عورت مارچ،یہ”معاملہ” کوئی اورہے۔۔سید عمران علی شاہ

ہر سال 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین، نہایت جوش خروش سے منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا اصل مقصد، دنیا کی تمام خواتین کی کاوشوں کو سراہنے کے ساتھ ساتھ ان کو خراج تحسین پیش کرنا بھی ہوتا، اور سب سے بڑھ کر یہ کہ، خواتین کو درپیش مشکلات اور مسائل کے حل کے لیے معاشرے کے تمام طبقات اپنی آواز بلند کرتے ہوئے نظر آتے ہیں،
لیکن گزشتہ چند سالوں میں، پاکستان عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اس اہم دن کو ،ایک خاص طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنے مذموم مقاصد کے پیشِ “عورت مارچ”کی صورت اسے متنازع  بنانے پر آمادہ ہیں،اس مارچ کا مقصد قطعی طور پر خواتین کی بہبود یا ان کے حقوق کی ترجمانی نہیں ہے،عورت مارچ کے نام پر اس اہم  دن کی آڑ لے کر اس قدر تکلیف دہ حرکت کی کہ اس سے سب  سے زیادہ تکلیف خود خواتین کو ہوئی، اس نام نہاد عورت مارچ کی شرکاء خواتین نے بینرز اور پلے کارڈز پر جس طرح کے بیہودہ نعرے تحریر کیے ہوئے تھے کہ جن کو تحریر کرنے کی جرات بھی کرنا میری استطاعت سے باہر ہے، ان سے کوئی بھی ذی شعور انسان سمجھ سکتا تھا کہ یہ خواتین کے حقوق کا ایجنڈا نہیں ہے بلکہ ان کے وقار کو تباہ کرنے کا ایجنڈا لے کر فنڈنگ کے ذریعے سے ہمارے خاندانی نظام کو نہ صرف تباہ کرنے کی سازش لے کر آئی ہیں بلکہ یہ تو آنے والی نسل کو بھی گمراہ کرنے کے در پہ ہیں۔

آئین پاکستان میں خواتین کو تمام حقوق دیئے ہوئے ہیں تو پھر وہ کون سے حقوق ہیں جو یہ چند خواتین کہ جن کا عام خواتین کے مسائل اور ان کی تکالیف  کا نہ  تو کوئی ادراک ہے اور نہ ہی کوئی آگاہی ہے، یہ کونسی برابری چاہتی ہیں؟، ان کا  ایک ایک نعرہ نا صرف متنازع  ہے بلکہ معاشرے کے منہ پر زوردار تھپڑ ہے یہی وہ مفاد پرست ٹولہ ہے کہ جس نے لوگوں کی بہبود کرنے والی فلاحی تنظیموں NGOs  کو گالی بنا دیا ہے ،پاکستان میں اس طرح کی چند ایک ہی NGOs ایسی ہیں جو کہ باقاعدہ ہماری معاشرتی اقدار کو نیست و نابود کرنے پر تلی ہوئی ہیں، خواتین کی آزادی کے نام پر یہ نا صرف ہمارے معاشرتی ڈھانچے کو تباہ کرنا چاہ رہی ہیں بلکہ شادی اور نکاح جیسے پاکیزہ رشتے کو بھی نقصان پہنچانا چاہ رہی ہیں، اپر کلاس کی ان چند خواتین کا مقصد قطعی طور پر خواتین کی بھلائی نہیں ہے۔

اس سال کے عورت مارچ  میں ان کے  عزائم مزید کھل کر سامنے آئے ہیں، اس نام نہاد عورت مارچ میں شریک اکثر لوگوں کے پاس نہ کوئی منطق موجود تھی نہ ہی وہ اس کے مقاصد کا دفاع کر پارہے تھے، اس مارچ کے آرگنائزرز کو اپنے ایک ایک نعرے کی تشریح کرنے کے لیے ہزاروں توجیہات دینی پڑ رہی تھیں۔

اس بار تو اس مارچ میں اخلاقی و دینی اقدار کی دھجیاں بکھیر دی گئیں۔۔
وہ واضح  طور پر ہم جنس پرستی جیسی لعنت کا قانونی تحفظ دینے کے حق میں دلائل دیتے نظر آرہے تھے، اور سب سے بڑھ کر یہ کہ وہ آیات قرآنی کی تشریح و ترجمہ کا استعمال اپنی    ناقص منطق کے لیے کرتے نظر آئے۔

اس نام نہاد عورت مارچ میں چند اہم مطالبات ایسے کیے گئے جن کا خواتین کے حقوق سے کوئی واسطہ ہی نہیں تھا، جن میں سے کچھ مطالبات یہ ہیں
1 -ملک میں یکساں تعلیمی نصاب نہیں ہونا چاہیے۔
2 -پاکستان میں زناء بالجبر اور زیادتی کے مجرموں کی سزائے موت کو ہمیشہ کے لیے ختم کردیا جانا چاہیے۔
3 -بلوچستان اور فاٹا کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کیے جانے والے تمام آپریشنز فوری طور پر ختم کیے جائیں۔
4 -زراعت پر ٹیکس کو بڑھایا جائے۔

ان مطالبات میں تو کسی خاص ایجنڈے  کی بُو آرہی ہے۔

سب سے بڑھ کر اہم بات یہ کہ، اس قسم کے عورت مارچ، خواتین کے اصل کو پسِ  پشت ڈال رہے ہیں اور ان کا استحصال کرنے میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، اسی لیے یہ عورت مارچ کا معاملہ کچھ اور ہی ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

اسی وجہ سے خواتین کی اکثریت نے اس نام نہاد عورت مارچ کو مکمّل طور پر ایک معاشرتی ناسور اور خواتین کی بے توقیری قرار دیا ہے اور ہر پلیٹ فارم پر اس کی شدید مذمت بھی کی ہے، اس ملک کی خواتین کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے ان کے لیے ان کا وقار سب سے مقدم ہے، یہ بھی ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ،خواتین کے مؤثر کردار کے بغیر معاشی اور معاشرتی ترقی کا حصول ناممکن ہے۔

Facebook Comments

سید عمران علی شاہ
سید عمران علی شاہ نام - سید عمران علی شاہ سکونت- لیہ, پاکستان تعلیم: MBA, MA International Relations, B.Ed, M.A Special Education شعبہ-ڈویلپمنٹ سیکٹر, NGOs شاعری ,کالم نگاری، مضمون نگاری، موسیقی سے گہرا لگاؤ ہے، گذشتہ 8 سال سے، مختلف قومی و علاقائی اخبارات روزنامہ نظام اسلام آباد، روزنامہ خبریں ملتان، روزنامہ صحافت کوئٹہ،روزنامہ نوائے تھل، روزنامہ شناور ،روزنامہ لیہ ٹو ڈے اور روزنامہ معرکہ میں کالمز اور آرٹیکلز باقاعدگی سے شائع ہو رہے ہیں، اسی طرح سے عالمی شہرت یافتہ ویبسائٹ مکالمہ ڈاٹ کام، ڈیلی اردو کالمز اور ہم سب میں بھی پچھلے کئی سالوں سے ان کے کالمز باقاعدگی سے شائع ہو رہے، بذات خود بھی شعبہ صحافت سے وابستگی ہے، 10 سال ہفت روزہ میری آواز (مظفر گڑھ، ملتان) سے بطور ایڈیٹر وابستہ رہے، اس وقت روزنامہ شناور لیہ کے ایگزیکٹو ایڈیٹر ہیں اور ہفت روزہ اعجازِ قلم لیہ کے چیف ایڈیٹر ہیں، مختلف اداروں میں بطور وزیٹنگ فیکلٹی ممبر ماسٹرز کی سطح کے طلباء و طالبات کو تعلیم بھی دیتے ہیں

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply