میری ذہنی تربیت کی کہانی(1)۔۔ڈاکٹر ستیہ پال آنند

​CROCE کروچے

کروچے Benedetto Croce (Italian: [bene’detto ‘kro?t?e]; (25-2-1866 – 20-11-1952)

صرف ایک سو صفحات پر مشتمل رسالہ بعنوان ’’لا پوزیا‘‘٭ میں کروچےؔ نے علم و عمل کی ذو جہتی یونانی تھیوری کے مطابق یہ درس دیا کہ علم و عمل دونوں جہاں ایک طرف نفس ِ امارہ، نفس ِ مطمئنہ اور نفس لوامہ کے لیے وجدان کا سامان مہیّا کر سکتے ہیں وہاں منطق و ادراک، شعور و عقل کو بھی نشو و نما دیتے ہیں۔ موخر الذکر کے   تعقل یہ کام کرتا ہے اور اوّل الذکر کے لیے تخیل اپنا سب سر و سامان بروئے کار لاتا ہے۔ وجدان اپنے آپ میں صرف ایک حسی اور حسیاتی جذبہ ہے اور اس کی تکمیل تبھی ہوتی ہے، جب یہ اظہار کا راستہ تلاش کر لے ۔ اظہار کی تجسیم ہی اس کا فرض ہے اور اگر یہ ممکن نہیں ہے تو یہ کسی جانور کا خوشی میں چھلانگیں لگانے کا عمل تو ہو سکتا ہے، انسان کا وجدان نہیں۔ٌ دیکھیں، فُٹ نوٹ۔

جس بات نے مجھے ہمیشہ کے لیے کروچےؔ کا مرہون ِ منت کر لیا وہ اس کا یہ فرمان ہے کہ جمالی فعل صرف اس وقت منصہ شہود پر آتا ہے جب انسانی ذہن میں کوئی واضح یا نیم واضح خیالی خاکہ ایک شکل میں ڈھل جائے۔ گویا ایک بصری منظر نامہ معرض ِ وجود میں آ جائے۔

مثال کے طور پر ـ   حب  الوطنی یعنی وطن کی محبت ـ ایک ’کانسیپٹ‘ ہے ، جس کی کوئی واضح شکل انسانی ذہن میں موجود نہیں ہے۔ اس کانسیپٹ  کو تخلیقی عمل میں سے گذرنے کی غٖرض سے اپنے لیے ایک سہارا ڈھونڈنا پڑتا ہے اور وہ ایک ایسا منظر نامہ ہے، جس سے اس کی غرض و غایت اگر ثابت نہ بھی ہو تو اس کا عمل ثابت ہو۔ اس دورانیے میں تخلیقی ذہن اپنے لیے وہ جیومیٹری کی اشکال تراشتا ہے، جو زبان میں ڈھلنے کے بعد ا س کا نقشہ قاری کو یا سامع کو سمجھا سکیں۔

حب الوطنی کے کانسیپٹ کے لیے ذہن خود بخود ہی تاریخ سے مثالیں ڈھونڈھ کر انہیں تصویروں میں ڈھالتا ہے۔ ہندوستان کی جنگ آزادی کے سلسلے میں بھگت سنگھ کا پھانسی پر جھولنا، ایک تصویر ہے ۔ جلیانوالا باغ میں گورے حاکموں کی بربریت ، ہزاروں نہتے لوگوں پر گولیوں کی برسات، ایک اور تصویر ہے۔ ذہن انہیں تراش کر، نک سک سے  آراستہ کر کے، الفاظ کا جامہ پہناتا ہے اور اس طرح ایک نظم وجود میں  آجاتی ہے۔

یہاں یہ بات ضروری ہے، کہ اظہار کا یہ خارجی طریقہ شاعر کے لیے زباندانی، مصور کے لیے برش اور رنگوں کے استعمال کا ہنر، یامورتی کلا کے لیے ، خام سامان یعنی پتھراور اوزار یعنی ہتھوڑا ، چھینی وغیرہ کا ماہرانہ عمل، یہ سب خارجی اوزار اس کے اصلی اور اندرونی لائحہ عمل سے کوئی سروکار نہیں رکھتے، اس کے لیے تو اسے فنکارانہ ہنر کی ضرورت ہے۔ فن اور ہنر کا یہی امتزاج کسی کو اچھا یا برا فنکار بنا سکتا ہے۔

جس بات کی تربیت مجھے کروچے سے ملی وہ یہ تھی کہ جو کچھ ’باہر‘ معرض ِ وجود میں آیا ہے، وہ ’اندر’ کی کاربن کاپی تو نہیں ہو سکتا۔ ’اندر‘ کے تصویری مونتاژ کی لا تعداد جہتیں، بے شمار رنگ، بے حد و نہایت زمان و مکان کے استمراری اور غیر استمراری آبان ۔ اور ان سب کی دم بدم بدلتی ہوئی کیفیات کی کوئی ’’نقل برابر اصل‘‘ تصویر الفاظ میں یا رنگوں میں یا ایک مورتی کی شکل میں ڈھالی نہیں جا سکتی، تو پھر آرٹ کیسے اصل یعنی اندرونی ’سچ‘ کو دکھا سکتا ہے؟ اس کا کوئی جواب دینا کسی کے بس کی بات نہیں تھی، لیکن چنڈی گڑھ میں قیام کے دوران جب میں نے اورو بندو گھوشؔ کی انگریزی تصنیفا ت کو پڑھا تو مجھے یہ مسئلہ کچھ کچھ حل ہوتا ہوا دکھائی دیا۔ اس کا ذکر آگے آئے گا۔۔

Advertisements
julia rana solicitors

٭٭ La poesia (1936)
La Critica. Rivista di Letteratura, Storia e Filosofia diretta da B. Croce, 1, 1903 p.372
——————
(کتھا چار جنموں کی‘‘ سے ایک اقتباس’’)

Facebook Comments