلر بنتی جا رہی ہے۔کھا کھا کے بیٹھ بیٹھ کے،ہاں بالکل عوام ہو بھلے حاکم، سالار ہو بھلے عادل۔ اب کھاتے ہیں پیسہ،ڈالرز،پونڈز،بنگلے،کوٹھیاں،گاڑیاں،جہاز ہیلی کاپٹرز اب دانہ چگنے کا رواج نہیں رہا، اب بینک ڈکارے جاتے ہیں پورے پورے ملک پورا پورا بجٹ ہڑپہ جاتا ہے  اور مزید کھانے کے لیے یہ امت اب حرص کی ماری ہوئی سود کھانے لگی ہے، اور کھانے کے لیے یہ دشمنان حق سے ہاتھ ملانے لگے ہیں، کھانے اور لیٹے رہنے کی ایسی لت پڑی کہ کل تک جن کی گردنیں اتارتے تھے آج ان کے تلوے چاٹتے ہیں،یوں کھا کھا کے یہ امت برائلر بن گئی،برائلر امت۔۔جو ہلنے جوگی نہیں رہی۔اس کی حرص نے اس کی غیرت مار دی،اسے ماؤں بہنوں کی لٹتی  ہوئیں عصمتیں نظر نہیں آتیں اب۔اسے تڑپتے ہوئے بچوں سے فرق نہیں پڑتا، اس کے حرص نے ہر چیز سے غافل کر دیا بالکل جیسے رب تعالیٰ نے فرمایا۔۔۔
اَلْهٰىكُمُ التَّكَاثُرُۙ
(تمہیں غافل رکھا مال کی زیادہ طلبی نے)
اور کب تک۔۔؟ کب تک رب تعالیٰ نے یہ بھی فرما دیا۔۔۔
حَتّٰى زُرْتُمُ الْمَقَابِرَؕ
(یہاں تک کہ تم قبروں میں جا پہنچے)

اور ہاں کبھی غور کیا۔۔؟
قصائی برائلر کو ذبح کر کے ڈبے میں پھینک کر کیسے بیٹھا ہوتا ہے۔۔سکون سے ٹانگ پر ٹانگ چڑھائے سگریٹ سلگائے کش پر کش لگا رہا ہوتا ہے۔اسے پرواہ نہیں ہوتی برائلر کے تڑپنے کی۔۔۔ بس وہ انتظار کرتا ہے کب ٹھنڈا ہو اور وہ اٹھا کے کھال کھینچ دے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

نہیں سمجھے۔۔چلو ایسا کریں فلسطین  میں موجودہ مسلم کشی اور بربریت پر اسرائیل کی بے حس ڈھٹائی اور باقی دنیا کی چشم پوشی دیکھ لیں،انسانی حقوق کے ان علمبرداروں کو دیکھ لیں جن کے کان پر جوں تک نہیں رینگی،باقی مسلمانوں کی تو بات ہی کیا کہ جب قصائی ایک برائلر کو پکڑتا ہے تو ساتھ والے ذرا سا ہل کر پھر وہیں بیٹھ جاتے ہیں ،اپنی باری کے انتظار میں۔۔۔بات تو اوپر مکمل ہو گئی لیکن جاتی مثال میں بھی ایک  سبق ہے کہ “ٹھنڈے نہیں ہونا،ورنہ کھال کھینچ دی جائے گی۔۔۔
رب تعالیٰ رحم فرمائیں اس برائلر امت پر۔۔۔ اور ان پر بھی جو ان سے توقعات لگائے بیٹھے ہیں۔

Facebook Comments

ماسٹر محمد فہیم امتیاز
پورا نام ماسٹر محمد فہیم امتیاز،،ماسٹر مارشل آرٹ کے جنون کا دیا ہوا ہے۔معروف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ،سائبر ٹرینر،بلاگر اور ایک سائبر ٹیم سی ڈی سی کے کمانڈر ہیں،مطالعہ کا شوق بچپن سے،پرو اسلام،پرو پاکستان ہیں،مکالمہ سمیت بہت سی ویب سائٹس اور بلاگز کے مستقل لکھاری ہیں،اسلام و پاکستان کے لیے مسلسل علمی و قلمی اور ہر ممکن حد تک عملی جدوجہد بھی جاری رکھے ہوئے ہیں،

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست ایک تبصرہ برائے تحریر ”برائلر امت ۔ ۔ ماسٹرمحمدفہیم امتیاز

Leave a Reply