اگر کوشش کے بعد بھی نتائج نہ ملیں تو؟۔۔شاہد محمود ایڈووکیٹ

سوال: اگر پوری کوشش و دعاؤں کے بعد بھی مطلوبہ نتائج نہ ملیں تو؟
جواب : نتیجہ تو رب کی مرضی پہ ہے ۔۔ دیکھیں سورہ البقرہ آية 216 میں اللہ کریم کیا فرما رہا ہے؛
كُتِبَ عَلَيْکُمُ الْقِتَالُ وَهُوَ كُرْهٌ لَّـكُمْۚ وَعَسٰۤى اَنْ تَكْرَهُوْا شَيْـــًٔا وَّهُوَ خَيْرٌ لَّـکُمْۚ وَعَسٰۤى اَنْ تُحِبُّوْا شَيْـــًٔا وَّهُوَ شَرٌّ لَّـكُمْۗ وَاللّٰهُ يَعْلَمُ وَاَنْـتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ ۔
تمہیں جنگ کا حکم دیا گیا ہے اور وہ تمہیں ناگوار ہے، ہو سکتا ہے کہ ایک چیز تمہیں ناگوار ہو اور وہی تمہارے لیے بہتر ہو اور ہوسکتا ہے کہ ایک چیز تمہیں پسند ہو اور وہی تمہارے لیے بُری ہو اللہ جانتا ہے، تم نہیں جانتے۔

چند سال پہلے اسلام آباد جانے والے ایک طیارے کا حادثہ ہوا تھا، اس طیارے کی ٹکٹ جن کو نہیں ملی یا وہ کسی وجہ سے اپنی پوری کوشش و دعا کے باوجود طیارے میں بیٹھنے سے رہ گئے تو وہ کف افسوس مل رہے تھے کہ طیارے کے حادثے اور سب مسافروں کے جاں بحق ہونے کی خبر آئی تو وہی لوگ سجدہ شکر ادا کر رہے تھے کہ ان کی جانیں بچ گئیں ۔

یوسف علیہ السلام کو کنوئیں میں پھینکنے والوں کو کیا معلوم تھا کہ ایک دن وہی لڑکا عزیز مصر بن جائے گا ؟

اور جس ماں نے اپنا بچہ فرعون کے ڈر سے دریا میں بہا دیا تھا ۔۔۔ وہ بچہ فرعون کے محل میں ہی پرورش پا گیا ۔

حکیم محمد سعید رح پاکستان آئے تو سکول میں پڑھانے کی نوکری بھی نہ ملی، مگر اللہ کریم پر بھروسہ کر کے لگے رہے اور ہمدرد لیبارٹریز جیسی ایمپائر کھڑی کر کے “وقف پاکستان” کر دی ۔

عبدالستار ایدھی رح کی مثال بھی سامنے ہے اور اسی ملک میں قدم قدم پر ایسی مثالیں موجود ہیں ۔۔۔۔ باقی اللہ کریم ہی جانتا ہے کہ کون سی کوشش و دعا فوری قبول کرنی اور کون سی کسی مخصوص وقت میں قبول کرنی یا اس کی جگہ بہتر چیز عطاء فرمانی یا دعا قیامت کے لئے محفوظ کر لینی ۔۔

میں خود اتنی متحرک و بھرپور زندگی گزارنے کے بعد نو   سال  سے وہیل چیئر پر ہوں ۔۔۔۔ نہ کوئی پینشن نہ ہی کوئی جائیداد ۔۔ قانون اوڑھنا بچھونا تھا۔ پریکٹس بھی کی، قانونی  ڈرافٹ بھی کئے اور 16 گریڈ تک کا سٹاف اپنے ہاتھوں contract سے مستقل بھی کیا، پنجاب بھر میں Consumer Courts اور councils بنانے والی ٹیم کا بنیادی حصہ رہا اور خود ابھی contract Officer تھا ،تو سپائن انجری ہو گئی اور contract ختم اور افسری بھی ختم ۔۔ نہ کوئی پینشن و دیگر مراعات، نہ کاروبار ،نہ جائیداد ،پر میرا رحمٰن و رحیم اللہ کریم مجھے انتہائی پیار سے سنبھالے ہوئے ہے ۔ اب اچار،چٹنیاں، مربے، چاول، دیسی گھی، شہد، گڑ، شکر، بیسن وغیرہ وغیرہ آن لائن فروخت کرتا ہوں اور اللہ کریم نے ہی مجھے سنبھالا ہوا ہے۔ میرے اوپر نیچے دائیں بائیں پتھر ہی پتھر ہیں،   دیواروں، فرش و چھت کی شکل میں اور میرا اللہ کریم ان پتھروں میں بھی مجھے اور میرے اہل خانہ کو رزق کریم عطاء فرما رہا ہے اور سنبھالے ہوئے ہے ۔

Advertisements
julia rana solicitors london

یا اللہ کریم تیرا شکر، اتنا شکر جس کی کوئی انتہا نہیں۔
اللہ کریم سے دوستی کر لیں۔
میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
سلامت رہیں، شاد و آباد رہیں آمین ثم آمین یا رب العالمین!

Facebook Comments

شاہد محمود
میرج اینڈ لیگل کنسلٹنٹ ایڈووکیٹ ہائی کورٹ

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply