• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • لاہور ہائی کورٹ کی اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایت

لاہور ہائی کورٹ کی اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایت

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن نے اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات جلد نمٹانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت دی ہے۔
جسٹس جواد حسن کی زیر صدارت اوورسیز پاکستانی سیل کا اجلاس جمعے کو منعقد ہوا جس میں سمندر پار پاکستانیوں کے پنجاب کی عدالتوں میں زیرِ التواء مقدمات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق ایکٹ پر بات کرتے ہوئے جسٹس جواد حسن نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کو نمٹانا اولین ترجیح ہے۔
جسٹس جواد حسن نے کہا کہ ’اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی ہمارا مقصد ہے۔‘
جسٹس جواد حسن نے کہا کہ جوڈیشل افسران کو اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کے حوالے سے ٹریننگ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے ہائی کورٹ اوورسیز پاکستانی سیل کو ہدایات دی کہ تمام ریکارڈ کو بہتر بنایا جائے اور سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں اور شکایات کو فوری حل کیا جائے۔
جسٹس جواد حسن نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے اوورسیز پاکستانی سیل اور پنجاب اوورسیز پاکستانی کمیشن کے مابین تعاون کو مزید بہتر بنایا جائے گا، اور سمندر ہار پاکستانیوں کے مسائل جاننے کےلئے جلد بیرون ممالک دوروں کا بھی دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔
جسٹس جواد حسن نے ہدایت کی کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مقدمات کے لیے سپیشل کورٹس آرڈیننس اور ایکٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کی غرض سے کمیٹی بنائی جائے۔
کمیٹی سپیشل اوورسیز کورٹس آرڈیننس کا بھی جائزہ لے گی کہ کوئی سیکشن آئین کے متصادم نہ ہو، جبکہ اوورسیز پاکستانی کی تعریف اور پیرامیٹرز پر لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری فیصلے کو مدنظر رکھا جائے گا۔
جسٹس جواد حسن نے ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کو ہدایت دی کہ جوڈیشل افسران کو اوورسیز مقدمات پر ٹریننگ کے لیے اکیڈمی مناسب اقدامات کرے اور آن لائن تربیتی ورکشاپس کو جلد شروع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن ورکشاپس میں اوورسیز مقدمات کے فریقین کو بھی بلایا جائے تاکہ عدالتوں میں درپیش مسائل سے آگاہ کرسکیں۔
اجلاس میں وائس چیئرمین پنجاب اوورسیز پاکستانی کمیشن وسیم اختر رامے سمیت دیگر متعلقہ عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply