نیویارک: کمپیوٹر اور اسمارٹ فون پر کھیلے جانے والے گیم ’کال آف ڈیوٹی‘ نے ورلڈچیمپیئن شپ کے دوسرے سیزن کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انتظامیہ نے سال 2020 کی عالمی چیمپیئن شپ منسوخ ہونے کے بعد اب 2021 کی لیگ کا اعلان کر دیا، جس میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی کم سے کم عمر 18 سال مقرر کی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق عالمی چیمپیئن شپ کا آغاز رواں سال تین جون سے ہو گا جس میں دنیا بھر سے کھلاڑی حصہ لیں گے اور فاتح ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے جو پاکستانی کرنسی کے حساب سے 30 کروڑ روپے بنتے ہیں۔
کال آف ڈیوٹی (سی او ڈی) نے وضاحت کی کہ رقم علاقائی امیدواروں اور ورلڈ چیمپیئن شپ کے فاتحین میں تقسیم کی جائے گی۔
کال آف ڈیوٹی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر ہونے والی ٹوئٹ میں چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے حوالے سے شرائط و ضوابط شیئر کیے گئے ہیں۔
اس ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں اہل کھلاڑی اکیلے یا کسی ٹیم کا حصہ بن کر پہلے چار ہفتے تک حصہ لے سکتے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں داخل ہونے کے لیے کھلاڑی کے پاس 10 رینکڈ میچز میں سے مجموعی طور پر 60 پوائنٹس کا ہونا لازمی ہے۔
دوسرے مرحلے میں کامیاب ہونے والی 250 سرفہرست ٹیموں کو تیسرے مرحلے میں بھیجا جائے گا جسے ضلعی کوالیفائرز راؤنڈز کا نام دیا گیا ہے۔ اس سے اگلے مرحلے میں جانے کے لیے کھلاڑیوں کو 30 میچز جیتنا لازمی ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں