ویلیو ایڈیشن۔۔مہر ساجد شاد

آپ نے لچھے (شوگر کاٹن ) سے بنی کئی طرح کی چیزیں بیچے لوگ دیکھے ہونگے اور یقینا کبھی نہ کبھی انہیں کھایا بھی ہو گا۔ اس کو بنانے کا عمل بھی آپ نے دیکھا ہوگا، چینی کو ایک گھومتے ہوئے کپ میں ڈال کر اس کپ کو اتنا گرم کیا جائے کہ چینی پگھل جائے تو یہ میٹھا مائع اس کپ کے اطراف بنے سوراخوں سے باہر نکلتا ہے اور فورا باریک تاروں کی صورت میں ٹھنڈا ہو کر جم جاتا ہے، یہ روئی جیسا لچھا (شوگر کاٹن) ہے۔ کبھی آپ نے غور کیا کہ ایک کلو چینی سے یہ محنت کش کتنا لچھا (شوگر کاٹن ) بناتا ہے اور اس سے یہ بنی اشیاء کی معمولی قیمت پر بھی اس میں کتنا منافع ہے۔ یہ چینی کی ویلیو ایڈیشن کی بہترین مثال ہے۔
انسان زندگی میں جو کام کاروبار بھی کرتا ہے اس میں اچھے منافع کیلئے بنیادی فلسفہ ویلیو ایڈیشن کو اپنا مقصد بنا کر ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
خواتین و حضرات !
اللہ رب العالمین خالق کائنات ہے یوں تو ہر چیز اسکی کارگری کا نمونہ ہے لیکن انسان کا اپنا وجود اللہ رب قادر کی طرف سے ویلیو ایڈیشن کی سب سے بڑی مثال ہے۔
انسانی وجود کے تجزئیے سے پتہ چلا کہ اس میں 12عناصر ہیں جن کو ملا کر آدمی کا جسم بنایا گیا ہے، نائٹروجن، کاربن، فاسفورس، گندھک، کیلشیم، میگنیشیم، پوٹاشیم، سوڈیم، کلورین، آئرن جبکہ آکسجن اور ہائیڈروجن کے بڑے حصے سے بنا پانی اس جسم کا تقریباً 63فیصد ہے، اس کے علاوہ تین عناصر ایسے ہیں جن کی اس انسانی جسم کو مسلسل ضرورت رہتی ہے یعنی آیوڈین، میگنیز اور تانبا۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ ان تمام عناصر کی انسانی جسم میں موجود مقدار کی قیمت نکالی گئی تو یہ زیادہ سے زیادہ 25سوئس فرانک یعنی پاکستانی کوئی 4100 روپے بنی۔ آج دنیا بھر کے سائنسدانوں کو چیلنج ہے خالق کائنات کی اس تخلیق کے مقابلے میں 25فرانک سے کوئی ادنی سی چیز بھی بنا کر دیکھائیں یقینا ناممکن ہے ، لیکن اس سے یہ واضع پیغام مل گیا کہ ساری محنت اور ساری توجہ ویلیو ایڈیشن پر لگانے کی ضرورت ہے۔
دنیا میں انسانی ضروریات کیلئے معمولی اشیاء میں ویلیو ایڈیشن صرف بنانے والے کو منافع ہی نہیں دیتی بلکہ اکثر انسانوں کیلئے آسانیاں لاتی ہے۔ لکڑی کے ٹکرے کو گول کاٹ کر جس نے پہیہ بنایا اس نے اپنے وقت میں یقینا منافع بھی کمایا لیکن سوچیں یہ ویلیو ایڈیشن نوع انسانی کو کیسی آسانیاں دے رہی ہے۔
خواتین وحضرات !
اللہ رب رحیم ہمیں بار بار جگہ جگہ مواقع دیتا ہے کہ ہم اپنی اپنی آخرت کیلئے بھی اپنی کوششوں کی ویلیو ایڈیشن کر لیں۔ آج انسان پریشان ہے کیونکہ وہ بھول بیٹھا ہے کہ اللہ رب العزت کا زکر دلوں کو اطمینان دیتا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا : جب بھی لوگ اللہ تعالیٰ کے ذکر کے لئے بیٹھتے ہیں انہیں فرشتے ڈھانپ لیتے ہیں اور رحمت انہیں اپنی آغوش میں لے لیتی ہے اور ان پر سکینہ (سکون و طمانیت) کا نزول ہوتا ہے اللہ تعالیٰ ان کا ذکر اپنی بارگاہ کے حاضرین میں کرتا ہے۔
اور یہ بھی کیسا کمال فضل ہے کہ نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک بار درود پاک پڑھنے سے اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے ، اس کے دس گناہ مٹا دیتا ہے اور اس کے دس درجات بلند کردیتا ہے۔
خواتین و حضرات !
رمضان المبارک کی آمد ہے یہ اللہ رب کریم کی طرف سے ایسی سالانہ لوٹ سیل جس کا مقابلہ کہیں نہیں، تھوڑے سے عمل کا اتنا بڑا بدلہ کہ گمان میں بھی نہ آ سکے، نیکیوں پر اتنا اجر کہ گنتی لاچار نظر آئے تو تیاری کر لیں اس ماہ مبارک میں اپنے کھاتے میں موجود کمی کوتاہی دور کر لیں۔
لیکن یاد رکھیں ان سب عبادات کا اجر اسی وقت فائدہ دے سکے گا جب ہمارے نامہ اعمال میں حقوق العباد کی کوتاہیاں نہ ہونگی انسانوں کے حقوق ادا کئے بغیر نیکیوں کی ویلیو اڈیشن ہمارے کھاتے میں منتقل نہیں ہو سکے گی۔
#مہرساجدشاد

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply